ملک بھر میں سردی نے نئے ریکارڈ قائم کردیے، اسکردو میں منفی 21 ڈگری کی سردی سے لوگ ٹھٹھر گئے۔
پشاورمیں 36 سال بعد پارہ منفی ایک ڈگری تک گر گیا، کراچی میں رواں سال کا کم ترین 9.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، شہر میں 3 جنوری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری، اسلام آباد میں منفی ایک ، لاہور میں دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
پہاڑوں پر برف ہی برف اور میدانی علاقوں میں برفیلی ہوائیں، ان دنوں ملک کے اکثر حصے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
گلگت بلتستان کےاضلاع سرد موسم میں سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں اسکردومیں دوسرے روزبھی درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا۔
گوپس منفی 11، بگروٹ اور استور میں منفی 10 ڈگری نے ہر شے منجمد کردی ہے۔
بلوچستان میں قلات میں سب سے زیادہ سردی رہی جہاں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری تک گرگیا۔
چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی میں بھی خشک سردی اور ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا۔
آزادکشمیر، مظفرآباد، میرپور، باغ میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔
ادھرسندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں مسلسل دھند سے سردی کا احساس اور بھی بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔
x