بھارتی ریاست تامل ناڈو میں موبائل فون کی دکان کے مالک نے فروخت میں اضافہ کرنے کے لیے صارفین کو ایک انوکھی پیشکش کردی۔
یاد رہے کہ بھارت میں بارشوں کے باعث پیاز کی فصل تباہ ہونے سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے اور مختلف ریاستوں میں پیاز 70 سے 100 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
اسی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ریاست تامل ناڈو میں موبائل فون کی دکان کے مالک نے فروخت میں اضافہ کرنے کے لیے مارکیٹنگ کا نیا انداز اپنایا۔
ایس ٹی آر موبائلز نامی اسٹور نےصارفین کو ایک موبائل فون خریدنے پر ایک کلو مفت پیاز کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ بھارت میں پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم نے سوچا کہ موبائل فون خریدنے والے کو ایک کلو مفت پیاز دینے سے ہماری دکان مقبول ہوجائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کو ایک ہفتہ قبل متعارف کرایا تھا اور ایسا کرنے سے واقعی ان کی دکان کی فروخت میں اضافہ بھی ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم صارفین کو پُر کشش لگی جس کی وجہ سے ان کی دکان پر پہلے سے زیادہ خریدار آنا شروع ہوگئے۔
دکان کے مالک نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ’ میں پہلے ایک دن میں 3 سے 4 موبائل فون فروخت کیا کرتا تھا لیکن جب سے اس اسکیم کا اعلان کیا اس کے بعد سے میرے ایک دن میں 10 فون فروخت ہونا شروع ہوگئے‘۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہم اس دکان سے اپنی پسند کی چھوٹی یا بڑی پیاز مفت میں حاصل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں پیاز کی بڑھتی قیمت نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ حال ہی میں بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شادی کے موقع پر ایک جوڑے کو پیاز سے بنا ہوا گلدستہ تحفے کے طور پر دیا گیا تھا۔
—
پیاز کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بھارت میں لوٹ ماری بھی عروج پر پہنچ گئی ہے، چند روز قبل ریاست مدھیہ پردیش میں ٹرک پر لدے 20 لاکھ روپے مالیت کے پیاز چوری کر لیے گئے تھے۔