’بولی وڈ میں تین خانز کے علاوہ بھی کافی ٹیلنٹ ہے‘

بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان ہندوستانی میڈیا سے کافی مایوس ہیں جس کی وجہ ہر بار صرف تین خانز (شاہ رخ، سلمان اور عامر) کو ہی اسٹار سلیبرٹیز میں شمار کرنا ہے۔

ہندوستانی مڈیا رپورٹ کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم ’سیکرٹ سُپر اسٹار‘ کی لانچ کے موقع پر میڈیا سے بات کی۔

اس موقع پر اداکار کا کہنا تھا کہ ’یہ میڈیا کی زیادتی ہے کہ وہ صرف تین خانز کی بات کرتے ہیں جن میں شاہ رخ، سلمان اور میں شامل ہوں، یہاں اور بہت سے باصلاحیت اداکار موجود ہیں، جو ہندی فلم انڈسٹری کے لیے بہترین کام کررہے ہیں‘۔

عامر خان نے ہندی فلم سینما میں شائقین کی بدلتی ہوئی پسند کے حوالے سے کہا کہ ’اب فلم کا اسکرپٹ اسٹارز سے زیادہ اہم ہے، لیکن ہر فنکار کی زندگی میں اچھے بُرے لمحات آتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم سب اپنا بہترین کام دینے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ لوگ اسے پسند کریں، کبھی کبھار فلم ناکام ہوجاتی ہیں اور کبھی کامیاب، تاہم ہمیں وہی کرتے رہنا چاہیے جس پر ہمیں بھروسہ ہے‘۔

عامر خان نے میڈیا کی رپورٹس پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جب بھی میڈیا اسٹارز کی بات کرتا ہے تو یہ غلط ہے کہ صرف تین خانز کا ہی شمار کیا جائے، میرے خیال سے بہت سے ٹیلنٹڈ اسٹارز موجود ہیں جنہیں بڑی تعداد میں لوگ فالو کرتے ہیں، اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کھتا کو سب کافی پسند کررہے ہیں‘۔

خیال رہے کہ عامر خان کی فلم ’سیکرٹ سُپر اسٹار‘ رواں سال اکتوبر میں دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، جس میں زائرہ وسیم مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

فلم کی کہانی ایک 14 سالہ لڑکی کے گلوکارہ بننے اور خاندان کی جانب سے اسے موسیقی سے دور رکھنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں کے ارد گرد گھومتی ہے۔

یہ فلم اجے دیوگن کی کامیڈی فلم ’گول مال اگین‘ کے مدمقابل ریلیز ہورہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے