[pullquote]چینی صدر شی کا جرمن چانسلر میرکل کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں تبادلہ خیال[/pullquote]
چینی صدر شی جن پنگ نے آج بدھ کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات چین کے سرکاری ٹیلی وژن نے بتائی۔ بتایا گیا ہے کہ اس ورچوئل ملاقات میں چینی صدر اور جرمن چانسلر نے مختلف شعبوں میں چینی یورپی اور چینی جرمن تعلقات کے بارے میں بات چیت کی۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات بہت دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
[pullquote]یورپی یونین کے جوہری مذاکرات کے کوآرڈینیٹر کل تہران جائیں گے[/pullquote]
یورپی یونین کے ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے رابطہ کار اینریک مورا کل جمعرات کے روز تہران پہنچیں گے۔ یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے بتائی گئی۔ بین الاقوامی طاقتوں اور برسلز کی ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت کی بحالی کے لیے کوششیں کافی عرصے سے جاری ہیں۔ اب تک لیکن ان مذاکرات کی بحالی کے لیے کوئی باقاعدہ تاریخ طے نہیں ہو سکی۔
[pullquote]نازی قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے والے فرانسیسی ہیرو کا ایک سو ایک برس کی عمر میں انتقال[/pullquote]
فرانس پر دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمنی کے قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے والے آخری زندہ افراد میں سے ایک ہُوبَیغ گَیرماں ایک سو ایک برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی موت کا اعلان فرانسیسی خاتون وزیر دفاع فلورنس پارلی نے پیرس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گَیرماں فرانس کی تاریخ پر گہرے اثرات چھوڑنے والی شخصیت تھے۔ ہُوبَیغ گَیرماں پیرس میں ایک فرانسیسی فوجی افسر کے گھر پیدا ہوئے تھے۔ وہ فرانس پر نازی قبضے کے خلاف لڑنے والے ایسے آخری زندہ مزاحمتی فائٹر تھے، جن کو جنرل چارلس ڈیگال نے ’آرڈر آف لبریشن‘ کا اعلیٰ ملکی اعزاز ذاتی طور پر پیش کیا تھا۔ ان کی آخری رسومات میں موجودہ صدر ایمانوئل ماکروں ذاتی طور پر شرکت کریں گے۔
[pullquote]امریکی ایوان نمائندگان نے زیادہ سے زیادہ ریاستی قرضوں کی حد بڑھا دی[/pullquote]
امریکی ایوان نمائندگان نے زیادہ سے زیادہ ریاستی قرضوں کی حد بڑھا دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یوں کانگریس کے ایوان زیریں نے کم از کم فی الحال دنیا کی سب سے بڑی معیشت کی حکومت کو ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے سے بچا لیا ہے۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ ارکان کی اکثریت ہے اور انہوں نے اس بارے میں متفقہ رائے سے ایک قرارداد منظور کر لی۔ یوں امریکی حکومت اب زیادہ سے زیادہ جتنے قرضے لے سکتی ہے، ان کی مالیت میں چار سو اسی بلین ڈالر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹ میں اس موضوع پر ووٹنگ گزشتہ ہفتے ہو گئی تھی۔ اس طرح امریکا میں اب مالیاتی وجوہات کی بنا پر وفاقی اداروں کی بندش کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
[pullquote]جرمنی کا ایران سے ارمان عبدالعلی کے لیے سزائے موت کی معطلی کا مطالبہ[/pullquote]
وفاقی جرمن حکومت کی انسانی حقوق کی نگران عہدیدار کوفلر نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک ایرانی نوجوان کو سنائی گئی موت کی سزا پر مجوزہ عمل درآمد روک دے۔ بَیربل کوفلر نے کہا کہ ارمان عبدالعلی نامی مجرم ارتکابِ جرم کے وقت نابالغ تھا۔ کوفلر نے کہا کہ اسے سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد بین الاقوامی قانون کے منافی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کے قابل اعتماد اشارے بھی ملے ہیں کہ اس وقت چوبیس سالہ عبدالعلی سے تشدد کے ذریعے اعتراف جرم کرایا گیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی تہران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ارمان عبدالعلی کو قتل کے جرم میں سنائی گئی سزائے موت معطل کر دے۔
[pullquote]متحدہ عرب امارات، اسرائیل اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے مابین سہ فریقی مذاکرات[/pullquote]
متحدہ عرب امارات، اسرائیل اور امریکا کے اعلیٰ ترین سفارت کاروں کے مابین واشنگٹن میں آج سہ فریقی مذاکرات ہو رہے ہیں۔ یہ بات چیت امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی ان کوششوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کی دیگر ریاستوں کے مابین معمول کے تعلقات کے قیام کے عمل میں توسیع ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں ایران کی وجہ سے پائی جانے والی تشویش ایک اہم موضوع ہو گی۔ اس مکالمت کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پہلے اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپیڈ اور ان کے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے علیحدہ علیحدہ مشاورت اور پھر ایک مشترکہ ملاقات بھی کریں گے۔
[pullquote]کینیا کے ساتھ سمندری حدود کے دیرینہ تنازعے میں صومالیہ کی کامیابی[/pullquote]
کینیا اور صومالیہ کے مابین ان کی سمندری حدود سے متعلق دیرینہ تنازعے میں دی ہیگ کی بین الاقوامی عدالت انصاف نے اپنا فیصلہ صومالیہ کے حق میں سنا دیا۔ عدالت نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے مابین کوئی طے شدہ سمندری حدود موجود ہی نہیں۔ ساتھ ہی اس عدالت کے ججوں نے ان ممالک کے مابین نئی سمندری حدود کا تعین بھی کر دیا۔ یوں بحر ہند میں مبینہ طور پر قدرتی وسائل سے مالا مال متنازعہ سمندری خطے کا کافی بڑا حصہ صومالی سمندری علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔ کینیا کے صدر کینیاٹا نے اس عدالتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیا اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ صومالیہ اس دو طرفہ تنازعے کو سن دو ہزار چودہ میں اقوام متحدہ کی اس عدالت میں لے گیا تھا۔
[pullquote]جنوبی چلی میں بدامنی کے باعث ہنگامی حالت کا نفاذ[/pullquote]
چلی کی حکومت نے ملک کے جنوب میں عمومی بدامنی اور پرتشدد واقعات کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ صدر سباستیان پینیئرا نے اعلان کیا کہ جنوبی صوبوں بیوبیو، آراؤکو، مائی اَیکو اور کاؤتین میں پولیس کو امن عامہ کو یقنی بنانے میں فوج کی مدد حاصل رہے گی۔ جنوبی چلی میں گزشتہ برسوں کے دوران عام شہریوں کے گھروں اور گاڑیوں پر آتشیں حملوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ حملے جزوی طور پر ماپُوچے کہلانے والے قدیم مقامی باشندوں کی آبادی سے تعلق رکھنے والے شدت پسند بھی کرتے ہیں۔ ماپُوچے باشندوں کی طرف سے اپنے لیے زیادہ خود مختاری کے علاوہ اپنے قدیمی علاقوں کی واپسی کا مطالبہ بھی کیا جاتا ہے۔
[pullquote]برطانوی مصنوعات کی شمالی آئرلینڈ کو ترسیل، یورپی اقدامات کا اعلان آج[/pullquote]
یورپی کمیشن کی طرف سے آج بدھ کے روز ان اقدامات کا اعلان کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد برطانیہ سے اس کے صوبے شمالی آئرلینڈ کو مصنوعات کی ترسیل میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ برسلز کی طرف سے یہ اقدامات برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بریگزٹ معاہدے کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔ تاہم یورپی کمیشن اس بات پر آمادہ نہیں ہے کہ لندن حکومت کے مطالبے کے مطابق شمالی آئرلینڈ کے لیے علیحدہ سے تجارتی ضوابط طے کیے جائیں۔ یورپی اقدامات کا مقصد برطانیہ سے اس کے اس صوبے میں پہنچنے والی مصنوعات کے لیے کسٹمز کنٹرول کو آسان بنانا بھی ہے۔
[pullquote]جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تقریباﹰ بارہ ہزار نئے کیسز کا اندراج[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تقریباﹰ بارہ ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یہ بات ملک میں وبائی امراض کی روک تھام کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بدھ کی صبح برلن میں بتائی۔ اس دوران گیارہ ہزار نو سو سے زائد نئی انفیکشنز کے علاوہ کووڈ انیس کے مزید بانوے مریض انتقال بھی کر گئے۔ جرمنی میں کورونا وائرس اب تک تینتالیس لاکھ تیس ہزار ڈھائی سو سے زائد افراد کو متاثر کر چکا اور چورانوے ہزار تین سو نواسی ہلاکتوں کی وجہ بن چکا ہے۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو