[pullquote]رواں برس کے اختتام تک عراق میں حربی مشن مکمل ہو جائے گا، جو بائیڈن[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک عراق میں امریکی حربی مشن مکمل کر لیا جائے گا۔ بائیڈن کے اس اعلان کو عراق میں زمینی صورت حال میں بہتری سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ عراق میں اس وقت 25 سو امریکی فوجی تعینات ہیں اور ان کا مرکزی کردار معاونت ہی کا ہے۔ عراق اور شام کے ایک وسیع تر علاقے میں”اسلامک اسٹیٹ” کے قبضے کے بعد امریکا نے وہاں اپنی فوج تعینات کی تھی۔ اس کا مقصد عراقی فوج کی مدد کرنا تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا نے افغانستان میں بھی اپنا عسکری مشن ختم کر کے فوج واپس بلانے کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔
[pullquote]روس افغان سرحد پر تاجکستان کی فوجی مشقوں میں ایک ہزار فوجی استعمال کرے گا[/pullquote]
روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کے تقریباﹰ ایک ہزار فوجی افغانستان کی سرحد کے قریب جاری تاجک فوجی مشقوں میں شریک ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جنگی مشقیں پانچ تا دس اگست جاری رہیں گی، جن کا مقصد افغانستان سے غیرملکی فوج کے انخلا کے بعد سلامتی کی ممکنہ خراب صورت حال سے نمٹنے کی تیاری ہے۔ ان جنگی مشقوں میں ازبک فوج کے دستے بھی شریک ہوں گے۔
[pullquote]غزہ جنگ میں بہ ظاہر جنگی جرائم ہوئے، ہیومن رائٹس واچ[/pullquote]
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل اور حماس کے مابین رواں برس مئی میں گیارہ روز تک جاری رہنے والی لڑائی میں جنگی جرائم کا الزام عائد کیا ہے۔ منگل کے روز اس عالمی تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں تین اسرائیلی حملے 62 عام فلسطینی شہریوں کو ہدف بنانے کے لیے تھے۔ اس تنظیم کے مطابق یہ واضح طور پر غیرعسکری اہداف تھے۔ اس تنظیم کا فلسطینی عسکریت پسندوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اس دوران چار ہزار تین سو ساٹھ راکٹ اور مارٹر گولے اسرائیلی شہری علاقوں کی طرف داغے۔ واضح رہے کہ اسرائیل جنگی جرائم کے ایسے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس نے عام شہریوں کو نقصان سے بچانے کی پوری کوشش کی۔
[pullquote]ہانگ کانگ میں متنازعہ سکیورٹی قانون کے تحت پہلی بار ایک شخص پر جرم ثابت[/pullquote]
ہانگ کانگ میں متنازعہ نئے سکیورٹی قانون کے تحت ایک شخص کو بغاوت کو ہوا دینے اور دہشت گردی کا مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹونگ یِنگ نامی اس شخص پر الزام تھا کہ اس نے اپنے موٹر سائیکل کے ذریعے پولیس اہلکاروں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس شخص پر یہ الزام بھی تھا کہ اس نے ممنوعہ نعرہ ‘ہانگ کانگ کو آزاد کرو‘ لگایا۔ واضح رہے کہ چین ہانگ کانگ میں اپنی سیاسی گرفت مضبوط بنا رہا ہے اور اسی تناظر میں وہاں نیا اور سخت سکیورٹی قانون متعارف کروایا گیا ہے۔
[pullquote]نجیب میقاتی لبنان کے وزیراعظم نامزد[/pullquote]
سابق لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی پیر کے روز وزارت اعظمیٰ کے لیے حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ رواں ماہ کے آغاز پر سابق وزیراعظم سعد الحریری نے ناکافی حمایت کی بنیاد پر حکومت سازی کی کوشش ترک کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نو ماہ سے جاری ڈیڈ لاک کے بعد اب لبنان بہ ظاہر سیاسی بحران سے باہر نکل رہا ہے۔ گزشتہ برس اگست میں بیروت میں ہونے والے دھماکے کے تناظر میں بڑے عوامی مظاہروں کے بعد وزیراعظم حسن دیاب مستعفی ہو گئے تھے اور تب سے لبنان ایک سیاسی بحران کا شکار تھا۔
[pullquote]جرمن شہر لیورکوزن کے کمیکل کمپلیکس میں دھماکا، انتہائی بڑا خطرہ[/pullquote]
جرمن شہر لیورکوزن کے صنعی علاقے میں منگل کو ایک کیمیکل کمپلیکس میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جرمنی میں وفاقی دفتر برائے شہری تحفظ کے مطابق یہ دھماکا ایک ’بڑے خطرے‘ کی نشان دہی کر رہا ہے۔ اس ادارے کی جانب سے مقامی رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور دوازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ دھماکا کیسے ہوا، تاہم ایک مقامی اخبار کے مطابق دھماکا کیمیکل کمپلکیس میں واقع کچرہ جلانے والے ایک پلانٹ میں ہوا۔
[pullquote]شمالی اور جنوبی کوریا میں مواصلاتی رابطے دوبارہ بحال[/pullquote]
شمالی اور جنوبی کوریائی رہنماؤں نے باہمی مواصلاتی رابطے بحال کرنے اور تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کے روز یہ اعلان دونوں ممالک کی جانب سے کیا گیا۔ گو کہ اس اتفاق رائے سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں کمی کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ باہمی تعاون اور تعلقات کے اعتبار سے ان دونوں ممالک کے باہمی حالات کس حد تک بہتر ہو سکتے ہیں۔ رواں برس اپریل سے جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کے درمیان متعدد مرتبہ خطوط کا تبادلہ ہوا تھا۔
[pullquote]شمالی کوریائی میزائل خریدنے کی کوشش، آسٹریلوی شہری کو سزا[/pullquote]
ایک آسٹریلوی شہری کو شمالی کوریا سے میزائل کے پرزے اور امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل دیگر اشیاء درآمد کرنے میں معاونت کی کوشش پر سزا سنا دی گئی ہے۔ سڈنی کے رہائشی 68 سالہ چن ہان چوئی پر 2017 میں شمالی کوریا اور انڈونیشیا کے درمیان ایک ڈیل کرانے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ رواں برس فروری میں اس ملزم نے اقبال جرم کر لیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مجرم چن ہان چوئی پر ہتھیاروں اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے بدلے پیٹرولیم مصنوعات کی ڈیل کا جرم ثابت ہوا اور اسے ساڑھے تین سال کی قیدکی سزا سنا دی گئی۔
[pullquote]یمنی حکومت کسٹم ڈیوٹی کے ذریعے مالی صورت حال بہتر بنانے کی کوشش میں[/pullquote]
یمن کی تسلیم شدہ حکومت نے امریکی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کو دوگنا کرتے ہوئے غیرضروری اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی کا نفاذ کر دیا ہے۔ ایک سینیئر حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مالی صورت حال میں بہتری ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ عدن میں قائم یمنی حکومت ملک کی دوسری سب سے بڑی بندرگاہ پر کنٹرول رکھتی ہے۔ جب کہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ حدیدہ پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔ یمن میں پچھلے چھ برس سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے ملک کی 80 فیصد آبادی کا انحصار غیرملکی امداد پر ہے۔
[pullquote]شمشیر زنی کا اولمپک تمغہ ہانگ کانگ کے ایڈگر چیونگ کالونگ کے نام[/pullquote]
ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ایڈگر چیونگ کالونگ نے ٹوکیو میں جاری اولمپک مقابلوں میں شمیشر زنی کا گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ 24 سالہ کالونگ نے اطالوی کھلاڑی دانی ایلے گاروزو کو پندرہ گیارہ کے فرق سے شکست دی۔ گزشتہ 25 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہانگ کانگ اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت پایا ہے۔ ٹوکیو میں جاری اولمپکس میں اس وقت جاپان آٹھ طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی امریکا سات طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری اور چین چھ طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ جرمنی اب تک کوئی طلائی تمغہ حاصل نہیں کر پایا ہے۔