وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کےقومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کےلیے بھی باعثِ فخر ہے، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی تاریخی، دیرینہ اور آزمودہ برادرانہ وابستگی پر فخرہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کی قیادت میں پاکستان، سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ایک مزید مضبوط اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں ڈھل رہے ہیں جس کی بنیاد امن و سلامتی کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کےلیے ہماری مشترکہ وابستگی پر قائم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حالیہ حملوں بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی قابلِ مذمت کوشش کی گئی، حملوں کی پاکستان کی جانب سے سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتا ہوں، حرمین شریفین کی حرمت، تقدس اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے عزم کے تحت اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے کھڑا ہے۔