[pullquote]کینیڈا میں قبل از وقت الیکشن کا اعلان کردیا گیا[/pullquote]
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نےحکومت میں اکژیت حاصل کرنے کیلئے ملک میں قبل ازوقت الیکشن کروانے کا اعلان کردیا ہے۔ کینیڈا میں الیکشن دو سال بعد ہونے تھے مگر جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد اب اگلے ماہ 20 ستمبر کو الیکشن منعقد کیے جائیں گے۔جسٹن ٹروڈو ، جن کی لبرل پارٹی نے 2015 میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن 2019 کے الیکشن میں انہوں نے 157 نشستیں جیت کر اتحادی حکومت بنائی تھی ،اب وہ امید کررہے ہیں کہ وہ اس الیکشن میں اکثریت واپس حاصل کرلیں گے۔
[pullquote]ملک سے فرار کے بعد اشرف غنی کا پہلا بیان سامنے آگیا[/pullquote]
افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ملک سے فرار کے بعد ان کا پہلا بیان سامنے آگیا۔اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے اشرف غنی نے کہا کہ آج مجھے ایک مشکل فیصلہ کرنا پڑا اور ملک کو چھوڑنا پڑا۔ان کا کہنا تھاکہ طالبان نے دھمکی دی تھی کہ مجھے ہٹانے کیلئے کابل پر حملوں کیلئے تیار ہیں لیکن میں نے خونریزی کو روکنے کیلئے ملک سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔اشرف غنی کا کہنا تھاکہ طالبان نے تلوار اور بندوق کے زور پر فیصلہ لیا ہے لیکن اب وہ اپنے ہم وطنوں کی عزت اور جائیداد کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں۔
[pullquote]افغانستان: طالبان سبھی اطراف سے کابل میں داخل ہونا شروع[/pullquote]
افغان وزارت داخلہ کے مطابق طالبان نے سبھی اطراف سے دارالحکومت کابل میں داخل ہونا شروع کر دیا ہے۔ دوحہ میں طالبان کے ایک رہنما نے کہا کہ طالبان قیادت نے دارالحکومت میں داخل ہونے والے اپنے جنگجوؤں کو حکم دیا ہے کہ وہ تشدد سے گریز کریں۔ طالبان کی جانب سے تمام افغان فوجیوں اور اہلکاروں کے لیے عام معافی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ ادھر نیوز ایجنسی اے پی نے اپنے افغان ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان کے مذاکرات کار ’اقتدار کی منتقلی‘ کے لیے صدارتی محل پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب افغان وزیر داخلہ عبدالستار مرزاکوال نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ’اقتدار پرامن طریقے‘ سے عبوری حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ کابل پر حملہ نہیں ہو گا اور اس حوالے سے ایک معاہدہ طے ہوچکا ہے۔ عبوری حکومت کے قیام کے حوالے سے مذاکرات فی الحال جاری ہیں۔
[pullquote]روس افغانستان میں اپنا سفارت خانہ فی الحال خالی نہیں کرنا چاہتا[/pullquote]
افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کی پیش قدمی کے باوجود روس فی الحال اپنا سفارت خانہ خالی نہیں کرنا چاہتا۔ یہ بات کابل میں روسی وزارت خارجہ کے اہلکار زمیر کابولوف نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی کو بتائی۔ ان کا کہنا ہے کہ روسی سفیر اور سفارتخانے کا عملہ تحمل کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ ادھر امریکا، جرمنی، کینیڈا سمیت دیگر مغربی ممالک کابل سے اپنے سفارتخانوں کے اہلکار اور مقامی عملے کو جلد سے جلد ملک سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ دریں اثناء طالبان نے اعلان کیا ہے کہ غیرملکی سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور اگر کوئی ملک چھوڑنا چاہتا ہے تو آئندہ دنوں میں ایسا کر سکتا ہے۔
[pullquote]بھارت کا پچہترواں یوم آزادی، مودی کا بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان[/pullquote]
بھارت میں آج بروز اتوار پندرہ اگست کو پچہترویں یوم آزادی کا جشن منایا جارہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر ترقیاتی اسکیم کے تحت ایک بڑے انفراسٹرکچر منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی کے لال قلعہ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ بھارت کے سو فیصد دیہی علاقوں میں سڑکیں تعمیر ہوں گی، مستحق افراد کے لیے ہیلتھ انشورنس، پینشن اور گھروں کی اسکیمں متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ ایک سو کھرب لاگت کے ’گَتی شکتی‘ نامی ترقیاتی منصوبے کو مینوفیکچرنگ اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا جائے گا۔ تاہم اپوزیشن جماعتیں مودی پر یہ کہہ کر تنقید کر رہی ہیں کہ وہ ماضی میں بھی ایسے بڑے منصوبوں کا اعلان کر چکے ہیں۔
[pullquote]افغان مہاجرین کو عارضی پناہ دینے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم البانیا[/pullquote]
البانیا کے وزیراعظم ایڈی راما نے کہا ہے کہ وہ امریکا کی درخواست پر افغان مہاجرین کو عارضی پناہ دینے کے لیے تیار ہیں، جہاں سے وہ امریکا کے ویزوں کے لیے درخواست جمع کراسکیں گے۔ وزیراعظم البانیا نے طالبان کی طرف سے کابل کے اطراف میں پیش قدمی کے بعد آج ایک بیان میں یہ بات کہی۔ وزیراعظم راما کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے حال ہی میں نیٹو کے رکن ملک البانیا سے گزارش کی تھی کہ وہ ایک ٹرانزٹ ملک کی خدمات سرانجام دے سکتا ہے، جہاں سے افغان مہاجرین کو امریکا منتقل کیا جائے گا۔ راما نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک بیان میں لکھا کہ وہ اپنے اہم ترین اتحادی ملک کو انکار نہیں کر سکتے تھے۔
[pullquote]ہیٹی میں شدید زلزلہ، سینکڑوں افراد ہلاک[/pullquote]
کیریبئن ملک ہیٹی میں زلزلے کے جھٹکوں نے شدید تباہی مچا دی ہے۔ سول پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق زلزلے میں تین سو چار افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ سو افراد زخمی ہو گئے۔ متعدد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.2 ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق کئی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ آفٹر شاکس اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیٹی میں طوفان کے ساتھ ساتھ شدید بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
[pullquote]فرانس: سخت کورونا ضوابط کے خلاف ایک بار پھر احتجاج[/pullquote]
فرانس میں مسلسل پانچویں ہفتے لاکھوں افراد کورونا وائرس کے سخت قوانین کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ ہفتہ چودہ اگست کو ملک بھر میں کُل دو سو سترہ جلسے منعقد کیے گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان اجتماعات میں دو لاکھ پندرہ ہزار مظاہرین نے شرکت کی۔ اس طرح جولائی میں شروع ہونے والے اِن مظاہروں میں پہلی مرتبہ تعداد کچھ کم ہوئی ہے۔ مظاہرین ہیلتھ ورکز کو کورونا ویکسین لازمی لگوانے اور عوامی مقامات سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں کورونا سرٹیفکیٹ لازمی دکھانے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
[pullquote]ترکی: جنگی طیارہ تباہ، پانچ روسی فوجی اور تین ترک شہری ہلاک[/pullquote]
ترکی کے جنوبی علاقے میں روس کی جانب سے کرائے پر لیا گیا ایک جنگی طیارہ ہفتے کےر وز کریش ہو گیا۔ ماسکو اور انقرہ کے حکام کے مطابق جنگی طیارہ بیریف بی ای 200 میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے جس میں پانچ روسی فوجی اور تین ترک افسران شامل تھے۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ترک امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ٹی وی پر نشر کی گئی ویڈیو میں طیارے کا ملبہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ جنگی جہاز لینڈنگ سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہوا۔ یہ طیارہ ترکی میں جنگلاتی آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔ ادھر ترکی کے شمالی علاقوں میں سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 55 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]لبنان: تیل ٹینکر میں دھماکا، اٹھائیس افراد ہلاک[/pullquote]
لبنان کے شمالی علاقے عکار میں ایک تیل ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم اٹھائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امدادی تنظیم ریڈ کراس اور سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح پیش آنے والے اس واقعے میں تقریباﹰ اسی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ لبنان کے وزیر صحت حماد حسن نے کہا ہے کہ حکومت دھماکے سے زخمی ہونے والوں کے علاج کے اخراجات ادا کرے گی۔ لبنان کو اس وقت ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
[pullquote]طالبان نے جلال آباد پر قبضہ کر لیا[/pullquote]
عسکریت پسند گروہ طالبان نے افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد پر قبضہ کر لیا ہے۔ خبر رساں اداروں کو مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ صوبہ ننگرہار کا دارالحکومت بغیر کسی لڑائی یا مزاحمت کے طالبان کو سونپ دیا گیا اور صوبائی گورنر نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ اس کے بعد کابل اب افغانستان کا واحد بڑا شہر ہے جو ابھی تک طالبان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ صوبہ لوگر کے دارالحکومت پُلِ علم پر ہفتے کے روز قبضہ کرنے کے بعد طالبان کابل سے صرف پچاس کلومیٹر کی دوری پر موجود ہیں۔
[pullquote]افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی، انخلاء میں تیزی[/pullquote]
افغانستان میں طالبان کی تیز تر پیش قدمی کے نتیجے میں جرمن حکومت افغان دارالحکومت کابل سے فوج کے ذریعے انخلاء کو یقینی بنانے کی تیاری کے حوالے سے شدید دباؤ میں ہے۔ جرمن شہری اور برلن حکومت کے لیے کام کرنے والے مقامی افغان عملے کو جلد سے جلد آئندہ ہفتے کے آغاز تک ملک سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ ہفتے کے روز طالبان نے شمالی افغانستان میں مزار شریف شہر پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔ امریکا اپنے سفارت خانے کے عملے کی محفوظ واپسی کے لیے پانچ ہزار فوجی کابل بھیجنا چاہتا ہے۔