جمعرات : 26 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کے بارے میں آئندہ روسی موقف کا تعین ان کے اقدامات دیکھتے ہوئے کیا جائے گا، کریملن[/pullquote]

روس نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ افغانستان میں اقتدار میں آنے والے طالبان کے بارے میں اس کا آئندہ موقف کیا ہو گا۔ روسی صدر پوٹن کے ترجمان نے آج جمعرات کے روز ماسکو میں صحافیوں کو بتایا کہ روس پہلے اس امر کا اچھی طرح جائزہ لے گا کہ طالبان کے افغان عوام اور روسی سفارت کاروں کے بارے میں مستقبل کے اقدامات کس نوعیت کے ہوں گے۔ ساتھ ہی صدر پوٹن کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ روس ہندو کُش کی اس ریاست میں امن و استحکام کا خواہش مند ہے اور اس حوالے سے واشنگٹن کے ساتھ رابطے بھی جاری رہیں گے۔

[pullquote]فوجی انخلا کی تکمیل سے قبل کابل ایئر پورٹ پر دہشت گردی کا مسلسل خطرہ[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے پر دہشت گردی کا خطرہ مسلسل بہت زیادہ ہے۔ غیر ملکی فوجی دستوں اور ان کے معاون افغان کارکنوں کے انخلا کی اکتیس اگست تک کی طے شدہ مدت پوری ہونے میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔ افغانستان میں جرمن اور امریکی سفارت خانوں کے علاوہ دیگر ذرائع نے بھی تنبیہ کی ہے کہ کابل ایئر پورٹ اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں دہشت گردانہ حملوں کا ابھی تک شدید خطرہ ہے۔ عام شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں۔ اب تک یہ واضح نہیں کہ جرمن فوج کی افغانستان سے انخلا کے لیے پروازیں کب تک مکمل ہو سکیں گی۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین سے متعلق آواز اٹھاتے رہیں گے، امریکی نائب صدر[/pullquote]

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ واشنگٹن بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے پر آئندہ بھی آواز اٹھاتا رہے گا۔ کملا ہیرس ان دنوں جنوب مشرقی ایشیا کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے آج جمعرات کے روز ہنوئے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا صحت مند مقابلہ بازی کا حامی ہے اور بیجنگ حکومت کے ساتھ کوئی تنازعہ بھی نہیں چاہتا۔ تاہم امریکی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ بحیرہ جنوبی چین سے جڑے ہوئے معاملات میں واشنگٹن خاموش نہیں رہے گا۔

[pullquote]کابل سے فرانسیسی انخلا کل جمعے تک مکمل ہو جائے گا، وزیر اعظم کاسٹیکس[/pullquote]

طالبان کے زیر قبضہ افغان دارالحکومت کابل سے فرانسیسی شہریوں اور خطرات کے شکار افغان باشندوں کا فرانس کی طرف سے انخلا کل جمعے تک مکمل ہو جائے گا۔ یہ بات فرانسیسی وزیر اعظم ژاں کاسٹیکس نے آج اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پیرس کی طرف سے کابل سے انخلا کا عمل جمعہ ستائیس اگست کی شام تک مکمل ہو جائے گا کیونکہ اس کے بعد کابل ایئر پورٹ سے فرانس کے لیے پروازوں کو یقینی بنانا ممکن نہیں ہو گا۔ اب تک کابل ایئر پورٹ پر سکیورٹی کے ذمے دار امریکی دستے ہیں اور خود امریکا کو بھی اپنا فوجی انخلا اکتیس اگست تک مکمل کرنا ہے۔

[pullquote]بھارت میں نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد میں ایک دن میں پینتالیس فیصد اضافہ[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی چھیالیس ہزار دو سو کے قریب نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ سات جولائی کے بعد کل پچیس اگست وہ پہلا دن تھا جب ملک میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی یومیہ تعداد پینتالیس ہزار سے زیادہ رہی۔ ان میں سے سب سے زیادہ نئے کیسز ریاست کیرالا میں ریکارڈ کیے گئے، جن کی تعداد تقریباﹰ ساڑھے اکتیس ہزار رہی۔ کیرالا میں نئی انفیکشنز کی یہ تعداد بدھ کے دن منگل کے مقابلے میں تقریباﹰ پینتالیس فیصد زیادہ رہی۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ کیرالا میں فصلوں کی کٹائی کے موقع پر منایا جانے والا ایک روایتی عوامی تہوار بھی بنا۔

[pullquote]بائیڈن اور بینیٹ کی وائٹ ہاؤس میں پہلی ملاقات، اختلافات کے خاتمے کی کوشش کی جائے گی[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن آج جمعرات کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ یہ دونوں رہنماؤں کی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پہلی ملاقات ہو گی۔ اس دوران کوشش کی جائے گی کہ امریکا اور اسرائیل باہمی اختلافات کو ختم یا کم سے کم کرتے ہوئے خاص طور پر ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی مشترکہ موقف تک پہنچ سکیں۔ نفتالی بینیٹ کے پیش رو وزیر اعظم نیتن یاہو صدر بائیڈن کے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ کے بہت قریب تھے۔ اس کے برعکس سابق صدر اوباما کے دور میں، جب جو بائیڈن امریکی نائب صدر تھے، نیتن یاہو اور وائٹ ہاؤس کے مابین کھچاؤ بہت واضح تھا۔

[pullquote]یوکرائن میں سوویت رہنما سٹالن کے دور کی درجن سے زائد اجتماعی قبروں کی دریافت[/pullquote]

مشرقی یورپی ملک یوکرائن کے شہر اوڈیسا کے نواح میں سوویت رہنما جوزف سٹالن کے دور کی ایک درجن سے زائد اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب تک ان قبروں میں آٹھ ہزار تک انسانوں کی جسمانی باقیات کی موجودگی ثابت ہو چکی ہے۔ ان قبروں کی محتاط کھدائی ابھی جاری ہے، اس لیے وہاں دفن کردہ انسانوں کی مجموعی تعداد اور زیادہ ہو سکتی ہے۔ مؤرخین کا اندازہ ہے کہ ان ہزاروں افراد کو انیس سو سینتیس سے لے کر انیس سو انتالیس تک کے عرصے میں اس دور کی سوویت ریاست کی خفیہ پولیس نے ہلاک کیا تھا۔ ایسی کئی اجتماعی قبریں گزشتہ برسوں کے دوران بھی دریافت ہوئی تھیں۔ سوویت رہنما سٹالن کے دور میں یوکرائن کے لاکھوں باشندوں کو یا تو جبری مشقتی کیمپوں میں بھیج دیا گیا تھا یا انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]ستمبر میں جرمن پارلیمانی انتخابات: پوسٹل بیلٹ کی شرح بہت زیادہ رہنے کا امکان[/pullquote]

جرمنی میں ستمبر کے اواخر میں ہونے والے وفاقی پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے ملک کی سب سے بڑی ڈاک کمپنی ڈوئچے پوسٹ ڈی ایچ ایل کو توقع ہے کہ اس مرتبہ ڈاک کے ‌ذریعے رائے دہی میں حصہ لینے والے ووٹروں کی تعداد بہت زیادہ رہے گی۔ ڈوئچے پوسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ٹوبیاس مائر نے فُنکے میڈیا گروپ کے اخبارات کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ امسالہ الیکشن میں ساٹھ فیصد تک شہری اپنے لیے پوسٹل بیلٹ سسٹم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس کی وجہ زیادہ تر کورونا کی وبا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ سسٹم کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے ان کا ادارہ پوری تیاریاں کر رہا ہے۔ تاہم جرمن ووٹروں کو بھی ڈاک کے ذریعے اپنے ووٹ متعلقہ پولنگ دفاتر کو بروقت واپس بھیجنا ہوں گے۔

[pullquote]جرمن پارلیمان کی طرف سے ملک میں کورونا وائرس کی وبائی صورت حال کی مدت میں توسیع[/pullquote]

جرمن پارلیمان نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا شدہ وبائی صورت حال کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اس بارے میں ایک قرارداد میرکل حکومت کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔ قرارداد پر رائے شماری میں تین سو پچیس اراکین پارلیمان نے اس کی حمایت اور دو سو تریپن نے مخالفت کی جبکہ پانچ ارکان نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔ اس توسیع کے باعث تمام سولہ صوبائی حکومتوں کو آئندہ بھی یہ اختیار ہوگا گا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقائی سطح پر حفاظتی اقدامات کر سکیں۔ قرارداد کی روشنی میں جرمنی میں کووڈ انیس کے پھیلاؤ کی شدت کے تعین کے لیے فیصلہ کن بات آئندہ یہ ہو گی کہ کسی صوبے کے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں مریضوں کی مجموعی تعداد کتنی ہے۔

[pullquote]ایک دن میں جرمنی میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ تیرہ ہزار نئی انفیکشنز[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تقریباﹰ تیرہ ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ وبائی امراض کی روک تھام کے نگران ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے جمعرات کی صبح برلن میں بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے بارہ ہزار چھ سو چھبیس نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ یوں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب تین اعشاریہ نو ملین سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز کووڈ انیس کے مزید اکیس مریض انتقال کر گئے۔ اس طرح جرمنی میں اس وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بھی اب بانوے ہزار بیاسی ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمن فٹ بال کا ڈی ایف بی کپ: بائرن میونخ کی صفر کے مقابلے میں بارہ گول سے جیت[/pullquote]

جرمنی میں فٹ بال کے فیڈریشن کپ مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ریکارڈ حد تک چیمپیئن بننے والی بائرن میونخ کی ٹیم نے بریمر ایس وی کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں بارہ گول سے ہرا دیا۔ شہر بریمن کی یہ ٹیم جرمنی میں فٹ بال کی پانچویں فیڈرل لیگ کی ٹیم ہے، جس کی بائرن میونخ کے خلاف کامیابی کا شروع سے ہی کوئی امکان نہیں تھا۔ بائرن میونخ کے کھلاڑی ایرک چُوپو موٹِنگ نے چار گول کیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے