سندھ:کل سے لاک ڈاؤن نافذ ہوگا، تاجروں نے فیصلے کو مسترد کردیا، تمام امتحانات بھی ملتوی

[pullquote]سندھ بھر میں کل سے لاک ڈاؤن نافذ ہوگا[/pullquote]

سندھ حکومت نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، طبی ماہرین اور پی ایم اے کے نمائندے شریک ہوئے جب کہ ٹاسک فورس اجلاس میں پہلی بار سندھ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو بھی بلایا گیا تھا ، اس کے علاوہ ڈی جی رینجرز سندھ اجلاس میں شریک تھے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق کل سے 8 اگست تک ہوگا۔

ترجمان کےمطابق لاک ڈاؤن کے دوران صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو بھی بند رکھا جائے گا جب کہ ایکسپورٹ انڈسٹری اور صوبے کے تمام میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بند کر دیے جائیں گے اور نجی دفاتر کو بند رکھا جائے گا جب کہ بغیر کسی وجہ کے لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگائے گا اس کو 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی جب کہ سڑک پر نظر آنے والے شخص کا ویکسی نیشن کارڈ چیک کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا جس کا نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ تفصیلات کے ساتھ جاری کرے گا۔

[pullquote]لاک ڈاؤن میں کونسا کاروبار کھلے رہے گا؟ وزیراعلیٰ سندھ نے بتادیا[/pullquote]

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، صرف مخصوص شعبوں کو بند کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ہم نے کچھ چیزوں کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، 9 دن سب نےمدد کی تو پھرصوبہ کھولنےکی طرف جائیں گے، لوگ کہتے ہیں کہ کیا 9 دن بعد یہ وبا ختم ہوجائے گی، نہیں، یہ وبا ختم نہیں ہوگی مگر ہمارے اسپتال چوک نہیں ہوں گے، ٹاسک فورس نےمشکل مگر سودمند فیصلےکیے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کل سے 8 اگست تک ہوگا اور 9 اگست سے مختلف شعبے کھولنے کی طرف جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ صحت سے متعلق شعبے کھلے رہیں گے، کریانہ، بیکری، سبزی اور گوشت کی دکانیں شام چھ بجے تک کھلیں گی تاہم ریٹیل کے تمام کاروبار بند رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ریسٹورنٹ سے صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، بینک، ایکسپورٹ کے شعبے، بندرگاہ، پیٹرول پمپس اور اسٹاک ایکسچینج کھلی رہے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہوٹل میں صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، ٹیک اووے بھی نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کل سے ہونے والے تمام امتحانات ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ امتحانات کو بھی آگے بڑھانے کیلئے کہا ہے، اگلے ہفتے امتحانات نہیں ہوں گے۔

مرادعلی شاہ کا مزید کہنا تھاکہ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو فیصلوں سے آگاہ کیا ہے، انہوں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جائے، ضروری ہےکہ اسپتالوں کی سہولت بڑھائی جائے جو ہم کررہے ہیں، اس لاک ڈاؤن میں یہ ضروری بنائیں گے کہ کسی کی ویکسینیشن متاثرنہ ہو۔

خیال رہے کہ حکومت سندھ نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث کل سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]تاجروں نے سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کردیا[/pullquote]

کراچی کے تاجروں نے حکومت سندھ کے لاک ڈاون کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے سندھ حکومت سے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں ایف پی سی سی آئی کے صدر ناصر مگوں کا کہنا تھا کہ انڈسٹر ی کو ہفتے میں سات دن کھلا رکھنےکی اجازت ہونی چاہیے، ویکسینیشن کے ساتھ کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، صنعتوں اور کاروبار کوتالا لگا تو تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکیں گی۔

تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنما رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومتی وفد کو مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے اور کاروبار کے اوقات بڑھانے کی تجویز دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

آل پاکستان انجمن تاجران نے بھی لاک ڈاون کا فیصلہ مسترد کردیا اور تاجر رہنما جاوید قریشی کا کہنا ہے کہ ایس او پیزپرعمل کررہےہیں،کاروباری بندش قبول نہیں،سندھ حکومت لاک ڈاؤن کا فیصلہ واپس لے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]وزیراعلیٰ سندھ کا کل سے ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں کل سے ہونے والے تمام امتحانات ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ امتحانات کو بھی آگے بڑھانے کیلئے کہا ہے اور اگلے ہفتے امتحانات نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جاری ہیں جبکہ گزشتہ دنوں صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے اعلان کیا تھاکہ پہلے بارہویں اور اس کے بعد گیارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے