وزیراعظم نے وبا کے مشکل ترین حالات میں بھی مایوسی پھیلائی: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے ردعمل میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے مشکل ترین حالات میں بھی وزیراعظم نے مایوسی پھیلائی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف جنگ ہو یا کورونا وائرس سے لڑائی عمران خان نے ہمیشہ قوم کو تقسیم کیا لیکن ہمیں ہر صورت عوام کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ آج ہماری صورتحال اٹلی کی طرح نہیں ہے، اگر ہم کچھ نہیں کریں گے تو ویسی ہی صوتحال بن جائے گی اور وہ اچھا صحت کا نظام ہونے کے باوجود برداشت نہیں کرسکے تو ہم کیسے کریں گے؟ وفاقی حکومت سے اپیل ہی کرسکتا ہوں کہ جلد ایکشن لینا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ 18 ماہ میں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کرنے والے حاکم کو اب غریب یاد آئے ہیں؟ روزگار بچانے کے نام پر لوگوں کو موت کے منہ میں نہیں دھکیلا جا سکتا، بہانے بنانے کے بجائے وزیراعظم قومی وسائل غریبوں پر خرچ کیوں نہیں کرتے؟ اگر اب بھی قومی وسائل اور خزانہ عوام پر خرچ نہیں ہوگا تو کب ہوگا؟

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو بھی سراہا اور عوام سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام گھروں پر رہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے آج قوم سے دوسرا خطاب کیا جس میں انہوں نے ایک بار پھر ملک میں لاک ڈاؤن سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 796 تک جاپہنچی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے