مودی انسٹاگرام پر مقبول ترین عالمی رہنما بن گئے

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رواں برس انسٹاگرام پر مقبول ترین عالمی رہنما ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس میں کسی نہ کسی حد تک بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر کرکٹر ویرات کوہلی کا بھی ہاتھ ہے؟

ارے ہم مذاق نہیں کر رہے، اس بات میں کافی حد تک سچائی ہے کہ انسٹاگرام پر انوشکا اور ویرات کے ہمراہ تصویر شیئر کرنے کے بعد ہی مودی جی کے فالوورز کی تعداد میں اتنا اضافہ ہوا کہ وہ اس فوٹو شیئرنگ ایپ پر توجہ مرکوز کروانے والے دنیا کے مقبول لیڈر بن گئے۔

عالمی مواصلاتی ایجنسی بی سی ڈبلیو (Burson Cohn & Wolfe) کے ایک سروے کے مطابق انسٹاگرام پر رواں برس کے مقبول ترین لیڈر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہیں۔

سروے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے انوشکا اور ویرات کے ساتھ لی گئی ایک تصویر پوسٹ کی، جس پر 18,34,707 لائکس موصول ہوئے۔

اگرچہ یہ تصویر گذشتہ برس کے بالکل آخر میں پوسٹ کی گئی تھی، لیکن اسی کی بدولت رواں برس نریندر مودی کے فالوورز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے دوران برفیلے پہاڑوں پر لی گئی مودی کی ایک اور تصویر نے بھی صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی، جس پر انہیں 16،36،942 لائکس ملے۔

فی الوقت بھارتی وزیراعظم کے انسٹا فالوورز کی تعداد 14.8 ملین ہے، جس نے انہیں دنیا میں انسٹاگرام کا مقبول ترین لیڈر ثابت کیا ہے۔

اسی سروے کے مطابق دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کے صدر جو کو ودودو ہیں، جن کے فالوورز کی تعداد 12.2 ملین ہے جبکہ 10 ملین فالوورز کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بی سی ڈبلیو کے مطابق گزشتہ برس کے بعد سے عالمی رہنماؤں نے فیس بک کے بجائے انسٹاگرام پر زیادہ تصاویر شیئر کی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے