[pullquote]کورونا وائرس کی دوسری لہر، جرمنی میں نیا ریکارڈ[/pullquote]
جرمنی میں کورونا وائرس کی شدت کے بعد طبی حکام نے ’سنگین نتائج‘ سے خبردار کر دیا ہے۔ صوبائی سطح پر اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے ملک گیر سطح پر اس عالمی وبا سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا پھوٹنے کے بعد جرمنی میں پہلی مرتبہ ایک دن میں دس ہزار سے زائد نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گیارہ ہزار دوسو افراد کووڈ انیس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ حکام پہلے ہی اس وائرس کی دوسری لہر سے خبردار کر رہے تھے۔
[pullquote]گنی مین صدارتی الیکشن کے بعد مظاہرے، نو افراد مارے گئے[/pullquote]
افریقی ملک گنی میں صدارتی انتخابات کے بعد شروع ہونے والے تشدد کے نتیجے میں نو افراد مارے گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ اٹھارہ اکتوبر کے الیکشن کے بعد اپوزیشن نے مظاہرے شروع کر دیے تھے، جو پرتشدد رنگ اختیار کر گئے۔ سرکاری نتائج کے سامنے آنے سے قبل ہی مرکزی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا تھا، جس کے بعد یہ مظاہرے شروع ہوئے۔
[pullquote]افغان صوبے تخار میں ملکی فضائیہ کا حملہ، بارہ شہری ہلاک[/pullquote]
افغان فضائیہ نے صوبے تخار میں طالبان کے خلاف کارروائی کی۔ اس حملے میں ایک مذہبی مدرسہ نشانے کی زد میں آ گیا۔ حکام نے جمعرات کے دن بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ چودہ زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں بچے بھی شامل ہیں۔ صوبائی ترجمان نے کہا ہے کہ ابھی اس امر کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ شہری ہلاکتیں نادانستہ طور پر ہوئی ہیں یا دانستہ۔ گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں سینتیس سکیورٹی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔ تخار میں بھی جنگجو حکومتی دستوں کے ساتھ جھڑپیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
[pullquote]حریری ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بن گئے[/pullquote]
لبنان کے سنی رہنما سعد الحریری کو ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا ہے۔ صدر میشل عون نے جمعرات کے دن مختلف پارلیمانی دھڑوں سے مشاورت کے بعد حریری کو وزارت عظمیٰ کا منصب سونپا۔ انہیں پارلیمان کے چوالیس ممبران کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ صدر میشل عون کو پارلیمان میں ایران نواز شیعہ سیاسی جماعت حزب اللہ اور ان کے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے۔
[pullquote]تجارتی ڈیل نہ ہوئی تو نقصان آئر لینڈ کو ہو گا، مرکزی بینک[/pullquote]
آئرلینڈ کے مرکزی بینک کے مطابق ’نو ڈیل بریگزٹ‘ کے نتیجے میں یورو زون میں سب سے زیادہ نقصان آئرلینڈ کو ہی ہو گا۔ بینک کے گورنر گبریئل ماخلوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر برطانیہ کسی ٹریڈ ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے نکل جاتا ہے تو آئرلینڈ پر نئے ٹیکس عائد کیے جائیں گے ساتھ ہی ملکی زراعت اور فوڈ سیکٹر کو بھی شدید مالی نقصان ہو گا۔ تجارتی ڈیل کو حتمی شکل دینے کی خاطر برطانیہ اور یورپی یونین کے پاس رواں سال کے اختتام تک وقت ہے۔
[pullquote]سعودی عرب کا بائیکاٹ کیا جائے، امریکی قانون ساز[/pullquote]
امریکی قانون سازوں نے سعودی عرب میں آئندہ ماہ ہونے والی جی ٹوئںٹی سمٹ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پینتالیس امریکی قانون سازوں نے اصرار کیا ہے کہ انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں کے تناظر میں امریکی حکومت کو آئندہ ماہ ریاض میں ہونے والی اس سمٹ میں شریک نہیں ہونا چاہیے۔ امریکی کانگریس کے ممبران نے وزیر خارجہ مائیکل پومپیو سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب یورپی یونین نے انہی تحفظات کی بنا پر اس سمٹ میں اپنی حاضری محدود کرنے کی ایک قرار داد منظور کی ہے۔
[pullquote]جلال آباد بھگڈر، عمران خان کا اظہار افسوس[/pullquote]
افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی ویزے کے حصول کے دوران مچنے والی بھگدڑ کے واقعے پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے سے تقریباً پانچ کلو میٹر دور واقع فٹ بال اسٹیڈیم میں رونما ہوا۔ بدنظمی سے بچنے کی خاطر حکام نے افغان شہریوں سے کہا تھا کہ وہ سفارتخانے کی بجائے شہر کے فٹ بال اسٹیڈیم میں جمع ہوں۔ حادثے کے وقت اسٹیڈیم میں تقریباً چالیس ہزار افراد موجود تھے۔
[pullquote]امریکی الیکشن: روس اور ایران نے مداخلت کی کوشش کی ہے، انٹیلی جنس چیف[/pullquote]
امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ روس اور ایران نے نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن میں مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی قومی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹ ووٹرز کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کرنے کے ذمہ دار یہی دونوں ممالک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں ممالک نے ووٹرز رجسٹریشن انفارمیشن تک بھی رسائی حاصل کر لی ہے۔ سن دو ہزار سولہ کے امریکی صدارتی الیکشن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ الیکشن کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے روس نے مداخلت کی تھی۔ تاہم کریملن اسے رد کرتا ہے۔۔
[pullquote]کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 41.04 ملین ہو گئی[/pullquote]
عالمی سطح پر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 41.04 ملین ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں پھوٹنے والی اس وبا کی وجہ سے 1,127,177 ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ متعدد ممالک میں کورونا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے جبکہ دو سو دس ممالک اور خطے اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ متاثرہ ممالک میں امریکا سر فہرست ہے جبکہ بھارت اور برازیل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
[pullquote]بھارت میں کووڈ انیس کی وبا میں پھر تیزی[/pullquote]
بھارت میں کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7.71 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے جمعرات کے دن بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس جنوب ایشیائی ملک میں کورونا کے تقریبا چھپن ہزار نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ فیسٹیول سیزن میں یہ عالمی وبا مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ کورونا وائرس کی شدت کے باوجود بھارتی معشیت میں بہتری دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ دیوالی اور درگا پوجا جیسی مذہبی تقریبات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]تھائی لینڈ میں ہنگامی اقدامات واپس لے لیے گئے[/pullquote]
تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے حکومت مخالف مظاہروں کو روکنے کی خاطر نافد کیے گئے ہنگامی اقدامات واپس لے لیے ہیں۔ دارالحکومت بنکاک میں حکومت مخالف مظاہرے شروع ہونے کے بعد پندرہ اکتوبر سے چار سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ ان مظاہروں کی وجہ سے ملک کے بادشاہی نظام کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
[pullquote]اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں، تائیوان[/pullquote]
تائیوان نے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ مقابلے کے تحت اسلحے کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں ہو رہا ہے۔ ملکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ البتہ ان کا ملک قابل بھروسہ جنگی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کی خاطر اسلحہ ضرور خریدے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب تائیوان نے امریکا سے ایک اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر اسلحہ ڈیل کو حتمی شکل دی ہے۔ تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے والے ملک چین نے اس ڈیل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا میں کوئلے کی کان میں لینڈ سلائیڈنگ، گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]
انڈونیشیا میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے جمعرات کو بتایا کہ شدید بارش کے نتیجے میں جنوبی صوبے سماترا میں واقع غیر قانونی کوئلے کی ایک کان تباہ ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ تمام لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ انڈونشیا میں بغیر لائسنس کے ہی متعدد کانیں موجود ہیں، جہاں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جاتا۔