محبت کی مالا

یہ عنوان ہے اس کتاب کا جس میں چین پاکستان سفارتی تعلقات کے ستر سالوں کی دوستی کے پھولوں کو انتہائی محبت اور عقیدت کے ساتھ پرویا گیاہے ۔ چین پاکستان دوستی کی اس خوبصورت مالا کو پاکستان میں چین کے سابق سفیر لو شو لین نے پرو یا ہے۔ لوشو لین ایک تجربہ کار اور پاکستان سے بے حد محبت کرنے والے سفارت کار کی کتاب گارلینڈز آف لو کی گزشتہ روز رونمائی ہوئی ہے۔ اسم با مسمی کے باوصف اس کتاب میں لو شو لین نے پاکستان اور چین کی سات دہائیوں پر محیط دوستی کی تاریخی تصویریں اور کہانیاں اکٹھی کی ہیں، اس شانداز سفر کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیاہے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے اہم سنگ میلوں کو اجاگر کیا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کی عمدہ روایات سے روشناس کرایا جاسکے۔

چینی زبان میں تحریر کردہ لو شولین کی تصنیف کردہ اس کتاب کی رونمائی کے لئے بیجنگ میں پاکستا نی سفارت خانہ میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستان چین سفارتی تعلقات کی سترویں سالگرہ کو شانداز انداز میں منانے کیلئے متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کرر ہا ہے ۔ جس کا دائرہ پورے چین تک پھیلا ہواہے ۔ اس سلسلے میں کئی سرگرمیوں کاانعقاد ہوچکاہے جب کہ سالگرہ کادن جیسے جیسے قریب آرہا ہے ان سرگرمیوں میں مزید شدت آرہی ہے ۔ ان رنگارنگ سرگرمیوں اور تقریبات کے ذریعے چین پاکستان تعلقات کی مختلف جہتوں اور دونوں ممالک کے باہمی اشتراک کے نتیجے میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو اجاگر کیا جارہاہے ۔ اس سلسلے میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور سفارت خانے کا پورا عملہ انتہائی محرک کردار ادا کررہاہے ۔

چینی حکومت سترویں سالگرہ کو یاد گار بنانے کیلئے انتہائی گرمجوشی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اس سلسلے میں سلسلہ وار سرگرمیاں شیڈول کی ہیں جن کا انعقاد چین اور پاکستان دونوں میں کیا جارہاہے ۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی سترویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ سرگرمیاں دونوں ممالک کے والہانہ اشتراک ، گہری دوستی اور سدا بہار تعلقات کا مظہر ہیں۔

دوبارہ لوٹتے ہیں محبت کی مالا کی طرف ۔ محبت کی مالا کی تقریب رونمائی سے اپنے خطاب کے دوران ، پاکستان کے سفیر معین الحق نے مسٹر لو شولین کی پاک چین تعلقات کو گہرا کرنے کیلئے انکی زندگی پر محیط کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سفیر لو جیسے معزز سفارت کاروں کی کاوشوں کے نتیجے میں پاک چین دوستی میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی ، معاشی اور ثقافتی روابط میں اضافہ ہورہا ہے ۔

اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سفیر لو نے کہا کہ ‘گارلینڈز آف لو’ یعنی محبت کے ہار پاکستان اور چین اور دونوں ممالک کے عہدیداروں اور عوام کے درمیان باہمی دوستی کی ایک مدح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف چین کی خارجہ پالیسی بلکہ چینی سفیروں کے دلوں میں بھی بہت اونچا مقام رکھتاہے ۔لو نے پاکستان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں کافی وقت گزارا جس کی وجہ سے وہ پاکستانی معاشرے اور تہذیب کے بہت سے پہلوؤں کو تلاش کرنے اور ان کی تعریف کے قابل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو ایک نئی منزل تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تقریب سے چین پاکستان دوستی ایسوسی ایشن کے صدر سفیر شا زوکاانگ نے بھی خطاب کیا۔اس تقریب کے دوران پاکستان میں چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ کا بھیجا ہوا خصوصی ویڈیو پیغام بھی سنوایا گیا ۔

محبت اظہار مانگتی ہے اور بار بار مانگتی ہے ۔ پاک چین دوستی کے حوالے سے یہ اظہار بہ بانگ دہل ملتاہے۔ یہی چین پاک دوستی کا کھلا راز ہے ۔ پاکستان اور چین کی دوستی اور محبت میں رنگ بھرنے والے بے شمار ہیں۔ محبتوں، پھولوں اور روشنیوں کا یہ سفر جاری ہے ۔ دونوں ممالک کی محبت کے گیت گانے والوں کا کاروان بڑھتا جارہاہے ۔لوشو لین محبت کی مالا ہاتھ میں لیے اس قافلے کا ایک اور خوبصورت راہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے