لاہور: انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کیس میں رانا ثناء اور پراسیکیوشن کی درخواستیں مسترد کردیں۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثناء اللہ کی جانب سے ویڈیو فراہم کرنے اور گاڑی واپس دینے کی درخواست مسترد کردی جب کہ پراسیکیوشن کی روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کی درخواست کو بھی مسترد کردیا گیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی اور رانا ثناء کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کرلیا۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت میں رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلسے میں رانا ثناء عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ پراسیکیوشن نے کیس کا ٹرائل روزانہ کرنے کی درخواست کی۔
پراسیکیوشن کی درخواست پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ بار کے الیکشن کے باعث 29 فروری کے بعد کی تاریخ دی جائے۔
رانا ثناء کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت میں اور بھی کیسز ہیں، کیا پراسیکیوشن کو ان کیسز میں جلدی نہیں، رانا ثناءکے کیس میں جلدی کس بات کی ہے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ رانا ثناءاللہ الزام لگاتے ہیں کہ پراسیکیوشن تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، اس لیے چاہتے ہیں کہ مقدمے کا تیزی سے ٹرائل ہو۔
خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کہا کہ فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہوچکے، فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔