[pullquote]بھارت میں ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز[/pullquote]
بھارت میں پہلی بار ایک دن کے دوران نئے کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 103558 نئے کیسز اور 478 اموات سامنے آئیں۔ سب سے زیادہ کیسز مغربی ریاست مہاراشٹرا میں سامنے آ رہے ہیں، جہاں اب حکام نے رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے اور وہاں پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک مقام پر جمع ہونے پر پابندی ہو گی۔ شاپنگ مالز، ریستوران اور بازار بند رہیں گے۔ بھارت میں مہاراشٹرا کے علاوہ چھتیس گڑھ، کرناٹک، دہلی، اتر پردیش اور پنجاب میں بھی انفیکشن تیزی سے پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔
[pullquote]اردن کے نظربند شہزادے کا فوج کے احکامات ماننے سے انکار[/pullquote]
اردن کے سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین نے کہا ہے کہ وہ فوج کی طرف سے ان پر لگائی گئی پابندیاں مسترد کرتے ہیں۔ پیر کو جاری ہونے والے ایک آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ باہر کی دنیا سے رابطہ نہ کرنے سے متعلق فوج کے احکامات کو نہیں مانتے۔ اردن مین سکیورٹی حکام نے ہفتے کو سولہ اہم شخصیات کو حراست میں لے کر شہزادہ حمزہ کو گھر پر نظربند کر دیا تھا۔ حکومت کا الزام ہے کہ شہزادہ حمزہ ’’بیرونی عناصر‘‘ کے ساتھ مل کر ریاست میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ شہزادہ حمزہ اردن کے شاہ عبداللہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔ انہوں نے اپنے اوپر عائد الزامات رد کرتے ہوئے حکومت کو کرپشن، نا اہلی اور اقربا پروری کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین کی ترکی کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوشش[/pullquote]
ترکی کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے یورپی یونین کے دو اعلیٰ ترین اہلکار منگل کو انقرہ میں صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یورپی یونین کونسل کے صدر شارل مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزُلا فان ڈیر لائن کے اس دورے میں ترکی کو تعاون کے عوض معاشی اور سفارتی فائدوں کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔ برسلز میں حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں صدر ایردوآن کے رویے میں لچک نظر آنا شروع ہوئی ہے، جس سے توقع ہے کہ قبرص، یونان اور شامی مہاجرین کی یورپ آمد جیسے اختلافی معاملات حل کرنے میں مدد ملے گی۔
[pullquote]تائیوان ٹرین حادثہ، تعمیراتی کمپنی کا مالک معافی کا درخواست گار[/pullquote]
تائیوان میں حالیہ دہائیوں کے بدترین ٹرین حادثے پر ملک کی ایک تعمیراتی کمپنی کے سربراہ نے میڈیا پر آکر معافی مانگی ہے۔ لی یی سِیانگ نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی کا ایک ٹرک پِھسل کر ریلوے ٹریک پر آ گیا تھا، جس کے باعث اتنا بڑا سانحہ پیش آیا۔ انہوں نے کیمروں کے سامنے آبدیدہ ہو کر اپنی اس کوتاہی پر لوگوں سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ واقعے کہ تفتیش میں حکام سے پورا تعاون کریں گے۔ تائیوان میں جمعے کو پیش آنے والے اس ٹرین حادثے میں 48 لوگ ہلاک اور 198 زخمی ہوگئے تھے۔
[pullquote]نیتن یاہو کی کرپشن کی کرپشن کیس میں پیشی[/pullquote]
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پیر کو یروشلم کی ایک عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ ان پر رشوت اور فراڈ کے الزامات ہیں، جن سے وہ انکار کرتے ہیں۔ آج عدالت میں ان کی پیشی ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب ملک کے صدر نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔ اسرائیل میں 23 مارچ کے انتخابات میں بینجمن نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 120 نشستوں کے پارلیمان میں 30 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تاہم حکومت قائم کرنے کے لیے یہ تعداد ناکافی ہے۔ بینجمن نیتن یاہوکی کوشش ہے کہ وہ دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر دوبارہ اپنی حکومت قائم کر لیں۔
[pullquote]لیبیا میں استحکام کی خاطر بیرونی افواج وہاں سے نکل جائیں، یورپی یونین[/pullquote]
یورپی یونین نے کہا ہے کہ لیبیا میں سیاسی مفاہمت کے لیے ضروری ہے کہ وہاں برسرپیکار تمام بیرونی افواج اور مسلح گروہ ملک سے نکل جائیں۔ اتوار کو دارالحکومت طرابلس میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کونسل کے صدر شارل مشیل نے کہا کہ ملک میں خانہ جنگی کا خاتمہ اور تعمیر نو تبھی ممکن ہے جب تمام بیرونی جنگجو اور فورسز ملک سے نکل جائیں۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق لیبیا میں تقریباً بیس ہزار کرائے کے جنگجو اور ملیشیا گروہ موجود ہیں، جن کا تعلق روس، مصر، عرب امارات، ترکی اور قطر سے ہے۔ ان گروہوں کو اس سال جنوری تک لیبیا سے نکل جانے کی مہلت دی گئی تھی، جسے نظر انداز کر دیا گیا۔
[pullquote]بنگلہ دیش میں کشتی جہاز سے ٹکرا گئی، پانچ ہلاک[/pullquote]
بنگلہ دیش میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک کشتی مال بردار جہاز سے ٹکرا کر ڈوب گئی۔ یہ حادثہ اتوار کی شام دریائے شیتا لکھّیا میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں کم از کم 50 افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق اب تک پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی لا پتہ ہیں۔ گمشدہ افراد کی تلاش اور لاشوں کو نکالنے کے لیے غوطہ خور رات بھر ریسکو آپریشن میں لگے رہے تاہم حادثے کے بعد خطے میں طوفان کے سبب امدادی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
[pullquote]انڈونیشیا میں سیلاب، 90 ہلاک[/pullquote]
انڈونیشیا اورمشرقی تیمور میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم ازکم 90 لوگوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑ کی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔انڈونیشیا میں آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے کے مطابق ان ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی لوگ ابھی مٹی کے تودوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ سینکڑوں جزائر پر مشتمل انڈونیشیا میں ہر سال بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہزاروں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔
[pullquote]فیوزاعثمانی کوسووو کی صدر منتخب[/pullquote]
کوسووو میں پارلیمان نے اڑتیس سالہ خاتون رہنما فیوزا عثمانی کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ فیوزا عثمانی کو ملک میں خواتین کے لیے ایک رول ماڈل کے طورپر دیکھا جاتا ہے۔ وہ کوسووو میں اعلٰی منصب پر پہنچنے والی دوسری خاتون ہیں۔ عثمانی نے اپنے کیریئر کا آغازا ایک نو عمر سماجی کارکن کے طور پر کیا۔ انہوں نے پرسٹینا میں قانون کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں امریکا کی یونیورسٹی آف پٹسبرگ سے پوسٹ گریجویشن کیا۔