منگل : 31 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد آٹھ لاکھ کے قریب[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر متاثرین کی تعداد آٹھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار کے قریب ہے۔ دوسری طرف اس وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں انفیکشنز کی تعداد ایک لاکھ پیسنٹھ ہزار ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جن کی تعداد گیارہ ہزار چھ سو ہے۔ امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار دو سو کے قریب ہے۔ جرمنی میں متاثرین کی تعداد سڑسٹھ ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 650 ہے۔

[pullquote]چین میں جنگلاتی آگ، آگ بجھانے والے عملے کے 18 اہلکار ہلاک[/pullquote]

چین کے جنوب مغربی حصے میں لگنے والی جنگلاتی آگ کے سبب ایک عام شہری اور آگ بجھانے والے عملے کے 18 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق آگ بھجانے میں مصروف یہ افراد اس وقت شعلوں میں گھر کر رہ گئے جب ہوا کا رُخ اچانک بدل گیا۔ یہ آگ چینی صوبہ سیچوان میں لگی ہوئی ہے۔ اسی صوبے میں گزشتہ برس جنگلاتی آگ بجھانے کے دوران پیش آنے والے حادثے میں 26 فائر فائٹر مارے گئے تھے۔

[pullquote]ایران میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 2900 تک پہنچ گئی[/pullquote]

ایران میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2,898 ہو گئی ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں 141 افراد کووڈ انیس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس وقت ایران میں اس بیماری کے شکار افراد کی تعداد 44,606 ہے جن میں سے 3,703 کی صورتحال نازک ہے۔ وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3,111 نئے کیسز سامنے آئے۔

[pullquote]روسی پارلیمان نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل کی سزا کا بل منظور کر لیا[/pullquote]

روسی پارلیمان کے ایوان زیریں نے ایک قانونی بل منظور کیا ہے جس کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ حکومتی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سات برس تک کی جیل کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں دو ملین روبل تک کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ رقم 25 ہزار پانچ سو ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ اس بل کو قانون کا درجہ دینے کے لیے روسی پارلیمان کے ایوان بالا سے منظوری اور پھر صدر ولادیمیر پوٹن کے دستخط لازمی ہوں گے۔ یہ بل ایک ایسے موقع پر منظور کیا گیا ہے جب ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2,337 ہو گئی ہے۔ روس کے قریب ایک درجن علاقوں نے لوگوں کو گھروں پر رہنے کا حکم دیا ہے۔

[pullquote]کورنا سے صحت یاب ہونے والوں کو کام کی اجازت دے دی جانا چاہیے، جرمن طبی حکام[/pullquote]

جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق ایسے افراد پر باہر نکلنے کی پابندیاں نرم کر دی جانا چاہییں جو کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس ایسوسی ایشن کے صدر کلاؤس رائہارٹ کے بقول یہ بہتر ہو گا کہ زیادہ سے زیادہ جرمن لوگوں میں ممکنہ طور پر اینٹی باڈیز بننے کے معاملے کا تجزیہ کیا جائے۔ ان کے بقول جو لوگ نئے کورونا وائرس کی انفکیشن سے گزر چکے ہیں وہ نہ تو خود خطرے میں ہیں اور نہ ہی دیگر لوگوں کے لیے خطرہ ہیں۔ جرمنی میں اس وقت کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد سڑسٹھ ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی طرف سے غریب ممالک کے لیے امدادی پیکج کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے سبب ترقی پذیر ممالک کے لیے بہت بڑے امدادی اقتصادی پیکج کا مطالبہ کیا ہے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے ادارے ٹریڈ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی کانفرنس کے موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ غریب ممالک کو قرض میں سہولت کے لیے ڈھائی ہزار بلین ڈالرز فراہم کیے جانا چاہییں۔ اس طرح ترقی پذیر ممالک کو کورونا کی وبا کے نقصانات سے بچنے کے لیے وسائل حاصل ہو سکیں گے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے مطابق صرف افریقہ میں کورونا وائرس کے باعث نصف سے زائد نوکریاں ختم ہوجانے کا اندیشہ ہے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد چین کے قریب پہنچ گئی[/pullquote]

امریکا میں نئے کورونا وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چین میں اسی وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چین میں گزشتہ برس دسمبر سے اب تک کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3305 ہے جبکہ امریکا میں ایسی ہلاکتیں 3170 تک پہنچ گئی ہیں۔ اٹلی اور اسپین پہلے ہی چین میں ہلاکتوں کی تعداد کے مقابلے میں کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ اسپین میں ایسی ہلاکتوں کی تعداد 7716 جبکہ اٹلی میں 11591 ہے۔ فرانس میں بھی کووڈ انیس اب تک 3004 لوگوں جانیں لے چکا ہے۔ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 2757 جبکہ انفیکشنز کی تعداد 41495 ہے۔

[pullquote]بھارت: ہزارہا افراد کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے آبائی علاقوں کی طرف جانے کی کوشش میں[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے دو ہفتوں کے لیے عائد کردہ کرفیو کے بعد ہزارہا ورکرز بڑے شہروں سے نکل کر اپنے آبائی علاقوں کی طرف جانے کی کوشش میں ہیں۔ دور دراز علاقوں کی طرف ایسے لوگوں کے روانگی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں سے سرحدیں بند کرنے کو کہا ہے اور ساتھ ہی ایسے ورکرز کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کی طرف سے تیل کی برآمدات میں ریکارڈ اضافے کا اعلان[/pullquote]

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی کے مہینے سے ہر روز اپنی تیل کی برآمدات میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ بیرل تک کا ریکارڈ اضافہ کریگا۔ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کورونا وائرس کی وبا کے سبب عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی ہے اور سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی قیمتوں کے حوالے سے جنگ جاری ہے۔ سعودی عرب میں وزارت توانائی سے وابستہ ایک افسر نے حکومتی نیوز ایجنسی ایس پی اے کو بتایا کہ سعودی عرب کا مئی سے پیٹرول کی برآمدات میں یومیہ چھ لاکھ بیرل اضافے کا منصوبہ ہے۔ اس اضافے سے سعودی عرب کی ہر روز کی تیل کی برآمدات بڑھ کر ایک کروڑ چھ لاکھ بیرل تک پہنچ جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے