[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد قریب دو لاکھ[/pullquote]
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد قریب دو لاکھ ہو گئی ہے جب کہ اس وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہزار چار سو انیس تک پہنچ گئی ہے۔ چین میں گزشتہ برس دسمبر میں سامنے آنے والا یہ وائرس اب دنیا کے 164 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چین میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد قریب 81 ہزار تھی، جن میں سے 32 سو 37 افراد ہلاک ہوئے۔ اٹلی اس وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں مجموعی طور پر ساڑھے اکتیس سو افراد میں اس وائرس کی تشخص ہوئی جب کہ یہاں قریب تین ہزار افراد اس وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان میں اس وائرس کے نتیجے میں پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔
[pullquote]یورپ سے جاپان آنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کرنے کا کہا جائے گا[/pullquote]
جاپان حکومت یورپ سے جاپان آنے والے تمام افراد کو خود سے قرنطینہ کر لینے کا کہنے والی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں جاپانی شہری بھی شامل ہوں گے۔ جاپانی حکومت کے نئے منصوبے کے مطابق وہ اسپین، اٹلی، آئس لینڈ اور سوٹزرلینڈ کے چند خاص علاقوں کا رخ کرنے والوں کو ملک میں داخلے سے روکنے کا اعلان بھیکرنے والی ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری کے لیے وزارتی سطح کا اجلاس آج بدھ کے روز منعقد ہو رہا ہے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ نیا منصوبہ کب سے نافذالعمل ہو گا۔
[pullquote]ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی ایک اور لہر[/pullquote]
ایران میں کورونا وائرس کے نتیجے میں مزید 147 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایران میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار تین سو 61 ہے، جب کہ یہاں اب تک اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ سو پینتیس ہو چکی ہے۔ ایران میں چوبیس گھنٹوں میں ہلاکتوں کے اعتبار سے یہ سب سے بدترین دن تھا۔ جمعے کو ایران میں نیا فارسی سال نوروز منایا جانا ہے اور خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ اس موقع پر ہونے والے اجتماعات اس وائرس کو مزید پھیلاؤ دے سکتے ہیں۔
[pullquote]سفری پابندیاں، فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 140 مسافروں کو جرمنی میں داخلے سے روک دیا گیا[/pullquote]
جرمنی میں سفری پابندیوں سے متعلق نئی ہدایات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 140 مسافروں کو جرمنی میں داخلے سے روک دیا گیا۔ ان نئی پابندیوں کے مطابق سیاحتی یا کاروباری ویزہ پر جرمنی میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ فرینکفرٹ ایئرپورٹ کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر رضا احمری نے بتایا کہ فی الحال جرمنی میں داخلہ یورپی شہریوں یا جرمنی کے رہائشی پرمٹ کے حامل افراد کو دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]سیاسی رہنماؤں نے وائرس کے خطرات کا درست انداز نہیں لگایا، یورپی یونین[/pullquote]
یورپی کمیشن کی صدر اُرزلا فان ڈیر لاین نے اعتراف کیا ہے کہ یورپی سیاسی قیادت کورونا وائرس کے خطرات کو درست انداز سے بھانپنے میں ناکام رہی۔ بدھ کے روز ایک جرمن اخبار سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دان جو اس شعبے کے ماہر نہیں ہیں، انہوں نے کورونا وائرس کے خطرات کا درست انداز نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دو یا تین ہفتے قبل جن اقدامات کو نہایت تکلیف دہ قرار دیا جا رہا تھا، اب ان کے اٹھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ فان ڈیر لائن نے تاہم فرانسیسی صدر ماکروں کی جانب سے کورونا وائرس کو ان دیکھے دشمن قرار دینے سے اتفاق نہیں کیا۔ فان ڈیر لائن نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر وائرس کے لیے یہ اصطلاح استعمال نہیں کریں گی، تاہم انہوں نے وائرس کے انسداد کے لیے فرانسیسی صدر کے عزم کی تعریف کی۔
[pullquote]عراقی شیعہ جماعتیں نئی وزیراعظم کی نامزدگی کے خلاف[/pullquote]
عراقی میں مختلف شیعہ سیاسی جماعتوں نے بدھ کے روز عدنان الزرفی کی نامزدگی کے خلاف اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 54 سالہ الزرفی نجب کے سابقہ گورنر ہیں اور انہیں موجودہ وزیراعظم عادل عبدالمہدی کی جگہ وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔ زلفی کو دستور کے مطابق اگلے 30 روز میں 329 رکنی عراقی پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ صدر برہم صالح کو وزیراعظم نامزد کرنے کی بجائے یہ کام پارلیمان کے سپرد کرنا چاہیے تھا۔
[pullquote]شام کے موضوع پر ایردوآن کی جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے رہنماؤں سے بات چیت[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے شام اور مہاجرین کے موضوعات پر ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر امانویل ماکروں اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے گفت گو کی۔ اس چار فریقی بات چیت میں ترکی کی جانب سے گزشتہ ماہ مہاجرین کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کے اعلان پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس ترک اقدام پر یورپی یونین نے خدشات کا اظہار کیا تھا کیوں کہ اس اقدام کے بعد ہزاروں تارکین وطن نے ترکی سے یونان پہنچنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ ترکی میں قریب چار ملین شامی پناہ گزین موجود ہیں۔ انقرہ حکومت کا مطالبہ ہے کہ یورپی یونین ان مہاجرین کے لیے ترکی کی مدد کرے۔
[pullquote]اسلامک اسٹیٹ‘ کے نئے سربراہ کا نام بھی امریکی بلیک لسٹ میں شامل[/pullquote]
امریکا نے منگل کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے نئے سربراہ عامر محمد عبدالرحمان المولی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ اکتوبر میں امریکی کمانڈوز کی ایک کارروائی میں ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد المولی کو اس دہشت گرد گروہ کا نیا سربراہ بنایا گیا ہے۔ امریکی حکام اعتراف کرتے ہیں کہ وہ المولی سے متعلق زیادہ معلومات کے حامل نہیں ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ المولی ماضی میں عراق میں القاعدہ کے لیے کام کر چکا ہے۔ پومپیو کے مطابق المولی ایزدی اقلیت کے خلاف تشدد کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ستمبر 2001 کے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث ہونے کے الزام پر امریکا نے پہلے ہی المولی کے سر کی قیمت 5 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔
[pullquote]مزید تین فتوحات، جوبائیڈن بیرنی سینڈرز سے مزید آگے[/pullquote]
ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدواری کی دوڑ میں شامل جو بائیڈن نے فلوریڈا، ایلنوئے اور ایریزونا میں اپنے حریف بیرنی سینڈرز کے مقابلے میں واضح فتح حاصل کی۔ اس طرح ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدواری کے حصول میں سابق نائب صدر جوبائیڈن اب خاصے آگے ہیں۔ ان تازہ فتوحات کے بعد جوبائیڈن پارٹی ڈیلیگیٹس کے اعتبار سے بیرنی سینڈرز سے قریب دوگنا فاصلہ بنانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ واضح رہےکہ رواں برس نومبر میں امریکی صدارتی انتخابات ہونا ہیں اور ڈیموکریٹک پارٹی نے ان انتخابات کے لیے اپنا امیدوار چننا ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس، دنیا بھر کی حکومتیں سرحدوں کی بندش میں مصروف[/pullquote]
دنیا بھر میں بہت سے ممالک سرحدوں کی بندش اور لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یورپی یونین کے رہنماؤں نے یونین کی بیرونی سرحدوں کو اگلے تیس روز تک بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ کینیڈا اور امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو دونوں ملکوں کے درمیان غیرضروری سفر سے باز رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ فلپائن نے ملک میں موجود تمام غیرملکیوں کو 72 گھنٹوں میں ملک سے نکل جانے کا کہا ہے۔ یورپی کمشین کی سربراہ اُرزلا فان ڈیر لاین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے بلاک کے رکن ممالک میں اشتراکِ عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
[pullquote]وینیزویلا کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امداد کی اپیل آئی ایم ایف نے مسترد کر دی[/pullquote]
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے وینیزویلا کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پانچ ارب ڈالر کے ہنگامی قرضے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے وینیزویلا کی پہلے سے بحران کی شکار اقتصادیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایک ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے 189 رکن ممالک میں اب تک اس معاملے پر ابہام ہیں کہ وینیزویلا کا قانونی رہنما نکولاس مادورو یا خوان گائیڈو میں سے کون ہے اور ایسی صورت میں اس ملک کی جانب سے قرضے کی اپیل پر غور نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات اہم ہے کہ وینیزویلا پر امریکا نے سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جب کہ تیل کی قیمتوں میں شدید گراوٹ کی وجہ سے وینیزویلا کی اقتصادیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔