اہم عالمی خبریں | 26.03.2017

[pullquote]بنگلہ دیش میں کمانڈو ایکشن، دو مشتبہ شدت پسند ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش کے کمانڈوز نے اتوار کے دن ایک کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ انتہا پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی سلہٹ میں اسلامی شدت پسندوں کے ایک ٹھکانے کے قریب کی گئی۔ گزشتہ روز اسی شہر میں ان انتہا پسندوں کی طرف سے کیے گئے بم حملوں کی وجہ سے چھ افراد مارے گئے تھے۔ اس خونریز کارروائی کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔ اعلیٰ فوجی اہلکار فخر الحسن کے مطابق کمانڈوز کی فائرنگ کے باعث ایک شدت پسند کی خود کش جیکٹ بھی پھٹ گئی۔ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے لیکن بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق ایک مقامی انتہا پسند گروہ سے تھا۔

[pullquote]بیرن میں ایردوآن مخالف مظاہرہ، ترکی نے سوئس سفیر کو طلب کر لیا[/pullquote]

سوئس شہر بیرن میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف ہونے والے ایک مظاہرے کے بعد ترک وزارت خارجہ نے انقرہ میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو طلب کر لیا۔ وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بیرن میں ہوئے اس مظاہرے میں دہشت گردوں کے حامیوں نے ایردوآن کے خلاف مظاہرے کیے جس پر سوئس سفیر سے احتجاج کیا گیا ہے۔ ترک حکام نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ اس مظاہرے کا اہتمام کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سوئٹزرلینڈ میں اس طرح کا اجتماع دوبارہ منعقد نہ ہو سکے۔

[pullquote]بھارت، مذہبی فسادات میں کم از کم ایک ہلاک متعدد زخمی[/pullquote]

بھارتی ریاست گجرات میں ہندو مسلم فسادات کے دوران کم از کم ایک شخص ہلاک جب کہ دیگر 14 زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پانچ ہزار ہندوؤں نے ایک مسلم رہائشی علاقے پر حملہ کیا اور وہاں درجنوں مکانات نذر آتش کر دیے۔ پتن ضلعے کے ایک گاؤں میں ہفتے کے روز یہ فسادات اس وقت شروع ہوئے جب ہندو طلبہ کی جانب سے مسلمان طلبہ پر بدتمیزی کا الزام عائد کیا گیا۔ مسلم برادری کے ارکان نے بھی اس دوران پتھراؤ کیا جب کہ پولیس کو ان فسادات کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ گجرات میں اس سے قبل بھی مذہبی فسادات سینکڑوں افراد کی جان لے چکے ہیں۔

[pullquote]مہاجرین کی کشتی کا حادثہ، مصر میں چھپن افراد کو سزائے قید[/pullquote]

مصر کی ایک عدالت نے آج ایسے چھپن مجرمان کو سزائیں سنا دی ہیں، جو گزشتہ برس مہاجرین کی ایک غیرقانونی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں ملوث قرار دیے گئے تھے۔ اس کشتی میں سینکڑوں مہاجرین سوار تھے، جن میں سے کم از کم دو سو دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مقامی میڈیا نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان مجرموں پر قتل اور فراڈ کے الزامات ثابت ہو گئے تھے۔ رشید شہر کی ایک عدالت نے انہیں دو تا تیرہ برس تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس مقدمے میں ایک شخص کو بری بھی کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں اس کشتی کو اس وقت حادثہ پیش آیا تھا، جب یہ اٹلی کی طرف روانہ تھی۔

[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی گرفتار کر لیے گئے[/pullquote]

ماسکو میں اجازت کے بغیر منعقد کی گئی ایک ریلی میں شرکت کرنے پر روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آج بروز اتوار اپنے ایک ٹوئٹ میں ناوالنی نے کہا کہ انہیں اور ان کے سو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ ناوالنی کو اس وقت فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا، جب وہ اس ریلی میں شرکت کی خاطر وسطی ماسکو پہنچے۔ حکام نے روسی صدر کے سخت ناقد ناوالنی کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس غیرقانونی ریلی میں شریک نہ ہوں۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں بدعنوانی کے خلاف منعقد کی گئی اس ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

[pullquote]امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کا اہم کمانڈر مارا گیا، حکام[/pullquote]

امریکی فوج نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اس مہینے مشرقی افغانستان میں ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کا عسکری کمانڈر قاری یاسین دیگر 19 عسکریت پسندوں کے ساتھ مارا گیا۔ یہ شدت پسند ہمسایہ ملک پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ امریکی وزیردفاع جم میٹیس کے ایک بیان کے مطابق قاری یاسین کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام کو بدنام کرنے والے اور دانستہ طور پر عام افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انصاف سے بچ نہیں سکتے۔ قاری یاسین پر 20 ستمبر 2008 کو اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ ساز ہونے کا الزام تھا۔ اس واقعے میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔

[pullquote]ایران نے پندرہ امریکی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

ایران نے 15 امریکی کمپنیوں پر اسرائیل کے ساتھ تعاون، دہشت گردی اور خطے کے عدم استحکامات کے الزامات کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کے ساتھ کوئی بھی ایرانی کمپنی کسی قسم کا معاہدہ نہیں کر پائے گی اور ان کمپنیوں سے وابستہ افراد کو ملکی ویزا بھی نہیں دیا جائے گا۔ تہران حکومت کے اس اقدام کو فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی میزائل تجربے کے بعد درجنوں ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]اوہائیو نائٹ کلب میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست اوہائیو میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کم از کم دو مسلح افراد نے وہاں موجود پندرہ افراد کو گولیوں سے نشانہ بنایا، جن میں سے ایک ہلاک ہو گیا۔ سِنسناٹی شہر میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق فی الحال اس حملے کے اسباب معلوم نہیں ہوئے ہیں، تاہم اس واقعے میں دہشت گردی کا اشارہ نہیں ملا ہے۔

[pullquote]امریکی حمایت یافتہ شامی باغیوں کی ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف پیش قدمی[/pullquote]

ایک کرد اور ایک شامی عرب باغی گروپ نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے ایک قصبے کا قبضہ چھڑا لیا ہے۔ یہ دونوں ملیشیا گروپ امریکی حمایت یافتہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ باغی گروپ اب داعش کے مضبوط ٹھکانے رقہ پر چڑھائی کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک باغی گروپ نے رقہ کے شمالی حصے کے قریب ڈیرے ڈال چکا ہے، جب کہ کہا جا رہا ہے کہ اپریل کے اوائل میں رقہ پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکی حمایت یافتہ دوسرا عسکری گروپ رقہ کے مشرق میں پہنچ چکا ہے۔

[pullquote]چینی وزیراعظم آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ پہنچ گئے[/pullquote]

چینی وزیراعظم لی کیچیانگ دورہء آسٹریلیا مکمل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے ہم منصب بل انگلش سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اپنے اس دورے میں لی کیچیانگ دونوں ممالک کے درمیان آزادنہ تجارت کے فروغ پر بات کریں گے۔ اتوار کے روز لی کیچیانگ ویلنگٹن پہنچے تو نیوزی لینڈ کے وزیراعظم بل انگلش ان کے استقبال کے لیے آئے۔ بتایا گیا ہے کہ چینی وزیراعظم بدھ کے روز تک نیوزی لینڈ میں قیام کریں گے۔ اپنے دورہء آسٹریلیا میں لی کیچیانگ نے کہا تھا کہ ان کا ملک اقتصادی تعلقات میں وسعت کا خواہش مند ہے۔

[pullquote]بلغاریہ میں انتخابات، سوشلسٹ پرامید[/pullquote]

بلغاریہ کے شہری اتوار کے روز منعقدہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ گزشتہ دو مرتبہ قدامت پسند جماعت کی حکومت کے بعد روس کے قریب سمجھے جانے والی سوشلسٹ جماعت اقتدار حاصل کرنے کے لیے پرامید ہے۔ یورپ کے اس سب سے غریب ملک، جہاں اوسط ماہانہ آمدن پانچ سو یورو ہے، قوم پرست بھی ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ حکمران جماعت اور سوشلسٹ قریب تیس تیس فیصد ووٹوں کے حصول میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]مغربی جرمن ریاست میں انتخابات، میرکل کا امتحان[/pullquote]

جرمن ریاست زارلینڈ میں اتوار کے روز علاقائی انتخابات میں عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ ان انتخابات کو چانسلر انگیلا میرکل کے لیے ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یہ اشارے مل پائیں گے کہ آیا وہ چوتھی مرتبہ چانسلر بن پائیں گی یا نہیں۔ رواں برس 24 ستمبر کو جرمنی میں عام انتخابات ہونا ہیں اور اس سے قبل تین ریاستوں میں الیکشن منعقد ہو رہے ہیں، جن میں سے ایک زارلینڈ ہے۔ ان انتخابات سے جرمن ووٹروں کے عمومی رجحان کا پتا چلے گا۔ زارلینڈ کے صوبائی انتخابات کو سوشلسٹ جماعت کے نئے رہنما مارٹن شُلز کے لیے بھی ایک بڑا امتحان سمجھا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے