منگل : 31 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان پر اعتماد کرنے کے لیے نئی حکومت کے قیام تک انتظار کرنا ہوگا، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق برلن حکومت افغان طالبان کی طرف سے نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرے گی اور دیکھے گی کہ آیا یہ عسکریت پسند گروہ اپنے بیان پر قائم رہتا ہے۔ پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ طالبان بیرون ملک جانے کے خواہش مند افغان باشندوں کو ملک سے روانگی کی اجازت دینے کا وعدہ کر چکے ہیں تاہم یہ بات آئندہ دنوں اور ہفتوں میں ہی واضح ہو سکے گی کہ آیا طالبان پر اعتبار کیا جا سکتا ہے۔ ہائیکو ماس کا مزید کہنا تھا کہ طالبان نئی حکومت بنانا تو چاہتے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ آیا اس حکومت میں جرمنی کی درخواست کے مطابق تمام دھڑوں کو نمائندگی حاصل ہوگی۔ ماس نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو نہ صرف مالی امداد بلکہ بارڈر مینجمنٹ اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مدد کی پیشکش بھی کی۔

[pullquote]اسرائیل کا فلسطینی اتھارٹی کے لیے 150 ملین ڈالر قرض کا اعلان[/pullquote]

اسرائیلی اور فلسطینی حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد تل ابیب حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کے لیے ڈیڑھ سو ملین ڈالر قرض کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ وزیر دفاع بینی گینٹس اور فلسطینی صدر محمود عباس نے اتوار کی رات ہونے والی ملاقات میں مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اقتصادی تعمیرِ نو کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ بینی گینٹس نے ویسٹ بینک کے حالات میں بہتری کے لیے قرض کا اعلان اس بات چیت کے بعد کیا۔ گینٹس نے ملکی میڈیا کو بتایا کہ یہ فیصلہ اسرائیلی مفادات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ گینٹس کے بقول انہوں نے صدر عباس سے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی جتنی مضبوط ہو گی، حماس اتنی ہی کمزور ہوتی جائے گی۔ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے پر حماس کا کنٹرول ہے اور اسرائیل حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب: ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں آٹھ افراد زخمی، مقامی میڈیا[/pullquote]

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے جنوبی مغربی علاقے میں واقع ابھا کے ہوائی اڈے کو آج بروز منگل بارودی مواد سے لدے ہوئے ایک ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس ڈرون حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے اور ایک سویلین ہوائی جہاز کو نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ابھا ایئر پورٹ پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ پہلے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں برسرپیکار عسکری اتحاد کی جانب سے اس حملے کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم یہ کہا گیا کہ اس مسلح ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔

[pullquote]مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے دل میں ایک نرم گوشہ ہے، کرسٹيانو رونالڈو[/pullquote]

سپر اسٹار فٹ بالر کرسٹيانو رونالڈو نے فٹ بال کلب یووینٹوس ٹیورین چھوڑ کر دوبارہ برطانوی فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹد جوائن کر لیا ہے۔ چھتیس سالہ پرتگالی کھلاڑی رونالڈو نے منگل کے روز اپنے سابقہ کلب میں واپسی کے موقع پر کہا کہ ان کے دل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے ایک خاص گوشہ ہے۔ پانچ مرتبہ گولڈن بال کا اعزار جیتنے والے اس کھلاڑی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی ٹرانسفر فیس ابتدائی طور پر پندرہ ملین یورو بتائی گئی ہے جو کہ تئیس ملین یورو تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ رونالڈو نے سن 2003 سے 2009 تک مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے چھ برسوں میں 292 میچ کھیلے اور 118 گول کیے تھے۔ اس طرح وہ اس کلب کے لیجنڈ کھلاڑی قرار دیے جاتے ہیں۔

[pullquote]افغانستان سے امریکی فوجی انخلا مکمل ہو گیا[/pullquote]

امریکا نے کابل ایئر پورٹ سے اپنے آخری فوجیوں کی روانگی کے بعد افغانستان میں اپنے تقریباﹰ بیس سالہ فوجی آپریشن کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ جنرل کینتھ میکینزی نے کہا کہ امریکا اور اتحادی ممالک کے شہریوں کے علاوہ تحفظ کے خواہاں افغان باشندوں کو ملک سے نکالنے کا فوجی مشن اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ امریکی فوج کا آخری طیارہ کابل کے حامد کرزئی ہوائی اڈے سے پیر اور منگل کی درمیانی شب روانہ ہوا۔ قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے آج منگل اکتیس اگست امریکی فوج کے انخلا کے لیے آخری تاریخ مقرر کی تھی۔ افغان طالبان امریکی دستوں کی مکمل واپسی کا جشن منا رہے ہیں۔ طالبان کے ایک ترجمان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اب افغانستان مکمل طور پر آزاد ہو گیا ہے۔

[pullquote]طالبان قطر اور ترکی سے کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے سے متعلق مذاکرات کر رہے ہیں، فرانس[/pullquote]

افغان طالبان کی کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے حوالے سے قطر اور ترکی سے بات چیت جاری ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں اِیو لدَریاں نے یہ بات آج بروز منگل پیرس میں ایک فرانسیسی نیوز چینل کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کابل ہوائی اڈے کو جلد از جلد محفوظ بنایا جائے تاکہ ایسے افغان باشندے جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، کمرشل پروازیں استعمال کر سکیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کے مطابق کابل کے ہوائی اڈے کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر لازمی عمل ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ لدَریاں نے مزید کہا کہ فرانس کو طالبان پر دباؤ ڈالنے کا عمل جاری رکھنا چاہیے تاہم پیرس حکومت طالبان سے مذاکرات نہیں کر رہی۔

[pullquote]سلامتی کونسل کی طالبان سے انسانی حقوق کی پاسداری کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان طالبان سے ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کی اپیل کی ہے۔ کونسل نے طالبان سے مطالبہ کیا کہ ملک چھوڑنے کے خواہش مند افغان باشندوں کو بلا روک ٹوک بیرون ملک جانے دیا جائے۔ عالمی سلامتی کونسل نے اس حوالے سے ایک قرارداد بھی منظور کی۔ اس کے علاوہ سلامتی کونسل نے طالبان سے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے احترام کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل میں اس قرارداد کی تیرہ ممالک نے حمایت کی جبکہ چین اور روس نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔ اس کے برعکس سلامتی کونسل کے ارکان میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی تجویز کے مطابق کابل میں ایک ’محفوظ خطے‘ کے قیام پر کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

[pullquote]یورپ میں کورونا وائرس کے سبب مزید ہزاروں اموات کا خدشہ، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے اندازوں کے مطابق براعظم یورپ میں کورونا وائرس سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کے باعث رواں برس اگست کے آخر سے یکم دسمبر تک مزید دو لاکھ چھتیس ہزار تک انسانوں کی موت کا خدشہ ہے۔ اس خطے میں مشرقی اور مغربی یورپ، قفقاذ کے علاقے اور وسطی ایشا کے مجموعی طور پر تریپن ممالک شامل ہیں، جہاں گ‍زشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے سبب اموات میں گیارہ فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ، وبا سے متعلق ضوابط میں نرمی اور موسم گرما کے دوران بڑی تعداد میں عام شہریوں کے سیاحتی سفر ہلاکتوں میں اس اضافے کی اہم ترین وجوہات ثابت ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت نے خاص طور پر بلقان اور قفقاذ کے خطوں اور وسطی ایشیائی ممالک میں نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد میں تیز رفتار اضافے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کی طرف سے امریکا سے آنے والے مسافروں پر دوبارہ پابندی کی تجویز[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر یورپی یونین نے تجویز پیش کی ہے کہ اس بلاک کے رکن ممالک اپنے ہاں امریکی سیاحوں کے داخلے پر دوبارہ پابندی عائد کر دیں۔ یورپی یونین کی کونسل کے ایک بیان کے مطابق امریکا، اسرائیل، کوسووو، لبنان، مونٹی نیگرو اور شمالی مقدونیہ کو اب اُس فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اِن ممالک کے مسافروں کو یورپی بلاک میں داخلے کی اجازت تھی۔ یورپی کونسل کی اس تجویز پر عمل درآمد کا انحصار رکن ممالک کی حکومتوں پر ہو گا۔ کورونا کی وبا کے دوران رکن ممالک کی اکثریت یورپی یونین کی سفارشات پر عمل کر رہی ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ، افغان مہاجرین کے بارے میں بات چیت متوقع[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اسلام آباد حکومت کے ساتھ افغان باشندوں کو پاکستان میں پناہ دینے کے معاملے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر محمد فیصل نے پاکستان کے اس ہمسایہ ملک سے مزید مہاجرین کے ممکنہ داخلے کو مسترد کر دیا تھا۔ پاکستانی سفیر نے جرمن روزنامہ ٹاگیس اشپیگل کو بتایا کہ پاکستان ایسے افغان باشندوں کی پوری طرح مدد کر رہا ہے، جو وطن چھوڑ کر دیگر ممالک میں جانا چاہتے ہیں۔ ادھر برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے داخلہ مہاجرت اور افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی مالی امداد کے حوالے سے آج ایک خصوصی اجلاس کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے