جمعہ : 28 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں | 28.05.2021 | 08:00

[pullquote]جنوبی مغربی افریقہ میں نوآبادیاتی جرائم ’نسل کشی‘ تھے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے بیسویں صدی کے اوائل میں اپنی نو آبادیاتی افواج کے ذریعہ ہیریرو اور ناما کے عوام کی ‘نسل کشی‘ کے جرائم کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ ہیریرو اور ناما کو اب نمیبیا کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر جنوبی مغربی افریقہ میں نوآبادیاتی جرائم کی سرکاری معافی کی التجا نامیبیا کی پارلیمنٹ میں ایک تقریب کے دوران کریں گے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق جرمنی ایک اعشاریہ ایک ارب یورو کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعہ متاثرین کی اولاد کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے مندوبین نے پانچ سالوں سے زیادہ عرصہ تک مذاکرات کے بعد اس معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]ہانگ کانگ: میڈیا ٹائیکون جمی لائی کی سزا میں توسیع[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی خطے ہانگ کانگ میں متعدد جمہوریت پسند کارکنوں کی قید کی سزاؤں کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔ ان میں زیرحراست میڈیا ٹائیکون جمی لائی بھی شامل ہیں۔ تہتر سالہ جمی لائی کو مزید چودہ ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی ہے، جو کہ بقیہ مدت کے ساتھ کل بیس ماہ تک جیل کی سزا بنتی ہے۔ لائی نے سن 2019 کے دوران ہانگ کانگ کی جمہوری تحریک کے احتجاجی مظاہروں کی حمایت کے لیے اپنے میڈیا ہاؤسز کا استعمال کیا تھا۔ اس کے علاوہ نو دیگر کارکنوں کے خلاف اٹھارہ ماہ تک کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

[pullquote]غزہ میں ممکنہ جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے اقوام متحدہ میں قرارداد منظور[/pullquote]

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کونسل نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان گیارہ روز تک جاری لڑائی میں ممکنہ جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ اس قرارداد میں میں ممکنہ جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے ایک کمیشن تشکیل دینے پر زور دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ’ہیومن رائٹس کونسل‘ کی سربراہ میشیل بیچلیٹ کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی فضائی بمباری اور فلسطینی عوام کے خلاف اس کی کارروائیاں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے دائرے میں آتی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے لیے فلسطینی گروپ حماس پر بھی نکتہ چینی کی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے تاہم تفتیش میں تعاون سے انکار کر دیا گیا ہے۔ مشرق وسطی میں اس حالیہ لڑائی کے دوران اسرائیل نے غزہ پر سینکڑوں فضائی حملے کیے جس میں کم از کم 254 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]بشارالاسد چوتھی مرتبہ شامی صدارتی انتخابات میں فاتح قرار[/pullquote]

شامی صدارتی انتخابات میں صدر بشار الاسد چوتھی بار بھی صدارتی امیدوار کے طور پر کامیاب ہو گئے ہیں۔ سرکاری نتائج کے مطابق بشار الاسد کو پچانوے فیصد سے بھی زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ شام میں پارلیمان کے اسپیکر حمود ہ صبّاغ نے ستائیس مئی بروز جمعرات صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بشار الاسد کو پچانوے اعشاریہ ایک فیصد ووٹ حاصل ہوئے اور ان انتخابات میں اٹھہتر اعشاریہ چھیاسٹھ فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ صدارتی انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد بشار الاسد خانہ جنگی سے دو چار ملک شام میں آئندہ سات برس تک صدارتی عہدے پر فائض رہیں گے۔ دوسری جانب عالمی برادری نے اس انتخابی عمل کو جعلی اور شرمناک بتایا ہے کیونکہ انتخابات میں اس طرح کے نتائج کی پہلے ہی سے توقع کی جارہی تھی۔

[pullquote]ایران: نرگس محمدی کو تیس ماہ قید اور اسی کوڑوں کی سزا[/pullquote]

تیس مہینے تک قید اور اسی کوڑے، یہ سزا ایرانی عدالت نے ایرانی انسانی حقوق کی کارکن اور صحافی نرگس محمدی کے خلاف سنائی ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں نرگس محمدی کو قید سے رہا کیا گیا تھا۔ ان کے وکیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نرگس محمدی کو ایران میں ’سیاسی نظام کے خلاف پروپیگینڈا،‘ بدنامی، اور ’جیل کے حکام کے خلاف بغاوت‘ کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔ وکیل کے مطابق 49 سالہ نرگس محمدی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرنا چاہتیں۔ ادھر یورپی یونین کی جانب سے ایرانی عدالت کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی گئی ہے اور اسے ایک تشویش ناک پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]افغان فورسز خود ہی اپنی سکیورٹی سنبھال سکتی ہیں، نیٹو سکریٹری جنرل[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد کے سکریٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ افغانستان کی فورسز اب اتنی مضبوط ہوچکی ہیں کہ سکیورٹی کی ذمہ داریاں وہ اکیلے ہی سنبھال سکتی ہیں۔ اشٹولٹن برگ نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ نیٹو نے تقریباً دو عشروں تک افغانستان میں سکیورٹی فراہم کی ہے لیکن اب وہاں کی حکومت اور سکیورٹی فورسز بین الاقوامی فورسز کی مدد کے بغیر ہی اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکتی ہیں۔ امریکا اور نیٹو افواج نے افغانستان سے واپسی کی تیاریاں شروع کردی ہیں لیکن ملک میں تشدد کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ اس بارے میں اشٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک افغانستان کی وزارتوں کو صلاح و مشورے اور سکیورٹی فورسز کی مالی معاونت جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان ’سست رفتاری سے آگے بڑھنے والے‘ مذاکرات کی بھی حمایت کریں گے۔

[pullquote]امریکا ’اوپن اسکائیز‘ معاہدے میں شامل نہیں ہوگا[/pullquote]

امریکا نے روس کو آگاہ کیا ہے کہ صدر بائیڈن کی حکومت ’اوپن اسکائیز‘ نامی معاہدے میں دوبارہ شمولیت اختیار نہیں کرے گی۔ واشنگٹن میں ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ نیٹو اتحادیوں کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ سن 2020 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، اس وقت انہوں نے ماسکو کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کو جواز بتایا تھا۔ روس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود بھی معاہدے سے دستبرداتی کا اعلان کیا ہے۔ اوپن اسکائیز معاہدے کے تحت نیٹو اتحادی ممالک اور وارسا معاہدے کے سابقہ ممبران کو ایک دوسرے کے فضائی حدود میں نگران پروازوں کو بھیجنے کی اجازت تھی۔

[pullquote]جرمن طبی ماہرین کا بچوں کی کورونا ویکسینیشن سے انتباہ[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ویکسینیشن اجلاس کے بعد سیاسی اور معاشرتی دباؤکے نتیجے میں ڈاکٹروں کی تنظیم کے صدر کلاؤس رائنہارڈٹ نے والدین کو اپنے بچوں کو کووڈ انیس ویکسین لگوانے سے خبردار کیا ہے۔ رائنہارڈٹ کے مطابق بچوں اور نوعمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے فوائد اور نقصانات سے متعلق فی الحال اعداد وشمار ناکافی ہیں اس لیے ویکسین لگانے کی ہدایت جاری نہیں کی جاسکتی۔ آج بروز جمعہ یورپی یونین کی ڈرگ اتھارٹی ای ایم اے کی جانب سے بارہ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے بائیو این ٹیک فائزر کی ویکسین کی منظوری کے بارے میں مشاورت کی جا رہی ہے۔

[pullquote]بیلاروسی ایئرلائن پر یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی[/pullquote]

یوکرائن کی طرف سے بیلاروس سے آمدورفت کرنے والی تمام پروازوں پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوکرائنی حکام کے مطابق انتیس مئی سے بیلاروس جانے اور وہاں سے آنے والی تمام پروازوں پر یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنے کی پابندی عائد کی جارہی ہے۔ کییف حکومت نے ان تازہ پابندیوں کا اعلان بیلاروس کے صدر لوکاشینکو کی طرف سے یونان سے لتھوینیا جانے والی رائن ایئر کی پرواز کو جبراﹰ لینڈ کروانے کے نتیجے میں کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے رائن ایئر کی اس فلائٹ میں سوار بیلاروسی حکومت کے ناقد صحافی کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اس عمل کے باعث یورپی یونین کے رہنما بھی بیلاروس پر مزید نئی پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

[pullquote]بورس جانسن کی وکٹر اوربان سے ملاقات[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو لندن میں ہنگری کے سخت گیر قدامت پسند نظریات کے حامل وزیر اعظم وکٹور اوربان سے ملاقات کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم برطانوی وزیراعظم کے ترجمان میکس بلین کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے ایک اہم ملک کے رہنما کے ساتھ یہ معمول کی ملاقات تھی۔ میکس بلین کے بقول، برطانیہ کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہنگری کے ساتھ تعاون بہت اہم ہے۔ بلین کے مطابق برطانوی وزیراعظم اپنے ہنگری کے ہم منصب کے ساتھ انسانی حقوق کے تمام تر معاملات پر گفتگو کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان پر مہاجرت مخالف قوم پرستانہ بیانات، آزاد عدلیہ اور میڈیا کے خلاف سخت اقدامات کی وجہ سے شدید تنقید کی جاتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے