پھر وہی کالے قول

لمبے لمبے بھاشنوں، بیانوں کیلئے سیاستدانوں، حکمرانوں کی کیا کمی ہے جو میں بھی اسی کام پہ لگا رہوں سو مختصر مختصر کالے قول ۔…٭ …٭ …لجاجت، عجز اور انکسار خطرناک ترین ہتھیار ہیں…٭ …٭ …پاکستان میں ایک کھیل ایسابھی ہے جس میں وکٹری سٹینڈ کی تینوں پوزیشنز پر ایک ہی آدمی کھڑا ہوتاہے۔…٭ …٭ …

وہ معاشرہ کیسا ہو گا جس میں ان لوگوں کی لاٹری بھی نکل آتی ہے جنہوں نے لاٹری ٹکٹ ہی نہیں لیا ہوتا۔ اسی صورتحال کو مدتوں پہلے محسن بھوپالی کچھ یوں بیان کر گئے’’منزل انہیں ملی جو شریک سفر نہ تھے‘‘…٭ …٭ …تبلیغ کیلئے تمیز بنیادی شرط ہے۔…٭ …٭ …اچھائی کی ’’سرمایہ کاری‘‘ میں کبھی کسی کو نقصان نہیں ہوا۔…٭ …٭ …

کچھ کئے بغیر پانے کی خواہش صرف معذوروں پہ جچتی ہے۔…٭ …٭ …غصہ غصیل کا دشمن ہوتا ہے۔…٭ …٭ …مقبولیت تو مسخروں اور مکروہ ترین کو بھی مل جاتی ہے۔…٭ …٭ …مچھیرا نہیں جال مچھلی پھنساتا ہے۔…٭ …٭ …خاموشی کو ہمیشہ شک کا فائدہ ملتا ہے۔…٭ …٭ …دھاگے نے سوئی کے پیچھے ہی جانا ہوتا ہے۔…٭ …٭ …دعا بہترین دوا ہے لیکن اس کے لئے بہت سی باتوں سے پرہیز ضروری ہے اور اسی لئے بہت سے لوگوں کی دعائیں قبول نہیں ہوتیں۔…٭ …٭ …میرے لئے میں ہی بہترین ماہر نفسیات ہوں اور یہی حال آپ کا بھی ہے۔…٭ …٭ …

روسیاہ پر کوئی اور رنگ نہیں ٹھہرتا۔…٭ …٭ …کتاب قدیم ترین ٹائم مشین ہے۔…٭ …٭ …جو قوم کتاب سے گئی، سمجھو حساب سے گئی۔…٭ …٭ …جتنا وسیع تجربہ، اتنا ہی گہرا آدمی۔…٭ …٭ …خام خیال، خراب خیال سے بہتر ہوتا ہے۔…٭ …٭ …بدن کو زینت کے لئے وارڈ روب اور ڈریسنگ ٹیبل بھری ہے لیکن روح کی زینت کے لئے کوئی شاپنگ نہیں؟…٭ …٭ …جنگ جیتنے کیلئے میدان جنگ کا انتخاب فیصلہ کن ہوتاہے۔…٭ …٭ …

شہرت، عزت اور عقیدت مختلف مراحل ہیں۔…٭ …٭ …تنہائی پہلی اور آخری سچائی ہے۔…٭ …٭ …قدرت ’’وقت‘‘ جیسا سرمایہ ہر قوم، قبیلے اور فرد کو یکساں عطا کرتی ہے۔…٭ …٭ …کبھی کبھی ایک خوبی ہزار خامیوں پہ پردہ ڈال دیتی ہے اور کبھی ایک خامی ہزار خوبیوں کو ڈھانپ دیتی ہے۔…٭ …٭ …کمزور کشتیوں کو کناروں کے قریب رہنا چاہئے۔…٭ …٭ …بدصورت ترین بیان یہ ہو گا کہ میں نے یہ اس لئے کیا کہ باقی سب بھی ایسا ہی کر رہے تھے۔…٭ …٭ …

سستا ترین آدمی وہ ہوتا ہے جو ’’ہر قیمت ‘‘پر کامیابی کا طلب گار ہوتا ہے۔…٭ …٭ …آج کل کے طارق بن زیاد کشتیاں جلا دینے کے ساتھ ساتھ چند ’’لائف بوٹس‘‘ نکرے بھی لگا لیتے ہیں۔…٭ …٭ …آدمی اپنی صحبت سے نہیں، اس صحبت سے پہچانا جاتا ہے جس سے بچنا چاہتا ہے۔…٭ …٭ …جو اخلاقی طور پر درست نہیں وہ سیاسی طور پر بھی درست نہیں ہو سکتا۔…٭ …٭ …پودا لگانا ہی کافی نہیں، پروان بھی چڑھانا ہوتا ہے۔…٭ …٭ …کچھ انڈوں میں دو زردیاں بھی ہوتی ہیں۔…٭ …٭ …بولے بغیر بھی بہت کچھ کہا جا سکتا ہے۔…٭ …٭ …وقت ہمیشہ عین وقت پر آتا ہے۔…٭ …٭ …

ہم وہ سیاح ہیں جن کے ’’گائیڈز‘‘ کو نہ رستوں کا علم ہے نہ منزلوں کی خبر۔…٭ …٭ …بھوک کے چولہے پہ چڑھا ہر کھانا لذیذ ہوتا ہے۔…٭ …٭ …ماضی نہیں بدل سکتے تو مستقبل ہی تبدیل کر لو۔…٭ …٭ …انسان کی بہت سی ’’ضرورتیں‘‘___ غیر ضروری ہوتی ہیں۔…٭ …٭ …بہت زیادہ محبت بھی زیادہ نہیں ہوتی۔…٭ …٭ …خوشیاں نہ مہنگی ہوتی ہیں نہ سستی…٭ …٭ …

انسانی مصافحے اور معانقے اک ایسی شے کی مار نکلے جو نہ دکھائی دیتی ہے نہ سنائی دیتی ہے۔…٭ …٭ …یہ سیکھنا بہت ضروری ہے کہ سیکھنا کیسے ہے۔…٭ …٭ …جو آج حقیقت ہے کل افسانہ ہو گا اور آج کا افسانہ کل کی حقیقت ہے، بس یہی حقیقت ہے۔…٭ …٭ …مردے کے بال اور ناخن نہیں بڑھتے، جسم سکڑتاہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے