بدھ : 17 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ونلڈ ٹرمپ بالکل تندرست و توانا ہيں، طبی معائنہ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ روز ہونے والے طبی معائنے کے نتائج کے مطابق وہ نفسياتی طور پر بالکل تندرست ہيں اور ان کی صحت کے بارے ميں فکر کی کوئی ضرورت نہيں۔ وائٹ ہاؤس کے معالج ڈاکٹر رونی جيکسن نے منگل کو ’مونٹريال کوگنيٹیو اسسمنٹ‘ نامی يہ طبی معائنہ کيا۔ صدر ٹرمپ نے اس ميں تيس ميں سے تيس نمبر حاصل کيے۔ اس طبی معائنے میں یہ جائزہ لیا جاتا ہے کہ مريض کی دماغی صحت گر تو نہيں رہی يا اس ميں الزائمر جيسے مرض کی ابتدائی علامات کو ظاہر نہيں ہو رہيں۔ ٹيسٹ کے بعد طبی ماہرين نے صدر کی صحت کے حوالے سے اطمينان کا اظہار کيا ہے۔

[pullquote]بھارت متنازع سرحدوں کیلئے 35 ارب روپے کے جدید ہتیھار خریدے گا[/pullquote]

بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق نئی دہلی اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازع زدہ سرحدوں کے لیے 55 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی مالیت کا 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد مختلف اسلحہ خریدے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی وزیر دفاع نرمیلا سیتا رام کی صدارت میں دفاعی حصول کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 35 ارب روپے (یعنی تقریباً 55 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) کی 72 ہزار 4 سو اسالٹ رائفلز اور 93 ہزار 8 سو 95 کاربائنز خریدنے کی منظوری دی گئی۔بھارتی وزارت دفاع سے جاری اعلامیے کے مطابق ان ہتھیاروں کو سرحد پر تعینات افواج کی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے خریدا جا رہا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کی طرف سے يمن کے ليے دو بلين ڈالر کی امداد[/pullquote]

سعودی عرب نے اعلان کيا ہے کہ يمنی صدر اور وزير اعظم کی جانب سے مدد کی اپيلوں کے تناظر ميں دو بلين ڈالر يمن کے مرکزی بينک ميں منتقل کر ديے جائيں گے۔ اس سلسلے ميں شاہ سلمان بن عبدالعزيز نے آج بروز بدھ حکم نامہ جاری کيا۔ سعودی وزارت داخلہ کے بيان کے مطابق يہ مالی امداد ايرانی حمايت يافتہ حوثی باغيوں کی جنگی سرگرميوں کے سبب يمن ميں پيدا ہونے والی ابتر اقتصادی صورت حال سے نمٹنےکے ليے فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد يمن ميں حوثی باغيوں کے خلاف برسرپيکار ہے۔

[pullquote]بيس ملک شمالی کوريا کے خلاف سخت تر اقدامات پر متفق[/pullquote]

تقريباً بيس ملکوں نے شمالی کوريا کے خلاف تازہ اور مزيد سخت پابنديوں پر اتفاق کر ليا ہے۔ يہ پيش رفت کينيڈا کے شہر وينکُوور ميں جاری دو روزہ اجلاس ميں منگل اور بدھ کی درميانی شب ہوئی۔ امريکی وزير خارجہ ريکس ٹلرسن نے اس موقع پر کہا کہ اگر پيونگ يانگ اپنا متنازعہ جوہری و بيلسٹک ميزائل پروگرام ترک نہيں کرتا، تو اس کے خلاف عسکری کارروائی کا امکان موجود ہے۔ يہ دو روزہ اجلاس امريکا اور کينيڈا کی ميزبانی ميں منعقد ہوا اور اس ميں وہ ممالک شريک تھے، جنہوں نے سن 1950 سے سن 1953 کے درميان لڑی جانے والی جنگ ميں جنوبی کوريا کی حمايت کی تھی۔ اس پيش رفت پر فی الحال شمالی کوريا کا رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]امریکا نے فلسطینی پناہ گزینوں کو دی جانیوالی امداد روک لی[/pullquote]

واشنگٹن: امریکا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے کو دی جانے والی اعلان کردہ امداد روک لی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیتھر نارٹ نے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کو دی جانے والی امداد میں سے آدھی رقم روک لی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق فلسطین کو دیے جانے والے 125 ملین ڈالر کے امدادی پیکج میں سے 65 ملین ڈالر امداد روکی گئی ہے جب کہ اضافی امداد میں بھی کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امدادی رقم مستقبل میں غور کیے جانے تک منجمد رہے گی۔

[pullquote]جرمن پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ میں اضافہ[/pullquote]

جرمن پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ ’جی ایس جی نائن‘ کو وسعت دے رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے برلن میں ایک اسپیشل یونٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام جرمنی بھر اور بالخصوص برلن میں دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔ یہ اسکواڈ دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے میں مہارت رکھتا ہے۔ جی ایس جی نائن کے کمانڈر یروم فُخز نے برلن کے سرکاری براڈ کاسٹر آر بی بی کو بتایا ہے کہ یہ اضافہ حالیہ اسکواڈ کے ایک تہائی حصے کے برابر ہو گا۔ انسداد دہشت گردی کے لیے جرمن پولیس کا یہ یونٹ سن 1972 میں ملک کے سابقہ دارالحکومت بون کے قریب زانکٹ آگسٹن میں قائم کیا گیا تھا۔

[pullquote]امريکی سفارت خانہ ایک سال میں تل ابيب سے يروشلم منتقل ہو گا[/pullquote]

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے کہا ہے کہ تل ابيب سے امريکی سفارت خانے کی يروشلم منتقلی کا کام آئندہ ايک برس کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ قبل ازيں يروشلم کو اسرائيلی دارالحکومت تسليم کرنے کے متنازعہ امريکی اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلان کيا گيا تھا کہ سفارت خانے کی منتقلی ميں تين سے چار برس لگ سکتےہيں۔ اسرائيلی وزير اعظم نے يہ بيان بھارت کے دورے پر نئی دہلی سے گجرات کی پرواز کے دوران رپورٹرز سے بات چيت کرتے ہوئے آج بدھ کو ديا۔ دسمبر کے اوائل ميں امريکا نے يکطرفہ طور پر يروشلم کو اسرائيل کا دارالحکومت تسليم کرتے ہوئے اپنے سفارت خانے کی وہاں منتقلی کا اعلان کيا تھا۔

[pullquote]روس کی کابل حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی پيشکش[/pullquote]

روس نے افغان حکومت اور ملک ميں سرگرم طالبان عسکريت پسندوں کے مابين براہ راست امن مذاکرات کی ضرورت پر زور ديا ہے۔ اس بارے ميں بيان روسی وزارت خارجہ نے آج جاری کيا۔ بيان ميں کہا گيا ہے کہ ماسکو حکومت افغانستان ميں خانہ جنگی کے خاتمے کے ليے جلد از جلد امن مذاکرات کا آغاز چاہتی ہے۔ بيان ميں پيشکش کی گئی ہے کہ خطے ميں قيام امن کی خاطر مستقبل ميں ايسے کسی ممکنہ مذاکرات کی ميزبانی روس بھی کر سکتا ہے۔ افغانستان ميں سن 2001 سے امريکا اور نيٹو کے دستے طالبان باغيوں کےخلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہيں۔

[pullquote]تھائی لينڈ کی طرف سے ’اسمارٹ ويزے‘ جاری کرنے کا اعلان[/pullquote]

تھائی لينڈ کی حکومت اونچی آمدنی والے دنيا بھر کے پيشہ ورانہ افراد کے ليے چار چار سال کے ’اسمارٹ ويزے‘ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان ويزوں کا اجراء يکم فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ يہ بات بنکاک حکومت کے ايک اعلی اہلکار نے بتائی۔ اقدام کا مقصد ملکی اقتصاديات ميں ترقی کی رفتار بڑھانا ہے۔ يہ ويزے سائنس، ميڈيکل، اليکٹرانکس، روبوٹکس اور ديگر کئی شعبوں سے منسلک پيشہ وارانہ صلاحيتوں کے حامل افراد کو بنيادی شرائط پوری کرنے پر ديے جائيں گے۔ کم اخراجات کی وجہ سے سالانہ بنيادوں پر لاکھوں افراد تھائی لينڈ کا رخ کرتے ہيں۔ پچھلے سال پينتيس ملين غير ملکی افراد تھائی لينڈ گئے تھے۔

[pullquote]تائيوان ميں زلزلہ، جانی يا مالی نقصان کی اطلاع نہيں[/pullquote]

تائيوان کے دارالحکومت تائی پے ميں آج ريکٹر اسکيل پر 5.7 شدت کا زلزلہ آيا۔ زلزلے کا مرکز شہر سے انيس کلوميٹر مشرق کے فاصلے پر زمين سے 140 کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ عينی شاہدين کے مطابق زلزلے کے سبب کئی عمارات بری طرح ہلنے لگيں۔ تاہم فی الحال کسی جانی يا مالی نقصان کی کوئی حتمی اطلاع موصول نہيں ہوئی ہے۔

[pullquote]برطانيہ کو يورپی يونين ميں رہنے کی ایک بار پھر پيشکش[/pullquote]

يورپی کميشن کے صدر ژاں کلود ينکر نے برطانيہ کو ايک مرتبہ پھر پيشکش کی ہے کہ اگر يہ ملک چاہے، تو يورپی يونين سے اخراج يا بريگزٹ کے عمل کو واپس کيا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اميد ظاہر کی کہ بريگزٹ کی تکميل کے بعد بھی برطانيہ دوبارہ يورپی بلاک کا حصہ بن سکے۔ ينکر نے يہ بيان بدھ کو يورپی پارليمان سے اپنے خطاب ميں ديا۔ يورپی يونين کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے بھی ايک روز قبل يہی کہا تھا۔ برطانيہ ميں داخلی سطح پر پچھلے چند دنوں کے دوران يہ بحث بڑھ گئی ہے کہ آيا اس ملک کو يورپی بلاک سے اخراج کرنا چاہيے يا نہيں۔

[pullquote]جنوبی و شمالی کوریا پہلی مشترکہ اولپمک ٹیم بنانے پر متفق[/pullquote]

جنوبی اور شمالی کوریائی حکومتیں سرمائی اولمپک مقابلے کی افتتاحی تقریب ایک جھنڈے تلے منعقد کرنے اور کھلاڑیوں کی ایک مشترکہ ٹیم بنانے پر متفق ہو گئی ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ اولپمکس کی افتتاحی تقریب کے دوران جوائنٹ مارچ کیا جائے گا۔ سیؤل کی یونیفیکیشن منسٹری کے مطابق دونوں کوریائی ریاستوں کے درمیان یہ معاہدہ گزشتہ روز مذاکرات کے بعد عمل میں آیا۔ تاہم ان اقدامات کا ابھی عالمی اولپمک کمیٹی سے منظور ہونا باقی ہے۔

[pullquote]کيلے کے مہاجرين کے ليے ڈيل کا اعلان کل متوقع[/pullquote]

فرانسيسی صدارتی دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صدر امانوئل ماکروں اور برطانوی وزير اعظم ٹيريزا مے فرانس کے شمالی شہر کيلے ميں موجود مہاجرين کے حوالے سے جمعرات کے روز ايک اہم اعلان کرنے والے ہيں۔ لندن ميں اٹھارہ جنوری کو ايک سمٹ ہو گی، جس ميں يہ اعلان متوقع ہے۔ کيلے ميں سينکڑوں ايسے مہاجرين مقيم ہيں جو برطانيہ ہجرت کے خواہاں ہيں۔ دونوں ملک انگلش چينل ميں سلامتی سے متعلق آپريشن، آمد و رفت کے طريقہ ہائے کار اور کيلے ميں موجود تنہا سفر کرنے والے نابالغ تارکين وطن کے حوالے سے کسی ڈيل کا اعلان کرنے والے ہيں۔ اس ڈيل کی تفصيلات اس وقت بھی طے کی جا رہی ہيں۔

[pullquote]جرمن چانسلر کا دورہ فرانس[/pullquote]

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل جمعے کے روز فرانس کا دورہ کريں گی۔ آئندہ ہفتے جرمنی اور فرانس کی دوستی کے ايک معاہدے کے پچپن سال مکمل ہو رہے ہيں اور اس سلسلے ميں پير کو باقاعدہ تقريبات کا آغاز ہو رہا ہے۔ ميرکل کے دورے کا مقصد يہ ہے کہ اس موقع پر دوستی کے ايک نئے معاہدے کو حتمی شکل دی جائے۔ يہ امر بھی اہم ہے کہ برلن اور پيرس کی حکومتيں، يورپی يونين کو درپيش کئی چيلنجز کے تناظر ميں اس بلاک کو مضبوط تر بنانا چاہتی ہيں۔ يورپی يونين ميں از سر نو تبديلياں يا اصلاحات آئندہ جرمن حکومت کی اولين ترجيحات ميں بھی شامل ہيں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں جمہوریت کے لیے سرگرم کارکن کو سزا[/pullquote]

ہانگ کانگ کی ایک عدالت نے ملک میں جمہوریت کے لیے سرگرم کارکن جوشوا وونگ کو تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ وونگ سن 2014 میں ہانگ کانگ میں جمہوریت کے فروغ کے ليے شروع ہونے والی ’امبریلا موومنٹ‘ کے محرک سمجھے جاتے ہیں۔ ان پر عدالت کے حکم کے برعکس غیر قانونی دھرنا دینے کا الزام تھا۔ وونگ نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا، جس کے بعد انہیں تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ گزشہ برس بھی وونگ کو ایسے ہی الزامات کے تحت چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]نیوزی لینڈ کےباکسر سونی بل ولیمز کا دورہ سعودی عرب، عمرے کی ادائیگی[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے باکسر اور رگبی کھلاڑی سونی بل ولیمز نے رواں ماہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا اور مقدس مقامات کی تصاویر مداحوں سے شیئر کیں۔سونی بل ولیمز واحد مسلم باکسر اور کھلاڑی ہیں جو نیوزی لینڈ کے لیے کھیلتے ہیں۔ وہ انٹرنیشنل ہیوی ویٹ چیمپیئن کے فاتح بھی ہیں اور 2011 اور 2015 میں رگبی ورلڈ کپ بھی جیت چکے ہیں۔انہوں نے 2008 سے قبل اپنی ذاتی زندگی میں خوب نشیب وفراز دیکھے، جس کے بعد 2009 میں سونی بل ولیمز نے اسلام قبول کیا اور دینی تعلیم حاصل کی۔

[pullquote]امریکا میں والدین کا ظلم، زنجیروں میں جکڑے 13 بھوکے بچے بازیاب[/pullquote]

کیلیفورنیا: امریکا میں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر زنجیروں میں جکڑے 13 بچوں کو بازیاب کرالیا جنہیں ان کے والدین نے بستروں سے باندھ رکھا تھا اور بھوکا پیاسا رکھتے تھے۔امریکی میڈیا کے مطابق اس گھریلو قید خانے سے ایک لڑکی فرار ہوکر قریبی تھانے پہنچی اور اس ظلم سے آگاہ کیا۔ پولیس نے کارروائی کرکے تمام بچوں کو رہا کروالیا جو شدید غذائی قلت کا شکار تھے۔پولیس کے مطابق کچھ لڑکے جوان ہونے کے باوجود چھوٹے بچے ہی دکھائی دے رہے تھے کیونکہ سب شدید غذائی قلت کے شکار تھے۔ ان بچوں کی عمریں 2 برس سے 29 برس کے درمیان ہیں۔ 7 بچوں کی عمریں 18 سال سے زائد ہیں اور بقیہ چھوٹے بچے ہیں۔پولیس نے بچوں کے 57 سالہ باپ ڈیوڈ ایلن ٹرپن اور49 سالہ ماں لوئزے اینا ٹرپن کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر بچوں پر تشدد اور برے رویے کے الزامات ہیں ۔ یہ خاندان سال 2011ء میں دیوالیہ ہوگیا تھا اور 5 لاکھ ڈالر کا مقروض ہے والد انجنیئر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے