[pullquote]سعودی عرب، تین فوجیوں کو سزائے موت[/pullquote]
سعودی عرب میں تین فوجیوں کو سنگین غداری کے الزام میں پھانسی دے دی گئی ہے۔ ایک بیان میں سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ ان تینوں فوجیوں کو بادشاہت کے دشمنوں کے ساتھ تعاون اور عسکری مفادات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مجرم قرار پایا گیا۔ وزارت دفاع کے مطابق فوجیوں کو بادشاہ کی منظوری کے بعد ہفتے کے روز سعودی عرب کی ایک فوجی کمان میں پھانسی دی گئی۔
[pullquote]امریکی بحری بیڑا بھارتی سمندری حدود میں بغیر اجازت داخل[/pullquote]
بھارت نے سمندر میں اپنی خصوصی اقتصادی زون میں امریکی بحری بیڑ ے کی بغیر اجازت داخلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اس کے ساتویں بحری بیڑے یو ایس ایس جان پال جونز نے بدھ کے روز عالمی قوانین کے تحت، بھارت کی منظوری لیے بغیر بحری فوجی مشق ’فریڈم آف نیوی گیشن‘ کی تھی۔ تاہم ایک بیان میں بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بحری قوانین کے مطابق خصوصی اقتصادی زون میں بغیر اجازت فوجی مشق نہیں کی جاسکتی۔ معاملے کو سلجھانے کے لیے دہلی اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی اہلکار حرکت میں آگئے ہیں۔
[pullquote]ایران جوہری معاہدے پر بات چیت، امریکا مثبت نتائج کے لیے پر امید[/pullquote]
امریکا کا کہنا ہے کہ اس نے ایران جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے ’انتہائی سنجیدہ‘ تجویز پیش کی ہے جس پر اب وہ تہران کے ردعمل کا منتظر ہے۔ جمعے کے روز ویانا میں یورپی یونین کی صدارت میں ہونے والی اس بات چیت میں ایران کے علاوہ برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس نے حصہ لیا۔ ملاقاتوں کے بعد ایک امریکی عہدیدار نے نامہ نگاروں سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے تو امریکا بھی اس کے لیے سنجیدہ ہے۔ تاہم تہران کا کہنا ہے کہ کسی پیش رفت سے پہلے امریکا کو ایران پر عائد تمام پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔ سن 2015 کا جوہری معاہدہ بحال کرنے کے لیے بات چیت کا اگلا دور آئندہ ہفتے ہوگا۔
[pullquote]چین، دسمبر تک تین ارب کورونا ویکسین تیار کرنے کا عزم[/pullquote]
چین میں حکام کے مطابق چین میں یکم فروری سے مارچ کے آخر تک ویکسین کی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور اس سال کے آخر تک کورونا ویکسین کے مزید تین ارب ٹیکے تیار ہونا شروع ہوجائیں گے۔ بیجنگ حکومت نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا کہ کورونا ویکسین کی روزانہ پانچ ملین خوراکیں تیار کی گئیں۔ چینی کمپنی سینو ویک کے مطابق ایک سال میں دو ارب ویکسین کی پیداوار ممکن ہے جبکہ ایک اور کمپنی سینوفارم نے کہا ہے کہ وہ اپریل سے ہر ماہ دس کروڑ ٹیکے فراہم کر سکے گی۔
[pullquote]یونان میں صحافی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا[/pullquote]
یونان میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک سینئر صحافی کوفائرنگ کر کے ہلاک کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق معروف کرائم رپورٹر جیورجس کاراواز کو جمعے کی دوپہر جنوبی ضلعے الیموز میں ان کے گھر پر اندھا دھند گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جائے واردات سے گولیوں کے سترہ خول برآمد ہوئے ہیں۔ اس حملے میں ملوث دو حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ اس واقعے سے ملک میں صدمے کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ یونانی حکومت نے اسٹار ٹی وی کے معتبر نامہ نگار جیورجس کاراواز کے قتل کی بھرپور مذمت کی ہے۔
[pullquote]روس نے یوکرائن کو فوجی مداخلت کی دھمکی دے دی[/pullquote]
روس نے مشرقی یوکرائن میں جاری مسلح تنازعہ میں اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے فوجی مداخلت کی دھمکی دی ہے۔ روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف کے ایک بیان کے مطابق یوکرائن میں مسلح لڑائی بڑھنے کی صورت میں ماسکو پیچھے نہیں رہے گا۔ مشرقی یوکرائن کے علاقے ڈونیسک اور لوہانسک میں تقریباﹰ چار لاکھ رہائشی روسی شہری ہیں۔ یوکرائن کے آرمی چیف روسلان خومچاک نے یقین دلایا ہے کہ ان کی فوج کا روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔ مشرقی یوکرائن اور روس کے سرحدی علاقے میں دونوں اطراف کی فوجوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، جس پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔
[pullquote]بنگلا دیش کے ساحل پر دو ویل مچھلیاں مردہ پائی گئیں[/pullquote]
بنگلا دیش کی ساحلی پٹی پر گزشتہ دو روز کے دوران دو ویل مچھلیاں مردہ پائی گئی ہیں۔ کوکسس بازار کے مضافات میں واقع تفریحی مقام ہِمچھاری کے ساحل پر جمعے اور ہفتے کو ملی تھیں۔ سمندری حیات کے ایک اہلکار کے مطابق ان میں سے ایک مردہ ویل کا وزن تین ٹن تھا اور اس کا جسم پچاس فٹ لمبا اور دس فٹ چوڑا تھا۔ حکام کے خیال میں ان مچھلیوں کی موت سمندری آلودگی کے سبب ہوئی۔
[pullquote]ممبئی میں لاک ڈاؤن، کورنا ویکسین کی قلت[/pullquote]
بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا میں ایک مرتبہ پھر سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ ممبئی شہر میں اپریل کے آخر تک شہریوں کو صرف ضروری کام کے لیے ہی گھروں سے نکلنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بھارت میں گزشتہ ماہ مارچ کے اواخر سے مذہبی و سیاسی اجتماعات میں عوامی ہجوم اور کرکٹ میچز میں تماشائیوں کو اجازت دینے کے سبب مزید دس لاکھ سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی آ رہی ہے جب کہ کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر ویکسین کی قلت اور بدانتظامی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
[pullquote]میانمار فوج، اقوام متحدہ کی سفیر کو دورے کی اجازت دینے سے انکار[/pullquote]
میانمار کی فوجی حکومت نے اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر کرسٹین شرانر برگنر کو ملک کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ عالمی ادارے کی خصوصی سفیر شرانر برگنر نے اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن بات ہے کہ میانمار فوج ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار نہیں حالانکہ وہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی شرانر برگنر اس وقت ایشیا کے دورے پر ہیں۔ وہ تھائی لینڈ کے بعد چین جائیں گی۔
[pullquote]پرنس فیلپ کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات[/pullquote]
برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر اور ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فیلپ کے انتقال پر دنیا بھر کے شاہی حکمرانوں اور سربراہان مملکت نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ وہ گذشتہ روز ننانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی موت پر برطانیہ میں آج بھی قومی سوگ منایا جارہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت امریکی صدر جو بائیڈن، جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ملکہ الزبتھ کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیے ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں شہزادہ فیلپ کی موت کا بہت افسوس ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جرمنی سے ان کی دوستی، ان کی سادگی اور ان کی فرض شناسی کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔‘‘
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو