ہفتہ : 14 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلتا ہوا[/pullquote]

ایران میں آج کووِڈ انیس کے باعث مزید 97 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یوں ایران میں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 611 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 12729 تک جا پہنچی ہے۔ ادھر آسٹریا نے نئے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے چار بلین یورو مختص کیے ہیں۔ آسٹرین چانسلر سباستیان کرس اور نائب چانسلر ویرنر کوگلر نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختص کردہ رقم سے ملکی معیشت کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔ دوسری طرف افریقی ممالک روانڈا اور نیمبیا میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یوں اب تک 17 افریقی ممالک میں بھی یہ وبا پہنچ چکی ہے۔ روانڈا کی وزارت صحت کے مطابق اس افریقی ملک میں کووڈ انیس سے متاثر ہونے والا شخص بھارتی شہری ہے، جو آٹھ مارچ کے روز ممبئی سے روانڈا پہنچا تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں نئے کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ[/pullquote]

انڈونیشیا میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد چھیانوے ہو گئی ہے۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ مزید ستائیس افراد اس عالمی وبا کا شکار ہو گئے ہیں۔ محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ اس وائرس میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد مسلم آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے اس ملک کے دارالحکومت جکارتہ میں تمام تعلمی ادارے دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]عراق میں التاجی ملٹری اڈے پر پھر راکٹ حملے[/pullquote]

عراق میں التاجی ملٹری بیس پر ہفتے کی صبح متعدد راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ اس بیس میں امریکی اتحادی افواج کے دستے تعینات ہیں۔ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ اس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس اڈے میں موجود ایک عراقی کرنل نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ انہوں نے دس راکٹ حملوں کی آوازیں سنی ہیں۔ اسی طرح کا ایک حملہ بدھ کے دن بھی کیا گیا تھا، جس میں دو امریکی اور ایک برطانوی فوجی مارا گیا تھا۔ اس حملے کے بعد امریکی فضائیہ نے جوابی کارروائی کی تھی، جس کی وجہ سے چھ عراقی مارے گئے تھے۔ امریکا نے ان حملوں کا الزام ایران نواز جنگجو گروہ ’کتائب حزب اللہ‘ پر عائد کیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں معطل کر دیں[/pullquote]

سعودی عرب نے ہفتے کے دن اعلان کیا ہے کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو دو ہفتوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ قدم نئے کورونا وائرس کی وبا کے ردعمل کے طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔ سعودی حکومت اس سے قبل عمرے پر بھی پابندی عائد کر چکی ہے۔ دیگر خلیجی ممالک بھی اس عالمی وبا سے نمٹنے کی خاطر غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں ہنگامی صورتحال نافذ[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر امریکا نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعے کے دن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عالمی وبا کو شکست دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس خطرے کے تناظر میں پچاس بلین ڈالر کا ریلیف فنڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکا میں کووڈ انیس میں مبتلا افراد کی تعداد تقریبا دو ہزار ہو چکی ہے جبکہ 43 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریبا پانچ ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]چین میں کووڈ انیس کے نئے کیس[/pullquote]

چین میں کووڈ انیس کے نئے گیارہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بیجنگ حکومت کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد وہ ہیں، جو بیرون ممالک سے وطن لوٹے ہیں۔ یوں یہ وبا اب چین کے دو بڑے شہروں بیجنگ اور شنگھائی بھی پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں نئے کورونا وائرس کی وبا پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان سے پھوٹی تھی۔ چین میں اس وبا کی وجہ سے تقریبا اکتیس سو افراد ہلاک جبکہ اسی ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]متعدد یورپی ممالک سے امریکا سفر کرنے پر پابندی نافذ العمل[/pullquote]

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر یورپی یونین کے رکن ممالک سے امریکا سفر کرنے پر پابندی کا اطلاق ہو گیا ہے۔ اب چھبیس یورپی ممالک میں رہنے والے افراد تیس دنوں کی مدت کے لیے امریکا کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ اس پابندی کا اطلاق البتہ برطانیہ اور جمہوریہ آئرلینڈ پر نہیں ہو گا اور ساتھ ہی یورپ میں مقیم امریکی شہری بھی واپس وطن لوٹ سکیں گے۔ دوسری طرف یورپی رہنماؤں نے اس عالمی وبا کی وجہ سے سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ماکروں نے حال ہی میں کہا کہ کورونا کا کوئی پاسپورٹ نہیں اس لیے سفری پابندیاں اس بحران کا حل نہیں ہو سکتیں۔

[pullquote]امریکی فوجی ملک کے اندر بھی سفر نہیں کریں گے[/pullquote]

امریکی فوج نے کہا ہے کہ سروس ممبرز کے اندرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ محکمہ دفاع کے مطابق اس اقدام کا مقصد فوجیوں میں نئے کورونا وائرس کی ممکنہ انفیکشن کو روکنا ہے۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ کچھ انتہائی ضروری کاموں کی وجہ سے سروس ممبرز سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس سے قبل پینٹا گون نے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے بیرون ممالک سفر پر بھی پابندی عائد کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کوشش ہے کہ ملکی فوج پر اس عالمی وبا کے اثرات کم سے کم ہوں۔

[pullquote]بل گیٹس مائیکروسافٹ کے بورڈ سے بھی مستعفی[/pullquote]

مائیکرو سافٹ کی شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ وہ کمپنی کے بورڈ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ جمعے کے دن جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ خیراتی کاموں پر اپنی توجہ مرکوز کر سکیں۔ گیٹس نے سن انیس سو پچھتر میں پال ایلن کے ساتھ مل کر مائیکرو سوفٹ کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ سن دو ہزار تک اس کمپنی کے سی ای او تھے تاہم بعد ازاں انہوں نے مرحلہ وار اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونا شروع کر دیا تھا۔ گیٹس کے بقول وہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

[pullquote]نئے کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کے مقابلے بھی متاثر[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ یورپ میں فٹ بال کے مقابلوں میں خلل کے بعد اب کرکٹ کے بین الاقوامی مقابلے بھی معطل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ تازہ پیش رفت کے نتیجے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سریز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کووڈ انیس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے جبکہ انڈین پریمیئر لیگ بھی طے شدہ پروگرام کے تحت شروع نہیں ہو سکے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے