اہم عالمی خبریں | 18.03.2021 | 10:02
[pullquote]جرمنی میں نئی کورونا انفیکشنز کی یومیہ تعداد دو ماہ میں سب سے زیادہ[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ روز کورونا وائرس انفیکشن کے مزید ساڑھے سترہ ہزار سے زائد نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ یہ بائیس جنوری سے لے کر اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد اب چھبیس لاکھ بارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں مزید دو سو ستائیس ہلاکتوں کے ساتھ اب کووڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد بھی چوہتر ہزار ایک سو بتیس ہو گئی ہے۔
[pullquote]ہنگری میں سخت لاک ڈاؤن میں نرمی کا کوئی امکان نہیں، حکومتی بیان[/pullquote]
ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے چیف آف سٹاف نے آج جمعرات کے روز کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث نافذ سخت لاک ڈاؤن میں نرمی کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشرقی یورپی ملک کو اس عالمی وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے، جو ممکنہ طور پر رواں ماہ کے آخر تک اپنی انتہا کو پہنچ جائے گی۔ اوربان کے چیف آف سٹاف گُلیاش نے صحافیوں کو بتایا کہ مناسب وقت پر ملکی معیشت کو دوبارہ مرحلہ وار ہی کھولا جائے گا۔
[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما ناوالنی کی ترجمان کی نظر بندی میں توسیع[/pullquote]
روس کی ایک عدالت نے صدر پوٹن کے ناقد اور معروف اپوزیشن رہنما آلیکسی ناوالنی کی خاتون ترجمان کی ان کے گھر پر نظر بندی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ کِیرا یارمِش اب تیئیس جون تک اپنے گھر پر نظر بند رہیں گی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ناوالنی کی جیل میں بندش کے خلاف اس سال کے اوائل میں بلا اجازت اہتمام کردہ ایک مظاہرے میں شرکت کر کے کورونا وائرس کی وبا کے باعث نافذ ضابطوں کی خلاف ورزی کی تھی۔
[pullquote]یورپی میڈیسن ایجنسی کا ایسٹرا زینیکا ویکسین سے متعلق فیصلہ آج[/pullquote]
یورپی یونین کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی یوروپین میڈیسن ایجنسی کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف ایسٹرا زینیکا ویکسین کے اس بلاک میں آئندہ استعمال سے متعلق فیصلہ آج جمعرات کے روز کیا جا رہا ہے۔ اس وائرس سے بچاؤ کے لیے ایسٹرا زینیکا نامی برٹش سویڈش کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی اس یورپی ادارے کی طرف سے باقاعدہ منظوری چند ماہ قبل دے دی گئی تھی۔ اب لیکن کئی رکن ممالک میں اس ویکسین کا استعمال اس کے مبینہ ضمنی اثرات کی وجہ سے معطل کیا جا چکا ہے۔ یورپی میڈیسن ایجنسی کو اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا اس بلاک میں یہ ویکسین آئندہ بھی عام شہریوں کو لگائی جاتی رہے یا اس کا استعمال روک دیا جائے۔
[pullquote]مالدووا کی پارلیمان نے سفارت کار کو نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا[/pullquote]
مالدووا کی قومی پارلیمان نے روس میں مالدووا کے سفیر ولادیمیر گولوواتییُک کو نیا ملکی وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے۔ اس طرح چیسیناؤ میں قومی پارلیمان نے آج جمعرات کے روز اس عہدے کے لیے عملاﹰ ایک متبادل نام بھی پیش کر دیا۔ قبل ازیں مالدووا کی خاتون صدر مائیا ساندُو نے بھی اسی ہفتے ایک دوسری شخصیت کو نیا سربراہ حکومت نامزد کر دیا تھا۔
[pullquote]بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ چھتیس ہزار نئے کیسز[/pullquote]
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشنز کے تقریباﹰ چھتیس ہزار نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ یہ گزشتہ تین ماہ سے بھی زیادہ عرصے کے دوران نئی انفیکشنز کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق نئے کیسز میں سے سب سے زیادہ انتہائی متاثرہ ریاست مہاراشٹر میں رجسٹر کیے گئے، جن کی تعداد پینسٹھ فیصد رہی۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ گیارہ اعشاریہ پانچ ملین ہو گئی ہے اور اس وائرس کی وجہ سے وہاں اب تک ایک لاکھ انسٹھ ہزار دو سو سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
[pullquote]بیلاروس کی اپوزیشن رہنما کا منسک حکومت سے مذاکرات کا مطالبہ[/pullquote]
بحران زدہ مشرقی یورپی ملک بیلاروس میں اپوزیشن کی رہنما سوَیتلانا تِیخانوفسکایا نے منسک حکومت سے مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای اور اقوام متحدہ اس بات چیت میں ثالثی کے لیے تیار ہیں۔ بیلاروس کی اپوزیشن رہنما نے آج جمعرات کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ اور او ایس سی ای دونوں ہی مِنسک حکومت کے ساتھ مکالمت کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنے اور بات چیت میں ثالثی پر آمادہ ہیں۔ تِیخانوفسکایا نے ملکی جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
[pullquote]بائیڈن کے انٹرویو کے بعد روس نے واشنگٹن سے اپنا سفیر واپس بلا لیا[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے کل نشر ہونے والے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر کی گئی شدید تنقید کے بعد ماسکو نے امریکا میں تعینات اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق امریکا میں روسی سفیر اناطولی انٹونوف کو اس لیے واپس بلایا گیا ہے کہ ماسکو اور واشنگٹن کے مستقبل کے دوطرفہ تعلقات کے بارے میں مشورے کیے جا سکیں۔ امریکی صدر بائیڈن نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ روسی صدر پوٹن کو ایک ’قاتل‘ سمجھتے ہیں اور انہیں گزشتہ امریکی صدارتی الیکشن کے نتائج پر سیاسی طور پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کی قیمت چکانا ہو گی۔
[pullquote]تنزانیہ کے صدر ماگُوفُولی اکسٹھ برس کی عمر میں انتقال کر گئے[/pullquote]
تنزانیہ کے صدر جان ماگُوفُولی کا اکسٹھ برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ اس مشرقی افریقی ملک کی خاتون نائب صدر سمعیہ سُولُوہُو حسن نے بتایا کہ مرحوم صدر دل کے مریض تھے اور ان کا انتقال دارالحکومت دارالسلام کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ ماگُوفُولی کافی عرصے سے عوامی منظر نامے پر نہیں دیکھے گئے تھے اور یہ افواہیں بھی تھیں کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔ وہ دو ہزار پندرہ سے تنزانیہ کے صدر چلے آ رہے تھے۔
[pullquote]عالمی اقتصادی ترقی کی شرح اس سال تقریباﹰ پانچ فیصد رہے گی، اقوام متحدہ[/pullquote]
کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ عالمی معیشت میں اس سال ترقی کی شرح چار اعشاریہ سات فیصد رہے گی۔ یہ بات جنیوا میں اقوام متحدہ کی تجارت اور ترقی کی کانفرنس یو این سی ٹی اے ڈی کی طرف سے بتائی گئی۔ اس سے قبل اس ادارے کا اندازہ تھا کہ رواں برس کے دوران عالمی معیشت میں شرح نمو چار اعشاریہ تین فیصد تک رہے گی۔ اس ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا میں اقتصادی بحالی کے عمل میں توقع سے زیادہ بہتری کے آثار بتائے گئے ہیں۔ امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے تازہ ترین اندازوں کے مطابق رواں برس ملکی معیشت میں ترقی کی شرح ساڑھے چھ فیصد تک رہے گی۔
[pullquote]افغان فوجی ہیلی کاپٹر کی تباہی میں نو سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]
افغان فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر کی تباہی کے واقعے میں اس میں سوار نو سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ کابل میں وزارت دفاع نے جمعرات کے روز بتایا کہ یہ واقعہ وسطی افغانستان میں بدھ کو رات گئے پیش آیا۔ میدان وردک نامی صوبے میں اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان اور افغان اسپیشل فورسز کے فوجی شامل ہیں۔ ملکی ایئر فورس اور صوبائی انتظامیہ کے ایک عہدیدار کے مطابق اس ہیلی کاپٹر کو ٹیک آف کے وقت ایک راکٹ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
[pullquote]ڈچ پارلیمانی الیکشن کے ابتدائی نتائج، وزیر اعظم رُٹے کی پارٹی پھر کامیاب[/pullquote]
نیدرلینڈز میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایک بار پھر موجودہ نگران وزیر اعظم مارک رُٹے اور ان کی پارٹی کی کامیابی واضح ہوتی جا رہی ہے۔ ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق رُٹے کی دائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی لبرل پیپلز پارٹی برائے آزادی اور جمہوریت کو ملکی پارلیمان کی ایک سو پچاس میں سے چھتیس نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ اپنی جماعت کی حتمی کامیابی کی صورت میں رُٹے چوتھی مرتبہ نیدرلینڈز کے وزیر اعظم بنیں گے۔ اسلام مخالف رہنما گیئرٹ وِلڈرز کی پارٹی کی سیٹیں تین کم ہو کر اب سترہ رہ گئی ہیں۔ ان کی جماعت پی وی وی نئی پارلیمان میں تیسری بڑی سیاسی طاقت ہو گی۔ سینٹر لیفٹ پارٹی ستائیس سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
[pullquote]بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی[/pullquote]
جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ چیمپئنز لیگ یورپی فٹ بال کا اہم ترین کلب ٹورنامنٹ ہے اور بائرن میونخ نے انیسویں مرتبہ ان مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ان مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچوں کے دوسرے مرحلے کے ایک مقابلے میں بدھ کی رات اس جرمن کلب نے اطالوی فرسٹ لیگ کی ٹیم لاسیو روم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ پہلا پری کوارٹر فائنل میچ بھی بائرن میونخ ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت گئی تھی۔