ممبئی: بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اپنی اگلی فلم میں رنویر سنگھ کی دلہن بنیں گی۔
بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے علیحدگی کے بعد کترینہ کیف کی قسمت کھل گئی ہے انہیں ایک کے بعد ایک فلم کی آفر ہورہی ہے، کترینہ ان دنوں سلمان خان کے ساتھ فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہونے کے ساتھ ہدایت کار آنند لال رائے کی فلم میں بھی شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کردا ادا کررہی ہیں اور اب انہیں رنویر سنگھ کے ساتھ فلم کی پیشکش ہوئی ہے جس میں وہ رنویر سنگھ کی بیوی کا کردار نبھائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار کبیر خان بھارتی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق کپتان کپل دیو کی سوانح حیات پر فلم بنارہے ہیں، فلم میں کپل دیو کے مرکزی کردار کے لیے رنویر سنگھ کو کاسٹ کیا گیا ہے جب کہ ان کی اہلیہ رومی دیو کے کردار کےلیے کترینہ کیف کا نام لیا جارہا ہے، 1983 میں کپل دیو کی قیادت میں بھارت نے ورلڈ کپ جیتا تھا اس کے علاوہ بھی ان کی زندگی کے کئی دلچسپ پہلو ہیں جنہیں کبیر خان کہانی میں ڈھال کر پردہ اسکرین پر پیش کریں گے۔
دوسری جانب کترینہ کیف کبیر خان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں، دونوں ایک ساتھ کئی پروجیکٹس میں کام کرچکے ہیں جن میں ’’نیویارک‘‘ ، ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘اور’’فینٹم‘‘ شامل ہیں، کبیر اور کترینہ اس وقت فلم ایک تھا ٹائیگر کے سیکوئل’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں جس میں سلمان خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے لیے کترینہ کے علاوہ دو نئی اداکاراؤں کے نام بھی زیرغور ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ فلم میں رومی کے کردار کے لیے کترینہ کیف مضبوط امیدوار ہیں اور کبیر خان انہیں ہی فلم میں کاسٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف اور رنویر سنگھ نے ابھی تک ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے لہٰذا مداح دونوں کی جوڑی کو ایک ساتھ دیکھنے کے لئے بے چین ہیں۔