ہفتہ : 07 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہم جیت کی جانب گامزن ہیں، جوبائیڈن[/pullquote]

ڈيموکريٹک پارٹی کے صدارتی اميدوار جو بائيڈن نے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اس وقت جن چند رياستوں ميں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، وہاں بائيڈن کو اپنے حريف موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔ سابق نائب صدر اور ڈيموکريٹک پارٹی کے صدارتی اميدوار جو بائيڈن نے گزشتہ رات اپنی آبائی رياست ڈيلاويئر ميں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک گنتی کيے گئے ووٹ اور اعداد و شمار صاف ظاہر کرتے ہيں کہ وہ کامياب ہو رہے ہيں۔ سابق نائب صدر نے بتايا کہ انہوں نے اور کملا ہارس نے وائٹ ہاؤس منتقلی کے ليے ماہرين سے ملاقاتيں شروع کر دی ہيں۔ امريکا ميں تين نومبر کو منعقدہ صدارتی اليکشن کے بعد اب تک ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

[pullquote]بيلجيئم: کووِڈ انیس کے ایک ہزار مریض ملک بھر میں تقسیم[/pullquote]

بیلجیم میں کووِڈ انیس کے تقریباﹰ ایک ہزار مریضوں کو اکتوبر کے آغاز سے اب تک ملک میں ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بیلجیم کے ہسپتالوں میں اس وبا سے متاثرہ افراد کے لیے جگہ نہیں بچی ہے۔ اس مک میں پچھلے ہفتے بدھ سے رواں ہفتے منگل تک کورونا وائرس کے یومیہ کیسز بارہ ہزار کے آس پاس رہے ہيں۔ ساڑھے گیارہ ملین آبادی والے اس ملک کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ حکومت نے اس صورت حال میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]نوگوروکاراباخ کے علاقے میں پھر جھڑپیں[/pullquote]

نگوروکاراباخ میں ایک مرتبہ پھر آذربائیجان اور آرمینیا کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز آذربائیجان کی فورسز نے سوشا کے علاقے میں پیش قدمی کی۔ آرمینیا کی فوج کے مطابق گزشتہ تمام شب آذربائیجان کی فوج کی جانب سے سوشا کے علاقے پر بھاری بمباری جاری رہی۔ یہ بات اہم ہے کہ ستمبر کے آخر سے دونوں ملکوں کے درمیان اس متنازعہ علاقے ميں لڑائی جاری ہے، جس میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پچاس ملین کی جانب بڑھتی ہوئی[/pullquote][pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اننچاس ملین سے زائد ہو گئی ہے۔ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں اب بارہ لاکھ اڑتیس ہزار سات سو اکیاون ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اب تک ساڑھے نو ملین سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ پینتیس ہزار اکتیس ہے۔ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر آٹھ اعشاریہ چار ملین سے زائد افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ یہاں ہلاکتیں تقریباﹰ ایک لاکھ پچیس ہزار ہوئی ہیں۔

[pullquote]لیرا کی قدر میں کمی، ایردوآن نے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کر دیا[/pullquote][/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملکی مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کر دیا ہے۔ گورنر مراد اُوئیسال کی برطرفی ممکنہ طور پر حالیہ کچھ عرصے میں ملک میں افراط زر میں نمایاں اضافہ اور لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی کے تناظر میں ہوئی ہے۔ سابق وزیر خزانہ ناجی اقبال کو مرکزی بینک کے گورنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ رواں برس کے آغاز سے اب تک ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ایک تہائی کی کمی ہو چکی ہے۔ اب ڈالر کے مقابلے میں لیرا کی قدر آٹھ اعشاریہ پانچ آٹھ ہو چکی ہے۔ برطرف کیے جانے والے گورنر کو جولائی 2019 میں یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔

[pullquote]چین کا کالعدم قرار شدہ گروپ، دہشت گردی کی امریکی فہرست سے خارج[/pullquote][pullquote]

امریکا نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ ETIM کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے خارج کر دیا گيا ہے۔ چین اس گروپ پر شدید تنقید کرتا ہے اور اسی گروپ سے تعلق کے الزام میں مغربی صوبے سینکیانگ میں مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے جمعے کی شب باقاعدہ طور پر اعلان کيا کہ اس گروہ کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالا جا رہا ہے۔ ایک دہائی سے زائد عرصہ قبل امریکا نے اس گروپ کو بلیک لسٹ کیا تھا۔ امریکی بیان کے مطابق ایسے شواہد نہیں ملے ہیں کہ یہ گروپ وجود رکھتا ہے۔ دوسری جانب چین مختلف مقامات پر پرتشدد واقعات کی ذمہ داری اس گروہ پر عائد کرتا ہے۔

[pullquote]پولیو اور خسرے کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سرمایہ درکار ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پولیو اور خسرے کے خلاف جاری آپریشنز میں سستی پیدا ہوئی ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ان بیماریوں کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کو چھ سو پینسٹھ ملین ڈالر کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال نے ایک ہنگامی اپیل میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے خصوصاﹰ غریب ممالک میں پولیو اور خسرے کے خلاف جاری مہم متاثر ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی اداروں کو پولیو کے انسداد کے لیے چار سو ملین اور خسرے کے انسداد کے لیے دو سو پچپن ملین ڈالر درکار ہیں۔

[pullquote]سابقہ افغان ٹی وی اینکر کابل میں ایک دھماکے میں ہلاک[/pullquote][/pullquote]

ایک سابقہ افغان ٹی وی اینکر ہفتے کی صبح دارالحکومت کابل میں ہوئے ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہيں۔ یما سیواش افغانستان کے ٹولو ٹی وی پر بہ طور میزبان کام کرتے رہے ہیں۔ یما سیواش کی ہلاکت کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ سوایش کی گاڑی کو ایک بم سے نشانہ بنایا گیا۔ فی الحال کسی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ افغانستان میں حالیہ کچھ عرصے میں پرتشدد واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چند روز قبل کابل کی جامعہ میں ہوئے حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]جرمنی میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے[/pullquote][pullquote]

جرمنی کے مختلف شہروں میں اختتام ہفتہ پر کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے خلاف بڑے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مشرقی جرمن شہر لائپزگ میں حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پرتشدد حملوں کی کالز دی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مظاہروں کی کالز انتہائی دائیں اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیموں کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کے تحت لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فقط ضروری افعال کے لیے گھروں سے نکلیں۔

[pullquote]ایتھنز میں دو سو سال میں پہلی مسجد[/pullquote]

یونانی دارالحکومت ایتھنز میں پچھلے دو سو برس میں پہلی مرتبہ جمعے کے روز ایک مسجد کے دروازے کھول دیے گئے۔ ایتھنز میں 1833 کے بعد سرکاری سرمایے سے قائم ہونے والی يہ پہلی مسجد ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ اس وقت پاکستان، شام، افغانستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مہاجرین یونان میں موجود ہیں، تاہم ایتھنز میں کوئی باقاعدہ مسجد موجود نہیں تھی۔ دو سو سال قبل ایتھنز سے سلطنت عثمانیہ کی فوجوں کی پسپائی کے بعد یہاں کوئی مسجد سرکاری سرپرستی میں باقی نہیں بچی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے