[pullquote]جرمنی میں کورونا لاک ڈاؤن میں توسیع ممکن ہے[/pullquote]
جرمنی کے متعدد صوبوں کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن اپریل میں بھی برقرار رہنا چاہیے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج پیر کے دن صوبائی حکومتوں کے ساتھ آن لائن میٹنگ میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گی۔ مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق توقع ہے کہ کورونا کیسوں میں اضافے کے بعد حکومت لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کر دے گی۔ گزشتہ ماہ نئے کیسوں میں کمی کے نتیجے میں حکومت نے اس لاک ڈاؤن میں نرمی برتنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
[pullquote]امریکی کرنسی ڈالر اور مغربی مالی نظام پر انحصار کو کم کر دینا چاہیے، روس[/pullquote]
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے چین کے دورے سے قبل زور دیا ہے کہ بیجنگ اور ماسکو کو امریکی کرنسی ڈالر اور مغربی مالی نظام پر انحصار کو کم کر دینا چاہیے۔ چین کے دو روزہ دوررے کے دوران وہ اپنے چینی ہم منصب کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملیں گے۔ لاوروف کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے، جب روس اور چین دونوں کے ہی امریکا کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ کا دورہ چین یہ ظاہر کرتا ہے کہ روس اور چین کا تعاون کس قدر قریبی اور اہم ہے۔
[pullquote]نائجر میں پرتشدد حملے، کم از کم چالیس افراد مارے گئے[/pullquote]
افریقی ملک نائجر کی حکومت نے تاہوا ریجن میں پرتشدد کارروائیوں کے بعد پیر کے دن فوج تعینات کر دی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں حملوں کے نتیجے میں کم ازکم چالیس افراد مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں اتوار کے دن مالی سے ملحق نائجر کے تاہوا ریجن میں کی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد نے کئی دیہات میں مقامی لوگوں کو بلاتخصیص نشانہ بنایا۔ اس شورش زدہ علاقے میں متعدد جنگجو گروپ فعال ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ تازہ کارروائیاں کس نے سر انجام دیں۔
[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک اور جھڑپ، چار مشتبہ باغی ہلاک[/pullquote]
بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے چار مشتبہ باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام نے پیر کے دن بتایا کہ ضلع شوپیاں میں ایک مسلح جھڑپ کے دوران ان باغیوں کو ہلاک کیا گیا۔ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی، جب سکیورٹی فورسز اس ضلع میں سرچ آپریشن کر رہی تھیں کہ اچانک ان پر حملہ کر دیا گیا۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان باغیوں کا تعلق ایک علیحدگی پسند تنظیم سے تھا۔ اس سال بھارتی کشمیر میں نو فوجی آپریشنز کے نتیجے میں کل انیس مبینہ جنگجو مارے جا چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس علاقے میں بھارتی فورسز پر انسانی حقوق کی پامالیوں کا الزام عائد کرتی رہتی ہیں۔
[pullquote]میانمار میں فوج مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری[/pullquote]
میانمار میں یکم فروری کی فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والے جمہوریت نواز مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پیر کے دن سب سے بڑے شہر ینگون میں سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود مظاہرین نے گاڑیوں کے ہارن بجانا شروع کر دیے جبکہ شہر کے دو علاقوں میں فوج مخالف بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے۔ ان مظاہروں کو کچلنے کی خاطر فوجی جنتا کی طرف سے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں کم از کم ڈھائی سو شہری مارے جا چکے ہیں۔ تاہم عوام کا کہنا ہے کہ جب تک ملک میں جمہوریت بحال نہیں ہوتی مظاہرے جاری رہیں گے۔
[pullquote]برطانیہ میں پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم، بیس سکیورٹی اہلکار زخمی[/pullquote]
برطانوی شہر برسٹل میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین پرتشدد تصادم کے نتیجے میں بیس پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ مغربی انگلینڈ کے اس شہر میں اتوار کے دن یہ تشدد اس وقت رونما ہوا، جب مظاہرین پولیسنگ کے ایک نئے متنازعہ قانون کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ مشتعل مظاہرین نے اچانک پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کی وجہ سے صورتحال بگڑ گئی۔
[pullquote]یورپی یونین فی الحال غریب ممالک کے ساتھ ویکیسن شئیر نہیں کرے گی[/pullquote]
یورپی یونین کی سربراہ ارزولا فان ڈیر لاین نے ویکسین خوراکوں کی فراہمی پر تاخیر پر اینگلو سویڈش ویکیسن بنانے والی کمپنی ایسٹرا زینیکا کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں جب یورپی بلاک کو ویکسین کی کمی کا سامنا ہے، کووڈ ویکسین غریب ممالک کو عطیہ نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یورپ میں ویکسین کی پیدوار کی شرح میں بہتری نہیں آتی، اسے یورپی یونین سے باہر ایکسپورٹ نہیں کیا جائے گا۔ برطانیہ نے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یوں یورپی یونین کی ساکھ خراب ہو گی۔
[pullquote]یونان، پرائیویٹ ڈاکٹروں سے کورونا مریضوں کی مدد کی اپیل[/pullquote]
یونانی حکومت نے ایتھنز ریجن میں نجی سیکٹر سے وابستہ طبی عملے کو کورونا کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ اس طرح حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد میں مدد ملے گی اور کورونا کی نئی انفیکشنز میں کمی ممکن ہو سکے گی۔ اس نئی پالیسی کے تحت پرائیویٹ ڈاکٹر اور نجی ہسپتال بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کریں گے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے سرکاری ہسپتال پہلے ہی اس بحران کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔
[pullquote]امریکی وزیر خارجہ آسٹن کا اولین دورہ افغانستان[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ لائیڈ آسٹن نے اپنے اولین دورہ افغانستان کے دوران کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت افغان جنگ کا بہتر انداز میں خاتمہ چاہتی ہے۔ کابل میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان متعین امریکی افواج کے انخلا سے قبل اس وسطی ایشیائی ملک میں تشدد میں کمی ناگزیر ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے اپنے فوجیوں کی واپسی کے لیے یکم مئی کی ڈیڈ لائن کا اعلان کیا تھا۔ تاہم موجودہ صدر جو بائیڈن کے خیال میں سابقہ حکومت کے اس منصوبے پر عملدرآمد کرنا مشکل ہو گا۔
[pullquote]ترک کرنسی کی قدر میں ایک دن میں ریکارڈ کمی[/pullquote]
ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی نوٹ کی گئی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کیے جانے کے بعد ایک ہی دن میں لیرا کی قدر میں اچانک پندرہ فیصد کی کمی ہو گئی۔ مارکیٹ میں ایسے خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ حکومت حال ہی میں متعارف کی گئی ’ریٹ ہائیکس‘ کی پالیسی کو ختم کر سکتی ہے۔ تاہم بعدازاں اس مندی میں کچھ بہتری پیدا ہوئی۔ سن دو ہزار سو انیس کے بعد سے ایردوآن نے تیسری مرتبہ مرکزی بینک کے گورنر کو تبدیل کیا ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا میں سیلاب، اٹھارہ ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل[/pullquote]
آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں خطرناک سیلابوں کے پیش نظر درجنوں علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس ریاست کے اڑتیس علاقوں میں سیلاب کا شدید خطرہ ہے، اس لیے کم ازکم اٹھارہ ہزار افراد کو حساس علاقوں سے نکال لیا گیا ہے۔ اس ریاست کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک موسم شدید رہے گا، جس کی وجہ سے سیلاب کے خطرات برقرار رہیں گے۔
[pullquote]قطر میں غیر ملکی مزدروں کی صورتحال پر ایمنسٹی کی تشویش[/pullquote]
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فٹ بال کے عالمی منتظم ادارے فیفا پر زور دیا ہے کہ قطر میں مزدروں کی ابتر اور استحصالی حالت زار کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اس خلیجی ملک میں سن دو ہزار بائیس کا عالمی کپ منعقد ہونا ہے، جس کی تیاری کے سلسلے میں ہزاروں غیر ملکی مزدور تعمیرات کے علاوہ دیگر انتظامی کاموں میں مصروف ہیں۔ دوحہ حکومت کا کہنا ہے کہ لیبر قوانین میں اصلاحات کی گئی ہیں اور اس حوالے سے مزید بہتری کی کوشش جاری ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز[/pullquote]