ہفتہ : 21 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عالمی سطح پر کورونا وائرس کے باعث اموات گيارہ ہزار سے متجاوز[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کی وبا دنیا کے 186 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ اب تک 2,77,031 افراد متاثر اور 11,421 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں بھی مریضوں کی تعداد 534 اور ہلاکتوں کی تعداد تین ہو چکی ہے۔ يورپی ملک اٹلی ميں ايک ہی دن ميں 627 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ چين ميں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3,255 ہے۔ دريں اثناء چين ميں مسلسل تين دنوں سے داخلی سطح پر منتقل ہونے والا اس وائرس کا کوئی نيا کيس سامنے نہيں آيا البتہ جو چينی باشندے بيرون ملکوں سے لوٹ رہے ہيں، ان سے وائرس کے پھيلاؤ ميں اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]ايران ميں اقتصادی سرگرميوں کی جلد بحالی پر زور[/pullquote]

گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران مزيد ايک سو سے زائد ہلاکتوں کے بعد ايران ميں نئے کورونا وائرس کے باعث ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد اب 1,556 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان کيانوش جہان پور کے مطابق ملک ميں ہفتے تک کووڈ انيس کے کُل مريضوں کی تعداد 20,610 ہے۔ صدر حسن روحانی نے ہفتے کو عوام سے اپنے خطاب ميں کہا کہ سماجی سطح پر بندشيں، مزيد دو سے تين ہفتوں تک جاری رہيں گی، جس کے بعد وہ ملک ميں اس وبا کا زور ٹوٹتا ہوا ديکھ رہے ہيں۔ ملکی معيشت کی ابتر صورتحال کے سبب، ايرانی صدر نے اقتصادی سرگرميوں کو جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر زور ديا۔

[pullquote]امريکا کی تين رياستيں لاک ڈاؤن، ستر ملين افراد متاثر[/pullquote]

امريکا کی سب سے بڑی رياست کيلی فورنيا کے بعد الينوائے اور نيو يارک ميں بھی اس اختتام ہفتہ سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو رہا ہے۔ مجموعی طور ان تين رياستوں ميں ستر ملين سے زائد افراد رہائش پذير ہيں۔ اس دوران کسی بھی قسم کے اجتماع اور غير ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہو گی۔ تاہم ادويات يا گھريلو ساز و سامان کی خريداری کے ليے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔ دريں اثناء نائب امريکی صدر مائيک پينس کے عملے کے ايک رکن ميں کورونا وائرس کے مرض کی تشخيص ہوئی ہے۔ جنوبی امريکا ميں وينزويلا، پيرو اور ایکواڈور کے بعد بيس مارچ کی شب کولمبيا نے بھی ملک گير سطح پر لاک ڈاؤن نافذ کر ديا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے نوجوانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے، ڈبليو ايچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے دنيا بھر کے نوجوانوں کو خبردار کيا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم سے ان کو بھی خطرہ لاحق ہے اور وہ خود کو قطعی طور پر اس وائرس سے ’بالکل محفوظ‘ نہ سمجھيں۔ ڈبليو ايچ او کے سربراہ نے کہا کہ يہ وائرس نوجوانوں کو ہفتوں کے ليے ہسپتال بھيج سکتا ہے اور ان کی موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ اگر کورونا وائرس نوجوانوں کی موت کا سبب نہيں بھی بنتا، تو بھی ان کی نقل و حرکت اور ان کے فيصلے دوسروں پر اثر انداز ہوتے ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم عمر رسيدہ افراد اور پہلے سے سانس يا پھيپھڑوں کے امراض ميں مبتلاء افراد کے ليے زيادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔

[pullquote]بھارتی قوائد و ضوابط غير واضح، کے ايل ايم کی پرواز واپس کر دی گئی[/pullquote]

بھارت ميں کورونا وائرس کے حوالے سے قوائد و ضوابط کے بارے ميں مستند معلومات کی عدم دستيابی کے سبب ايمسٹرڈيم سے نئی دہلی جانے والی کے ايل ايم کی ايک پرواز، دوران سفر ہی واپس لوٹا دی گئی۔ مسافروں کے مطابق روس کے اوپر سے اڑتے وقت اور پرواز کے چار گھنٹے گزر جانے کے بعد انہيں اس فيصلے کے بارے ميں مطلع کيا گيا۔ يہ پيش رفت جمعے اور ہفتے کی درميانی رات کی ہے۔ بھارت نے اتوار سے يورپ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی کا اعلان کر رکھا ہے۔ ايک اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتايا ہے کہ ہوائی جہاز کو واپسی کا باقاعدہ طور پر کہا گيا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کا فی الحال اس پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

[pullquote]يونان ميں 5.6 شدت کا زلزلہ[/pullquote]

يونان ميں آج بروز ہفتہ زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کيے گئے۔ ريکٹر اسکيل پر 5.6 کی شدت کا يہ زلزلہ دارالحکومت ايتھنز سے 316 کلوميٹر شمال مغرب کی طرف واقع کنالاکی نامی ضلعے ميں مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر انچاس منٹ پر آيا۔ زلزلے کے باعث پارگا شہر ميں عمارتوں اور ديگر تنصيبات کو کافی نقصان پہنچا تاہم فی الحال کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہيں ہے۔ يونان جغرافيائی لحاظ سے دنيا ميں ايک ايسے مقام پر واقع ہے، جہاں اکثر زلزلے کے جھٹکے محسوس کيے جاتے ہيں۔

[pullquote]جرمنی: انتہائی دائيں بازو کی ريليوں اور مظاہروں ميں کمی[/pullquote]

جرمنی ميں گزشتہ برس انتہائی دائيں بازو کے نظريات کے حامل افراد کی ريليوں اور مظاہروں ميں کمی ديکھی گئی۔ سن 2019 ميں مجموعی طور پر ايسے صرف 124 اجتماعات ديکھے گئے، جن کا انعقاد عموماً اسلام اور مہاجرين مخالف تحريک پيگيڈا نے کرايا۔ سن 2018 ميں ايسی ريليوں اور مظاہروں کی تعداد 195 اور سن 2015 ميں تعداد 590 تھی۔ انتہائی دائيں بازو کے نظريات کے حامل افراد کی ريليوں اور مظاہروں ميں شرکت کرنے والوں کی تعداد ميں بھی بتدريج کمی ديکھی گئی۔ سن 2015 ميں اوسطاً ايک لاکھ افراد ايسے اجتماعات ميں شرکت کرے تھے جبکہ 2018 ميں اوسط بتيس ہزار اور پچھلے سال اوسط بيس ہزار رہی۔

[pullquote]شمالی کوريا کا تازہ ميزائل تجربہ[/pullquote]

شمالی کوريا نے مبينہ طور پر ميزائلوں کا ايک تازہ تجربہ کيا ہے۔ جنوبی کوريائی فوج کے مطابق درميانے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے دو بيلسٹک ميزائل جزيرہ نما کوريا کے مشرقی سمندر ميں جمعے اور ہفتے کے درميان کسی وقت داغے گئے۔ ماہرين کے مطابق پيونگ يانگ يہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگير وباء کے باوجود اس کا حوصلہ کمزور نہيں پڑا ہے۔ ہفتے کی صبح ہی يہ اعلان بھی کيا گيا کہ اپريل ميں شمالی کوريائی سپريم پيپلز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہو گا، جس ميں سات سو ارکان کی شرکت متوقع ہے۔

[pullquote]ايران اور فرانس کے مابين قيديوں کا تبادلہ[/pullquote]

ايران نے فرانسيسی محقق رولان مارشال کو رہا کر ديا ہے۔ اس پيش رفت کی تصديق فرانسيسی صدارتی دفتر نے بھی کر دی ہے اور ساتھ ہی تہران حکومت پر زور ديا ہے کہ تعليم کے شعبے سے وابستہ ايک اور فرانسيسی شہری اور فريبا عادلخواہ کو بھی رہا کيا جائے۔ رہائی کے بعد مارشال آج سہ پہر واپس فرانس پہنچ رہے ہيں۔ وہ سلامتی سے متعلق ایک مقدمے ميں پچھلے سال جون سے ايران ميں قيد تھے۔ ان کی رہائی پيرس اور تہران حکومتوں کے مابين قيديوں کے تبادلے پر کامياب بات چيت کے نتيجے ميں عمل ميں آئی۔ دونوں فرانسیسی شہریوں کی گرفتاری پيرس اور تہران حکومتوں کے مابين تنازعے کا سبب بنی رہی تھی۔ فرانسيسی حکام نے بھی ايرانی انجينيئر جلال روح اللہ نژاد کو رہا کر ديا ہے۔

[pullquote]گريمی ايوارڈ يافتہ موسيقار کينی راجرز انتقال کر گئے[/pullquote]

گريمی ايوارڈ يافتہ اور کنٹری ميوزک کے ليجنڈ موسيقار کينی راجرز اکیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہيں۔ ان کی اہل خانہ نے ہفتے کی صبح ايک ٹوئيٹ کے ذريعے راجرز کے انتقال کی تصدیق کی۔ ان کا انتقال جمعے کی شب رياست جارجيا کے شہر سينڈی اسپرنگز ميں ان کے گھر پر ہوا۔ سن 1970 اور 1980ء کی دہائيوں ميں کينی راجرز ايک معروف آواز تھے اور انہوں نے کئی ايوارڈز جيتے۔ امريکا ميں موسيقی کی صنعت کے ساتھ قريب ساٹھ برس وابستہ رہنے کے بعد وہ تين برس قبل ريٹائر ہو گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے