جمعہ : 18 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ايران ميں صدارتی انتخابات کا انعقاد[/pullquote]

ايران ميں آج صدارتی انتخابات ہو رہے ہيں۔ سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے لوگوں کو تلقين کی ہے کہ وہ رائے دہی کے عمل ميں بڑھ چڑھ کر حصہ ليں۔ تاہم رائے عامہ کے تازہ ترين جائزوں کے مطابق معاشی بدحالی، جوہری ڈيل سے متعلق بے يقينی کی صورت حال اور ديگر کئی وجوہات کی بناء پر عوام ميں پائی جانے والی بے چينی کے باعث ٹرن آؤٹ صرف اکتاليس فيصد رہ سکتا ہے۔ سرکاری ٹيلی وژن پر نشر کردہ ويڈيوز ميں ووٹنگ سينٹرز کے باہر کافی رش دکھائی دے رہا ہے۔ سخت گير نظريات کے حامل اور سپريم ليڈر کے قريبی ساتھی ابراہيم رئيسی يہ اليکشن جيت سکتے ہيں۔ يہ ممکنہ پيش رفت ملک ميں اعتدال پسند قوتوں کے ليے منفی ثابت ہو گی۔

[pullquote]بھارت ميں کورونا کی تيسری لہر اکتوبر تک ممکن، ماہرين[/pullquote]

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھارتی طبی ماہرين کے ذرائع سے لکھا ہے کہ اس ملک کو اکتوبر تک کورونا کی تيسری لہر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ايجنسی نے تين تا سترہ جون ايک سروے کروايا، جس ميں بھارت کے چاليس ماہرين سے ان کی رائے جانی گئی۔ ان کے مطابق گو کہ مستقبل قريب ميں کسی نئی ممکنہ لہر سے بہتر طريقے سے نمٹا جا سکے گا مگر يہ پھر بھی محکمہ صحت کے ليے ايک چيلنج ثابت ہو گی۔ امريکا کے بعد بھارت اس وبا سے دوسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ وہاں متاثرين کی تعداد قريب تيس ملين ہے اور تين لاکھ تيراسی ہزار افراد اس مہلک مرض ميں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]معمر مسلم شخص پر تشدد کی ويڈيو کيوں نہيں روکی، بھارت ٹويٹر سے ناراض[/pullquote]

بھارتی پوليس نے ملک ميں ٹويٹر کے سربراہ کو طلب کر ليا ہے۔ حال ہی ميں ٹويٹر پر ايک ويڈيو وائرل ہوئی، جس ميں چند افراد کو ايک معمر مسلم شخص پر تشدد کرتے ہوئے دکھايا جا رہا ہے۔ حکام کا الزام ہے کہ ايسی ويڈيو کو نہ روک کر ٹويٹر نے مذہبی تقسيم اور مذہبی فسادات کو ہوا دی۔ بھارت ميں ٹويٹر کی سرگرميوں کے نگران منيش مہيش واری کو کسی بھی پوليس اسٹيشن جا کر اپنا بيان ريکارڈ کروانے کے ليے ايک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔ پوليس کے مطابق مذکورہ شخص کو ايک ذاتی جھگڑے کی بنياد پر تشدد کا نشانہ بنایا گيا نہ کہ اس کے مذہب کی بنياد پر۔

[pullquote]کینیڈا: پہلی مرتبہ کوئی مسلم شخص سپريم کورٹ کا جج نامزد[/pullquote]

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جمعرات کے روز ایک ٹوئٹ کر کے ملکی سپریم کورٹ میں ايک سیاہ فام شخص کو بطور جج نامزد کیے جانے کی اطلاع دی۔ محمود جمال اس عہدے پر فائز کیے جانے والے پہلے مسلم جج ہوں گے۔ کینیڈ کی 146سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سیاہ فام شخص یا کسی مسلم کو ملکی سپریم کورٹ کا جج نامزد کیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی کو ابھی ایوان نمائندگان کی جسٹس کمیٹی سے توثیق کی ضرورت ہے تاہم اسے محض ایک رسمی خانہ پری قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم ٹروڈو کینیڈا میں نسل پرستی کو ختم کرنے کے شدید خواہاں ہیں۔

[pullquote]اسرائیل ايک ملين ويکسين خوراکیں فلسطينی اتھارٹی کو فراہم کرے گا[/pullquote]

اسرائيل نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ايک ملين ويکسين خوراکیں فلسطينی اتھارٹی کو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائيلی انتظاميہ جلد ہی ایکسپائر ہو جانے والی ايک ملين ويکسين خوراکیں فلسطينوں کو دينا چاہتی ہے اور اس کے بدلے میں وہ فلسطين کو ملنے والی وہ ویکسین خوراکیں حاصل کرنا چاہتی ہے، جن کی ایکسپائری ڈیٹ طویل ہو گی۔ اسرائيل ميں پچاسی فيصد بالغوں کو کورونا سے بچاؤ کے ٹيکے لگ چکے ہيں مگر اسرائیلی حکومت فلسطينیوں کو ويکسين فراہم کرنے ميں ناکام رہی، جس پر کئی حلقوں نے اسے تنقيد کا نشانہ بھی بنايا۔ اسرائيلی حکومت کا کہنا ہے کہ فلسطينيوں کو ويکسين کی فراہمی اس کی ذمہ داری نہيں۔

[pullquote]غزہ پر اسرائيلی فضائی حملے دوسرے دن بھی جاری[/pullquote]

غزہ پٹی ميں جمعرات اور جمعے کی درميانی شب بھی اسرائيلی فضائيہ کے حملے جاری رہے۔ اسرائيلی فوج کے مطابق غزہ سے آتشيں مواد سے لدے غباروں کی مدد سے اسرائيلی علاقوں پر حملے جمعرات کو بھی کيے گئے اور اسی کے رد عمل ميں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا گيا۔ يہ سلسلہ منگل سے جاری ہے۔ يہ اطلاعات بھی ہيں کہ اسرائيلی حملوں کے بعد حماس کی جانب سے بھی کارروائی جاری ہے۔ اسرائيل اور فلسطين کے مابين حاليہ مسلح تنازعے ميں ڈھائی سو سے زائد فلسطينی اور تيرہ اسرائيلی مارے گئے تھے۔ خطے کے ملکوں کی ثالثی ميں جنگ بندی معاہدہ، تازہ کارروائيوں کی وجہ سے کمزور دکھائی دے رہا ہے۔

[pullquote]نائجيريا ميں اسکول کے درجنوں بچے اغواء[/pullquote]

نائجيريا کی رياست کيبی ميں مسلح حملہ آوروں نے ايک اسکول کے اسی سے زائد بچوں کو اغواء کر ليا ہے۔ اسکول کے ايک استاد عثمان اليو نے بتايا کہ اغواء کيے جانے والے طلب علموں کی اکثريت لڑکيوں پر مشتمل ہے۔ رياستی پوليس کے ترجمان نے بتايا ہے کہ حملہ آوروں نے اپنی کارروائی کے دوران کم از کم ايک پوليس اہلکار کو بھی ہلاک کر ديا۔ نائجيريا کے اس خطے ميں يہ گزشتہ تين ہفتوں کے دوران بڑے پيمانے پر اغواء کی تيسری بڑی کارروائی ہے۔ حکام نے اسکول کے آس پاس کے جنگلات ميں تلاش جاری رکھی ہوئی ہے مگر فی الحال يہ بے نتيجہ ہی ہے۔

[pullquote]بے گھر افراد کی تعداد ايک دہائی ميں دگنی ہو گئی ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

کورونا کی وبا کی وجہ سے دنيا بھر ميں بے گھر افراد کی تعداد اب بياسی ملين سے زائد ہو گئی ہے۔ يہ انکشاف اقوام متحدہ کی جمعے کو جاری کردہ ايک رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ جنگ و جدل اور ديگر وجوہات کی بناء پر بے گھر ہو جانے والوں کی تعداد گزشتہ ايک دہائی ميں دگنی ہو چکی ہے۔ سن 2011 ميں يہ تعداد لگ بھگ چاليس ملين تھی جب کہ گزشتہ برس کے اختتام پر 82.4 ملين افراد بيرونی ممالک ميں پناہ گزينوں کی حيثيت سے يا اپنے ہی ملک ميں بے گھر زندگی گزار رہے تھے۔ نماياں طور پر افغانستان، شام، صوماليہ اور يمن کے مسلح تنازعات لوگوں کے بے گھر ہونے کی وجہ بن رہے ہيں۔

[pullquote]امريکا سے مزاحمت اور مکالمت دونوں کے ليے تيار رہنا چاہيے، شمالی کوريا[/pullquote]

شمالی کوريا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو امريکا کے ساتھ مکالمت اور مزاحمت دونوں ہی کے ليے تيار رہنا چاہيے۔ سرکاری نيوز ايجنسی پر نشر کردہ ان کے بيان ميں کم جونگ ان نے بالخصوص جنگی صورتحال کے ليے تيار رہنے کی ضرورت پر زور ديا۔ انہوں نے يہ بيانات سينٹرل کميٹی کے اجلاس ميں ديے جو جمعرات کو منقعد ہوا تھا۔ شمالی کوريائی رہنما کے مطابق يہ امريکا نے طے کرنا ہے کہ وہ پيونگ يانگ کے حوالے سے کيا حکمت عملی اختيار کرتا ہے اور اسی کی بنياد پر رد عمل طے کيا جائے گا۔ امريکا ميں نئی انتظاميہ نے حال ہی ميں شمالی کوريا کے حوالے سے پاليسی جائزہ مکمل کيا ہے اور اب ديکھنا يہ ہے کہ صدر جو بائيڈن کيا لائحہ عمل اختيار کرتے ہيں۔

[pullquote]انٹرنيٹ کی وسيع پيمانے پر بندش، وجہ سامنے آ گئی[/pullquote]

امريکی ٹيکنالوجی کمپنی اکامی نے مطلع کيا ہے کہ گزشتہ روز انٹرنيٹ کی ترسيل ميں وسيع پيمانے پر رکاوٹ کسی سائبر حملے کی وجہ سے نہيں ہوئی تھی۔ کمپنی کے مطابق ان کی ايک آن لائن سکيورٹی پراڈکٹ کی وجہ سے کمپنی کے پانچ سو صارفين کی انٹرنيٹ تک رسائی بند ہو گئی تھی۔ متاثرہ کمپنيوں ميں امريکن، ڈيلٹا، يونائٹڈ اور ساؤتھ ويسٹ جيسی بڑی ملکی ايئر لائنز کے علاوہ کئی آسٹريلوی بينک اور بڑے کاروباری ادارے بھی شامل ہيں۔ اکامی کے مطابق چار گھنٹوں ميں نقص کی شناخت کر کے مسئلہ حل کر ديا گيا تھا۔

[pullquote]يورپی فٹ بال چيمپئن شپ ميں آج تين ميچز[/pullquote]

يورپی فٹ بال چيمپئن شپ ميں آج تين ميچز کھيلے جا رہے ہيں۔ سينٹ پيٹرزبرگ ميں سويڈن اور سلوواکيہ کی ٹيميں زور آزمائيں گی۔ پھر دن کا دوسرا ميچ کروشيا اور چيک ری پبلک کی ٹيموں کے مابين گلاسگو ميں کھيلا جائے گا۔ آخری ميچ لندن ميں انگلينڈ اور اسکاٹ لينڈ کی ٹيموں کے مابين ہو گا۔ گزشتہ روز کھيلے گئے ميچوں ميں يوکرائن نے شمالی مقدونيہ کو دو ايک سے، بيلجيم نے ڈنمارک کو دو ايک سے جبکہ ہالينڈ نے آسٹريا کو دو صفر سے شکست دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے