[pullquote]بھارت نے اپنا 100 واں سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا[/pullquote]
بھارت نے اپنا 100واں سیٹلائٹ خلا کی جانب روانہ کر دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ جمعے کے دن چھوٹی ساخت کے کُل اکتیس سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گئے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کے تابناک مستقبل کی نشانی ہے۔ مودی کی کوشش ہے کہ ملکی خلائی پروگرام کو مزید وسعت دی جائے، جس کے لیے مختص بجٹ میں اضافہ بھی زیر غور ہے۔ فی الحال بھارتی خلائی پروگرام پر سالانہ چار بلین ڈالر کے برابر رقوم خرچ کی جاتی ہیں۔
[pullquote]جنوبی کوریا میں طبی غلفت سے چار نوزائیدہ بچے ہلاک، پولیس[/pullquote]
جنوبی کوریا کے ایک ہسپتال میں حفظان صحت کے ناقص انتظامات کے باعث چار نوازئیدہ بچے ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے جمعے کے دن بتایا کہ یہ ہلاکتیں گزشتہ ماہ انتہائی نگہداشت کے ایک یونٹ میں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ غلفت برتنے پر اس ہسپتال کے عملے کے پانچ ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جنوبی کوریا میں اس طرح کے واقعات انتہائی کم رونما ہوتے ہیں کیونکہ یہ ملک طبی ٹیکنالوجی میں بہت ترقی یافتہ ہے اور وہاں علاج کرانے کی غرض سے ہر سال ہزاروں افراد جاتے ہیں۔
[pullquote]بنگلہ دیش میں تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو گولی مار دی گئی[/pullquote]
بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں پولیس نے تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو گولی مار دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ریپڈ ایکشن بٹالین نامی فورس کے سربراہ بےنظیر احمد نے بتایا کہ اس واقعے میں سکیورٹی اہلکاروں نے ڈھاکا میں ایک عمارت میں موجود ان شدت پسندوں کا محاصرہ کر لیا تھا، اور یہ خونریزی اس محاصرے کے بعد شروع ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ہوئی۔ یہ جگہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دفتر سے دور نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد حکام نے اس مکان سے تینوں عسکریت پسندوں کی لاشوں کے علاوہ متعدد ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔
[pullquote]’سلامتی کونسل کی ٹیم افغانستان کا دورہ کرے گی‘[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل افغانستان میں ایک خصوصی ٹیم روانہ کرنے پر غور کر رہی ہے، جو اس شورش زدہ ملک کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لے گی۔ اقوام متحدہ میں قزاقستان کے سفیر کائرت عمروف نے کہا ہے کہ یوں افغانستان میں قیام امن کے لیے نئی حکمت عملی ترتیب دینے میں بھی مدد ملے گی۔ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی ٹیم افغانستان کا دورہ کب کرے گی؟ اگر ایسی کوئی ٹیم اس جنگ زدہ ملک کا دورہ کرتی ہے تو یہ گزشتہ سات برسوں بعد سلامتی کونسل کی کسی ٹیم کا پہلا دورہ افغانستان ہو گا۔ عمروف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن اور پائیدار ترقی کی خاطر زیادہ جامع اور مربوط کوشش کی ضرورت ہے۔
[pullquote]ایرانی جوہری ڈیل کا احترام کیا جانا چاہیے، ماکروں کا ٹرمپ کو پیغام[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے عالمی جوہری معاہدے کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ماکروں نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے کہا کہ یہ ڈیل اہم ہے اور اسے حتمی شکل دینے والے تمام ممالک کو اس پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ امریکی صدر دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس تاریخی ڈیل کی کھل کر مخالفت کرتے ہیں اور اندیشہ ہے کہ واشنگٹن حکومت اس معاہدے سے دستبردار بھی ہو سکتی ہے۔ اس ڈیل کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیوں کو محدود کیا جبکہ اس پر عائد عالمی اقتصادی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی تھی۔
[pullquote]جرمن سیاسی بحران ختم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا قدامت پسند سیاسی اتحاد اور مرکزی اپوزیشن سوشل ڈیموکریٹک پارٹی مخلوط حکومت سازی کی خاطر باقاعدہ مذاکرات کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس تناظر میں اصولی موقف پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس پیشرفت سے توقع ہے کہ جرمنی کے سیاسی بحران کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ گزشتہ برس چوبیس ستمبر کے پارلیمانی الیکشن میں میرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین اور اس کی ہم خیال کرسچین سوشل یونین قطعی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی تھیں۔ اسی لیے اب صرف ایک مخلوط حکومت ہی قائم ہو سکتی ہے، جس کے لیے میرکل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
[pullquote]امریکی صدر کا امیگریشن اصلاحات سے متعلق متنازعہ بیان[/pullquote]
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں امیگریشن اصلاحات پر مبینہ طور پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے امریکی قانون سازوں کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ امریکا ’گندے ممالک‘ سے آنے والوں لوگوں کو اپنے ہاں قبول کیوں کرے؟ ان کا اشارہ مبینہ طور پر ہیٹی، ایل سلواڈور اور افریقی ممالک کی طرف تھا۔ وائٹ ہاؤس نے اس بیان کو مسترد نہیں کیا اور نہ ہی امریکا کے تمام میڈٰیا اداروں نے اسے رپورٹ کیا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو امریکا سے نکال دینا چاہیے۔ اس بیان پر امریکا میں کئی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]بھارتی سپریم کورٹ کے جج ہی سپریم کورٹ سے غیر مطمئن[/pullquote]
بھارتی سپریم کورٹ کے چار ججوں نے ملک کی اس اعلیٰ ترین عدالت کی انتظامیہ اور چیف جسٹس پر شدید تنقید کی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے چار حاضر سروس ججوں نے ملک کی اسی اعلیٰ ترین عدالت کی انتظامیہ اور چیف جسٹس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین سپریم کورٹ کے انتظامی امور ’درست نہیں ہیں‘، جو ملک میں جمہوریت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔ ان چاروں ججوں نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے انتظامی معاملات ٹھیک نہیں ہیں اور اگر اس قومی ادارے کی ساکھ اور نظم و نسق کے مستقل تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا، تو ملک میں ’جمہوریت بھی زندہ نہیں رہے گی‘۔
[pullquote]جرمنی میں مخلوط حکومت سازی پر اتفاق، یورپی سطح پر خوشی[/pullquote]
یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے جرمنی میں مخلوط حکومت سازی کے لیے ابتدائی مذاکرات کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگیلا میرکل کے قدامت پسند سیاسی اتحاد اور سوشل ڈیموکریٹس کی نئی جرمن حکومت مضبوط یورپ کا باعث بنے گی۔ میرکل نے بھی کہا ہے کہ یہ سیاسی کامیابی یورپ کے لیے بھی ’ایک نیا آغاز‘ ثابت ہو گی۔ فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک نے بھی جرمنی میں سیاسی بحران کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]ٹرمپ نے دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے آئندہ ماہ لندن میں نئے امریکی سفارتخانے کا افتتاح کرنا تھا۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ سابق صدر باراک اوباما کی طرف سے کمیشن کیے گئے اس نئے منصوبے کے مداح نہیں ہیں۔ یہ سفارتخانہ تعمیر کرنے کا فیصلہ اوباما انتظامیہ نے کیا تھا۔ دوسری طرف برطانوی میڈیا کے مطابق دراصل ٹرمپ نے اس دورے کو اس لیے منسوخ کیا ہے کیونکہ انہیں خوف ہے کہ لندن پہنچنے پر ان کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے۔
[pullquote]ڈیڑھ ہزار سے زائد ترک سرکاری ملازمین کو بحال کر دیا گیا[/pullquote]
ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق ترک حکومت نے ایک ہزار آٹھ سو تئیس سرکاری ملازمین کو ان کے عہدوں پر بحال کر دیا ہے۔ سن دو ہزار سولہ میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والے حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ان ملازمین کو معطل کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک ایسا ایپ ڈاؤن لوڈ کیا تھا، جو امریکا میں مقیم ترک مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کی تحریک کی طرف سے پیغام رسانی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاہم گزشتہ سال ہی واضح ہو گیا تھا کہ ہزاروں لوگوں نے اس ایپ کی حقیقت کو جانے بغیر ہی اسے ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔
[pullquote]پوپ فرانسس کا جنوبی امریکی ممالک کا دورہ[/pullquote]
پوپ فرانسس آئندہ ہفتے جنوبی امریکی ممالک کا دورہ کریں گے۔ وہ اپنے اس ہفتے بھر کے دورے کے دوران پہلے چلی جائیں گے، جہاں وہ بدھ کے دن چلی اور ارجنٹائن کے قدیم مقامی باشندوں کے لیے ایک خصوصی دعائیہ تقریب کی قیادت کریں گے۔ متوقع طور پر اس اجتماع میں چار لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ پروگرام کے مطابق بعد میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی رہنما آئندہ جمعرات کے دن پیرو کا دورہ کریں گے۔
[pullquote]فحش وڈیوز شیئر کرنے پر عرب خاتون کو ایک سال قید اور 75لاکھ روپے جرمانہ[/pullquote]
ابو ظبی: متحدہ عرب امارات کی عدالت نے سوشل میڈیا پر فحش ویڈیوز شیئر کرنے کے جرم میں خاتون کو ایک سال قید اور 250.000 درہم (75لاکھ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا سنائی ہے۔اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی کی وفاقی عدالت نے عرب خاتون کو سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد کی تشہیر اور شیئرنگ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اخلاقی اقدار کی پامالی کرنے اور سائبر قوانین کی خلاف ورزی کا مجرم ٹہرایا ہے۔عدالت نے مختلف سماجی ویب سائٹس پر فحش مواد کرنے کی مجرمہ کو 250.000 درہم جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ خاتون پر جرمانے کی رقم پاکستانی کرنسی میں 75 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔