اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ صحیح وقت پرصحیح اقدامات کرنے سے چین نے وبا پر قابو پایا ہے اور پبلک ہیلتھ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔
گزشتہ روز چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم اسلام آباد پہنچی تھی جن کا استقبال وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا۔
آج چینی ڈاکٹرز کے وفد نے قومی ادارہ صحت کا دورہ کیا جن کے ہمراہ چین میں تعینات پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
ترجمانِ وزارتِ صحت کے مطابق اس موقع پر چینی ڈاکٹرز کے وفد نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کی جس میں انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومت پاکستان بھرپور عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس وقت ہم آپ کے ماہرین سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے، دو دنوں پر مشتمل ٹریننگ ہوگی، چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے پاکستانی ڈاکٹرز بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین نے پبلک ہیلتھ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے، چین نے60 ملین لوگوں کو قرنطینہ میں رکھ کر تاریخ رقم کیا، اگر چین نے یہ اقدامات نہ کیے ہوتے تو دنیا زیادہ خطرے میں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پالیسیز کا مؤثر عملدرآمد اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور یہ صرف پاکستان نہیں پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف چینی اقدامات پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صحیح وقت پر صحیح اقدامات کرنے سے چین نے وبا پر قابو پایا ہے۔
بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے، ہم چین کےتعاون کے شکرگزار ہیں، تشخیصی کٹس،حفاظتی سامان سب کچھ دیا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چینی شہریوں کوپاکستان کےسفر سے 14روز قرنطینہ کے بغیر سفر کرنے سے منع کرنا احسن اقدام تھا کیونکہ ہمارے پاس چین کی ٹریول ہسٹری کا ایک بھی مریض نہیں ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ ہمارے پاس چین سے کوئی کیس نہیں ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ہم نے یہ بھی طے کیا کہ ووہان سے اپنے طلبا کو نہیں نکالیں گے یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے چینی تجاویز پر عمل کیا کیونکہ چین نےہمارے طلبا کا خیال رکھا اور اب طلبا ہمارا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔