[pullquote]آرمینیا کی فوجی ہلاکتوں کی تعداد 974 ہو چکی ہے، نگورنو کاراباخ کی وزارت[/pullquote]
نگورنو کاراباخ کی وزارت دفاع کے مطابق آج اتوار کے روز اس کی فورسز کے 11 مزيد ارکان مارے گئے ہیں۔ اس طرح نگورنو کاراباخ کے علاقے میں جھڑپوں کے آغاز سے اب تک آرمینیا کے فوجیوں کی ہلاکتیں 974 ہو چکی ہیں۔ اس متنازعہ علاقے میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 27 ستمبر کو شروع ہوا تھا۔ 1990ء کی دہائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر یہ شدید ترین جھڑپیں ہیں۔ اس وقت قریب 30 ہزار ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
[pullquote]ایردوآن کے بیان کے جواب میں فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلا لیا[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے فرانسیسی صدر کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔ ترک صدر ایردوآن نے گزشتہ روز اپنے ایک خطاب میں یورپ میں ’اسلام مخالف‘ اقدامات کو تنقید کا ہدف بنایا تھا۔ انہوں نے فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں پر الزام عائد کیا کہ وہ آزادی مذہب کو نہیں سمجھ رہے اور یہ کہ انہیں دماغی معائنے يا علاج کی ضرورت ہے۔ یہ معاملہ پیرس میں ایک 18 سالہ نوجوان کے ہاتھوں ایک استاد کے قتل کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔ اس استاد نے اپنی کلاس میں پیغمبر اسلام کے خاکے طلبہ کو دکھائے تھے۔
[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کو ’ريمبو‘ کہنے والا القاعدہ کا جنگجو افغانستان میں ہلاک[/pullquote]
افغان فوجی دستوں نے صوبہ غزنی ميں ايک آپريشن کے دوران امريکا کو مطلوب القاعدہ کے ايک اہم کمانڈر کو ہلاک کر ديا ہے۔ مصر سے تعلق رکھنے والا ابو محسن المصری اس خطے ميں القاعدہ کا دوسرا سب سے اہم کمانڈر تھا۔ افغان انٹيليجنس ايجنسی نے اتوار 25 اکتوبر کی صبح جاری کردہ بيان ميں ابو محسن المصری کی ہلاکت کی اطلاع دی۔ بتايا گيا ہے کہ اس جنگجو کو مشرقی صوبہ غزنی ميں ايک آپريشن کے دوران مارا گيا۔ نيشنل ڈائريکٹوريٹ آف سکيورٹی (NDS) نے فی الحال اس بارے ميں مزيد کوئی تفصيلات فراہم نہيں کيں کہ المصری کو کب اور کہاں نشانہ بنايا گيا۔ دو برس قبل ايک آڈيو پيغام ميں اس نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو’ڈونلڈ ٹی ريمبو‘ سے تعبير کيا تھا۔
[pullquote]جزیرہ نما سینائی میں بارودی سرنگوں کی زد ميں آ کر کم از کم 14 افراد ہلاک[/pullquote]
مصر کے جزیرہ نما سینائی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر کم از کم 14 افراد مارے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ بات ملکی سکیورٹی اور طبی ذرائع نے آج اتوار کے روز بتائی ہے۔ داعش کے عسکریت پسندوں نے رواں برس جولائی میں سینائی کے مختلف دیہات پر حملے کر کے وہاں کے رہائشیوں کو نکال کر قبضہ کر لیا تھا۔ ملکی فورسز نے اگست میں آپریشن کر کے ان دیہات کو داعش کے قبضے سے چھڑا لیا تھا جس کے بعد رہائشیوں کو واپسی کی اجازت دی گئی تاہم داعش نے ان دیہاتوں میں بارودی سرنگیں نصب کر دی تھیں جو اب ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہیں۔
[pullquote]کابل میں خودکش حملہ، ہلاکتیں بڑھ کر 24 ہو گئیں[/pullquote]
مصر کے جزیرہ نما سینائی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر کم از کم 14 افراد مارے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ بات ملکی سکیورٹی اور طبی ذرائع نے آج اتوار کے روز بتائی ہے۔ داعش کے عسکریت پسندوں نے رواں برس جولائی میں سینائی کے مختلف دیہات پر حملے کر کے وہاں کے رہائشیوں کو نکال کر قبضہ کر لیا تھا۔ ملکی فورسز نے اگست میں آپریشن کر کے ان دیہات کو داعش کے قبضے سے چھڑا لیا تھا جس کے بعد رہائشیوں کو واپسی کی اجازت دی گئی تاہم داعش نے ان دیہاتوں میں بارودی سرنگیں نصب کر دی تھیں جو اب ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہیں۔
[pullquote]تھائی لینڈ میں جمہوریت نوازوں کی طرف سے مظاہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ[/pullquote]
تھائی لینڈ میں جمہوریت نواز رہنماؤں نے وزیر اعظم پرایوت چن اوچا کو مستعفی ہونے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ملک میں مظاہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مظاہرے آج مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے شروع ہوں گے اور یہ سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہے گا۔ پرایوت چن اوچا کو مستعفی ہونے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن مقامی وقت کے مطابق دن دس بجے ختم ہو گئی ہے۔ مظاہرین ملک میں بادشاہت کے حوالے سے اصلاحات اور وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
[pullquote]ترکی نے بحیرہ روم میں گیس کی تلاش کا آپریشن ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا[/pullquote]
ترکی نے کہا ہے کہ وہ مشرقی بحیرہ روم میں گیس کی تلاش کا اپنا آپریشن ایک ہفتہ مزید جاری رکھے گا۔ اس معاملے پر پہلے ہی ترکی اور یونان کے درمیان تناؤ موجود ہے۔ اس علاقے میں جہاز رانی کے اداروں کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحقیقی بحری جہاز ’اورک رائس‘ اور اس کے ساتھ دو دیگر بحری جہاز یونانی جزیرے روہڈس کے جنوبی حصے کے پانیوں میں چار نومبر تک موجود رہیں گے۔ پہلے اس کے لیے 27 اکتوبر کی تاریخ طے تھی۔
[pullquote]کیمرون میں ایک اسکول پر حملہ، کم از کم آٹھ بچے ہلاک[/pullquote]
افریقی ملک کیمرون میں ایک اسکول پر حملے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ بچے مارے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے ادارے کے مطابق ان بچوں کو فائرنگ یا چاقوؤں کے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔ 12 دیگر بچے زخمی بھی ہیں۔ باغی 2017ء سے کیمرون کے مغربی حصے میں آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس دوران تین ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ سات لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
[pullquote]جرمنی میں گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کر دی گئیں[/pullquote]
جرمنی اور يورپ میں موسم گرما کا وقت گزشتہ شب رات تین بجے ختم ہو گیا اور گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کر کے سينٹرل یورپین ٹائم یا سی ای ٹی پر واپس کر دی گئیں۔ اس طرح گزشتہ شب ایک گھنٹہ طویل رہی۔ وقت کی اس تبدیلی کا مقصد دن کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔ بہت سے لوگ وقت کی تبدیلی کے اس سلسلے کو ختم کرنے کے حق میں ہیں۔ لیکن یورپی یونین اس پر کب تک عمل کرے گی یہ ابھی واضح نہیں۔
[pullquote]سام سنگ کمپنی کے سربراہ انتقال کر گئے[/pullquote]
کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے چیئرمین لی کُن ہی 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کا انتقال سیؤل کے ایک ہسپتال میں آج اتوار کے روز ہوا۔ چھ برس قبل ہارٹ اٹیک کے بعد سے لی کُن ہی ہسپتال میں داخل تھے اور چلنے پھرنے سے قاصر تھے۔ فوربز میگزین کے مطابق لی کُن ہی 2009ء کے بعد سے کوریا کے امیر ترین شخص تھے اور ان کی دولت اندازاً 20 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے۔ 1942ء میں پیدا ہونے والے لی نے سام سنگ کمپنی کے بانی اپنے والد کی وفات کے بعد 1987ء میں اس کمپنی کی قيادت سنبھالی تھی۔