جمعہ : 17 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں مذہبی فسادات میں اضافہ[/pullquote]

بھارت میں جرائم کا ریکارڈ جمع کرنے والے قومی دفتر کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران عوامی نقل وحرکت محدود ہونے کے باوجود وہاں مذہبی فسادات میں اضافہ ہوا۔ جمعرات کو جاری کی گئی اس رپورٹ کے مطابق سن 2020 میں مذہبی فسادات کے واقعات کی تعداد سن 2019 کے مقابلے میں دوگنا رہی۔ ’کرائم اِن انڈیا 2020ء‘ نامی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ملک میں فرقہ وارانہ اور مذہبی فسادات کے 857 مقدمات درج کیے گئے جبکہ سن 2019 میں ان کیسز کی تعداد 438 اور سن 2018 میں 512 تھی۔

[pullquote]بلنکن کی طرف سے فرانس کے ساتھ انتہائی قریبی تعاون پر زور[/pullquote]

آکوس نامی انڈو پیسفک دفاعی معاہدے پر فرانس کی طرف سے شدید ناراضی کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا ملک فرانس کے ساتھ بہت قریبی تعاون رکھتا ہے۔ بلنکن کے مطابق یہ پارٹنر شپ انتہائی اہم ہے۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی سکیورٹی معاہدے کے تحت امریکا اور برطانیہ آسٹریلیا کو اس کی جوہری آبدوزیں تیار کرنے میں بھی مدد فراہم کریں گے، جس کی وجہ سے فرانسیسی شپنگ کمپنی ناوال کو کئی بلین ڈالرز کے متوقع فائدے کی امید خاک میں مل گئی ہے۔ پیرس نے اس پیشرفت کو دھوکہ دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔

[pullquote]تین چینی خلاباز اپنے خلائی اسٹیشن پر تین ماہ گزار کر واپس زمین پر پہنچ گئے[/pullquote]

تین چینی خلاباز زمین کے مدار میں گردش کرتے چین کے اپنے اسپیس اسٹیشن پر 90 دن گزار کر واپس زمین پر پہنچ گئے ہیں۔ اس اسٹیشن پر گزارا گیا یہ اب تک کا طویل ترین وقت ہے۔ تین خلابازوں کو لے کر شینزو 12 کیپسول نے مقامی وقت کے مطابق دن 1:30 پر زمین پر لینڈ کیا۔ یہ کیپسول گزشتہ روز چینی خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا تھا۔ چین 2003ء کے بعد سے اب تک 14 خلابازوں کو خلا میں بھیج چکا ہے۔

[pullquote]فرانس میں 70 فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگا دی گئی[/pullquote]

فرانس نے ملکی آبادی کے 70 فیصد افراد کو کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ فرانسیسی طبی حکام کے مطابق 73.9 فیصد آبادی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کر چکی ہے۔ فرانس میں نئے کورونا کیسز کی تعداد گزشتہ چار ہفتوں سے مسلسل کم ہو رہی ہے جبکہ گزشتہ تین ہفتوں سے کووڈ کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

[pullquote]امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کا دفاعی معاہدہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہے، چین[/pullquote]

چین نے امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے دفاعی معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’انتہائی غیر ذمہ دارانہ‘ فعل قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جِیان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ”علاقائی امن اور استحکام کو بری طرح متاثر کرے گا اور اس سے اسلحے کی دوڑ میں شدت آ جائے گی۔“ اس سے قبل واشنگٹن میں چین کے سفارتخانے نے آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکا پر الزام لگایا کہ اس معاہدے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ممالک ”سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصبات“ کا شکار ہیں۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے سربراہوں نے اس نئے دفاعی معاہدے کا اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔

[pullquote]چین اور بھارت تعلقات بہتر بنانے کی خاطر سرحد سے اپنی فوجیں پیچھے ہٹائیں، بھارتی وزیر خارجہ[/pullquote]

بھارت نے چین سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر باہمی تعلقات صرف اسی صورت میں قائم ہو سکتے ہیں جب متنازعہ ہمالیائی سرحد سے دونوں ممالک کی افواج پیچھے ہٹا لی جائیں۔ یہ بات بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھی ہے۔ دوشنبے میں ہونے والی ایک علاقائی کانفرنس کے موقع پر جے شنکر نے گزشتہ روز اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی تھی۔ مغربی ہمالیائی سرحد پر چین اور بھارت کے ہزاروں فوجی تعینات ہیں، گزشتہ برس وہاں ہونے والی ایک جھڑپ میں درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

[pullquote]جرمنی میں یہودی عبادت گاہ پر ممکنہ حملے کے تناظر میں ایک شامی نوجوان زیر تفتیش[/pullquote]

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ہاگن میں ایک یہودی عبادت گاہ پر کسی ممکنہ حملے کے تناظر میں ایک شامی نوجوان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زیر حراست 16 سالہ شامی لڑکے کے، ملک سے باہر موجود معروف شدت پسند اسلامی مذہبی گروپ کے ساتھ رابطے ہیں۔ ڈوسلڈورف میں استغاثہ کی طرف سے بتایا گیا کہ اس شامی نوجوان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ٹیلی گرام ایپ استعمال کرتے ہوئے ایک بم بنانے والے شخص سے رابطہ کیا تھا، تاہم اس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ کسی سیناگاگ پر حملے کا ارادہ رکھتا تھا۔ حکام اس نوجوان سے مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں تمام ملازمین کے لیے ’گرین پاسپورٹ‘ لازمی[/pullquote]

اٹلی میں تمام ملازمین کے لیے کام کی جگہ پر پہنچنے پر اپنا کورونا ویکسین کا سرٹیفیکیٹ یا کووڈ کا منفی ٹیسٹ رزلٹ دکھانا لازمی کر دیا جائے گا۔ اطالوی وزیر صحت رابرٹو سپرینزا کے مطابق اٹلی میں کام کرنے کی تمام جگہوں پر وسط اکتوبر سے ’گرین پاسپورٹ‘ لازمی قرار دے دیا جائے گا۔ وہاں گرین پاسپورٹ کا مطلب ہے کہ اس کا حامل کورونا کی ویکسینیشن کرا چکا ہے یا اس کے پاس کووڈ کا منفی ٹیسٹ رزلٹ ہے یا پھر اس کے پاس کووڈ سے صحت یابی کا سرٹیفیکیٹ ہے۔ اگر کسی شخص کے پاس مذکورہ سرٹیفیکیٹ نہیں ہو گا تو اسے کام کی جگہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا اور اس کا نتیجہ ملازمت سے معطلی بھی ہو سکتا ہے۔

[pullquote]روس: ناوالنی کے حامیوں کو انتخابات میں دھاندلی کا خدشہ[/pullquote]

روس میں پارلیمانی انتخابات کے آغاز پر اپوزیشن نے منظم انتخابی بدعنوانی سے خبردار کیا ہے۔ جیل میں قید کریملن کے ناقد اور اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کے ایک ترجمان نے ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ کے نئے آپشن کو ’انتہائی نامعقول عمل‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آن لائن ووٹنگ کے نتائج کی تصدیق ممکن نہیں۔ روس میں تین روزہ انتخابات کا عمل اتوار کے روز اختتام کو پہنچے گا۔ دنیا کے اس سب سے بڑے ملک میں اہل ووٹرز ملکی پارلیمان دوما کے لیے 450 ارکان کا انتخاب کریں گے۔ ناوالنی کے حامیوں کو ان انتخابات میں بطور امیدوار بھی شامل نہیں ہونے دیا گیا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے