سندھ اسمبلی میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
وزیراطلاعات ناصر شاہ نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل ایوان میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
قانون کے تحت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں تحفظ دیاگیاہے جس کے مطابق صحافیوں کو پیشہ وارانہ امور کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔
اس کے علاوہ صحافی اپنی خبر کے ذرائع بتانےکا پابند نہیں ہوگا اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے کمیشن قائم کیاجائےگا۔
بل کے متن کے مطابق صحافیوں کو ہراساں کرنے، جان سےمارنے کی دھمکی دینے پر سزا ہوگی جبکہ صحافیوں پر حملے کے کیس پر ترجیحی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں گے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ صحافی ہراساں کرنے والوں کے خلاف کمیشن میں درخواست دیں گے۔
سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ میں ایم کیوایم کےخواجہ اظہار کی ترمیم بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ صحافی کو ضرورت پڑنے پر قانونی مدد حکومت فراہم کرےگی۔
اجلاس کے دوران ماجد برگڑی انسٹیٹوٹ کے قیام کا بل بھی منظور کرلیا گیا۔