اتوار:15 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت: شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہروں میں ہلاکتیں نصف درجن ہو گئیں[/pullquote]

بھارت میں شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں جاری پرتشدد مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتیں چھ ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق اتوار کو پرتشدد احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران چار مظاہرین ہلاک ہوئے۔ دو احتجاجی بارہ دسمبر کو مارے گئے تھے۔ سب سے زیادہ پرتشدد مظاہرے ریاست آسام میں جاری ہیں اور ریاست کے سب سے بڑے شہر گوہاٹی میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔ بھارتی صدر نے پارلیمنٹ کے منظور شدہ قانونی مسودے کو بدھ کے روز دستخط کر کے قانون کی شکل دی تھی۔

[pullquote]حکومت کی ترجیح اکتیس جنوری کو یورپی یونین کو خیرباد کہنا ہے، برطانیہ[/pullquote]

برطانوی وزیر کابینہ مائیکل گوو نے کہا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت کی اولین ترجیحات میں اکتیس جنوری کو یورپی یونین سے علیحدگی کے ساتھ ساتھ اگلے برس کے اختتام تک یونین کے ساتھ تجارتی سمجھوتے کو طے کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارت اور دوستانہ تعاون کے مذاکرات پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ نائب وزیر خزانہ رسی سناک کے مطابق حکومت بریگزٹ قانون کو کرسمس سے قبل ہی پارلیمنٹ میں زیربحث لانا چاہتی ہے۔ بورس جانسن بارہ دسمبر کے انتخابات میں کامیابی کے بعد اگلے ہفتے کے دوران نئی حکومت تشکیل دینے والے ہیں۔

[pullquote]جنوبی فلپائن میں زلزلہ، چار ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصوں میں آج اتوار کو آنے والے زلزلے کی وجہ سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں کئی عمارتوں کے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دوسری جانب بحرالکاہل سونامی وارننگ سنٹر نے بتایا کہ زلزلے کے بعد سونامی پیدا ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈاواؤ شہر سے جنوب مغرب کی سمت چھپن کلومیٹر کی دوری پر ترپن کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔

[pullquote]نائجیریا میں عسکریت پسندوں نے انیس مویشی چرواہے ہلاک کر دیے[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا کی عسکریت پسند تنظیم بوکو حرام کے عسکریت پسندوں نے کیمرون کی سرحد کے قریب کم از کم انیس فلانی نسل کے چرواہوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ عسکریت پسندوں نے یہ حملہ گزشتہ روز کیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ حملے کے دوران مال مویشی چرانے والوں نے مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ عسکریت پسندوں نے اپنی کارروائی مکمل کر کے قریبی گاؤں کے مکانات او خوراک کے ذخیرے کو بھی جلا ڈالا۔ قبل ازیں فلانی نسل کے مسلح افراد نے بوکو حرام کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔

[pullquote]نئے تجربات امریکی خطرے کا مقابلہ کر سکیں گے، شمالی کوریا[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا نے کہا ہے کہ دفاعی صلاحیت بڑھانے کے نئے تجربات سے امریکی خطرے کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے گا۔ پیونگ یانگ حکومت کا یہ بیان گزشتہ روز کیے گئے ایک اور انتہائی حساس تجربے کے بعد سامنے آیا۔ یہ ٹیسٹ شمالی کوریا کا ایک ہفتے کے دوران کیا گیا دوسرا تجربہ تھا۔ کورین پیپلز آرمی کے سربراہ پاک جونگ چون کے مطابق شمالی کوریا اب بہت زیادہ طاقت کا حامل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول حالیہ حساس تجربات کی کامیابی سے نئے ہتھیاروں کی تیاری میں آسانی حاصل ہو گی۔ ابھی تک شمالی کوریا نے اپنے دونوں حساس تجربات کی تفصیلات عام نہیں کی ہیں۔

[pullquote]چین نے امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کو ملتوی کر دیا[/pullquote]

چین نے امریکی مصنوعات پر اضافی درآمدی ٹیکس کے نفاذ کو ملتوی کر دیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق اضافی محصولات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدےکے پہلے مرحلے پر اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد کیا گیا۔ اس پیش رفت کی تصدیق دونوں حکومتوں کی جانب سے جمعہ تیرہ دسمبر کو کی گئی تھی۔ چین آج پندرہ دسمبر کو ڈیڑھ سو بلین ڈالر کے اضافی ٹیکسوں کا اعلان کرنے والا تھا۔ چینی حکومت نے امریکی موٹر گاڑیوں اور اُن کے اضافی پرزوں پر درآمدی ٹیکسوں بھی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں تعطل، مذاکرات ناکام ہونے کا خدشہ[/pullquote]

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں ابھی تک مختلف ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل تعطّل کا شکار ہے۔ دو دسمبر سے جاری اس کانفرنس کو جمعے کے روز ختم ہونا تھا، تاہم کسی اتفاق رائے تک نہ پہنچ پانے کی وجہ سے مذاکراتی عمل کو توسیع دے دی گئی تھی۔ گزشتہ چھتیس گھنٹوں سے وقفوں وقفوں سے جاری مذاکراتی عمل میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ مذاکرات کاروں کے درمیان اختلافات اور تقسیم کی وجہ سے COP25 کی ناکامی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد پیرس میں سن 2015 میں طے پانے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے تناظر میں ایک متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا ہے۔

[pullquote]لبنانی دارالحکومت میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان چھڑپیں[/pullquote]

لبنان کے دارالحکومت میں اتوار کی صبح حکومت مخالف مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربر کی گولیوں، آنسو گیس، لاٹھی چارج اور پانی کی تیز دھار کا بھی استعمال کیا۔ طبی ذرائع نے کم از کم چالیس افراد کے زخمی ہونے کی اصلاع دی ہے۔ لبنان میں عوامی مظاہروں کا سلسلہ وسط اکتوبر سے جاری ہے اور مظاہرین اشرافیہ کا مسلسل حکومتوں میں رہنے، مالی بےضابطگیوں اور سرکاری خزانے کے بے جا ذاتی استعمال کے خلاف آواز بلند کیے ہوئے ہیں۔ اس دوران وزیراعظم مستعفی ہو چکے ہیں اور ابھی تک نئی حکومت تشکیل نہیں پا سکی ہے۔

[pullquote]آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد ہلاکتیں اٹھارہ ہو گئیں، نیوزی لینڈ حکام کی تصدیق[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے وائٹ آئی لینڈ میں آتش فشاں سے راکھ اگلنے اور شدید گرم کیچڑ اگلنے کے بعد ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں وہ دو لوگ بھی شامل ہیں، جن کی نعشیں ابھی تک ڈھونڈیں نہیں جا سکی ہیں۔ گزشتہ پیر کے روز آتش فشاں کے پھٹتے وقت اس جزیرے پر کم از کم سینتالیس سیاح موجود تھے۔ آج اتوار کے روز بھی ایک لاپتہ جوڑے کی تلاش کی گئی لیکن اُن کا سراغ نہیں مل سکا۔ نیوزی لینڈ حکام نے مرنے والوں کی شناخت عام کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]جنوب مغربی فرانس میں شدید بارشیں، دو افراد ہلاک[/pullquote]

فرانس کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ توانائی فراہم کرنے والے ادارے ’اینیدس‘ کے مطابق جنوب مغربی فرانس کے کم از کم چالیس گھر بجلی کے بغیر ہیں۔ اس دوران ابھی تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کئی متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

[pullquote]بھارتی میں مظاہرے: امریکی اور برطانوی شہریوں کے لیے انتباہی ہدایت[/pullquote]

امریکا اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو شمال مشرقی بھارتی علاقوں کی سیاحت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بھارت کے کئی شہروں میں شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ روز مودی حکومت کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور ملک کی ممکنہ تقسیم کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ اُدھر مغربی بنگال میں مظاہرین نے کم از کم بیس بسوں کو آگ لگا دی جبکہ دو ریلوے اسٹیشنوں کو بھی نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔ آسام میں اسی سے زائد مظاہرین کو حراست لیا گیا ہے۔ آسام کی طلبا تنظیم نے مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے