برطانوی جریدے کو انٹرویو: شوہر عصر ملک ایک بہترین دوست اور ساتھی ہے،ملالہ

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی شخصیت ملالہ یوسفزئی نے برطانوی جریدے کو انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق گفتگو کی ہے۔

ملالہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیسر عصر ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔

نکاح کے بعد ملالہ کو جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات ملے وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے ماضی کے بیان کا بھی تذکرہ کیا۔

تاہم اب ملالہ نے حال ہی میں برطانوی میگزین ووگ دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں شوہر عصر ملک کے روپ میں ایک بہترین دوست اور ساتھی ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں شادی کے حوالے سے سوچنے میں مشکلات کا سامنا ہوا کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ وہ شادی نہیں کرسکیں گی لیکن عصر سے ملنے کے بعد ان کے خیالات میں تبدیلی آگئی اور عصر سے ملاقات کے بعد ہی وہ ان کے بہترین دوست میں تبدیل ہوگئے۔

ملالہ نے ماضی میں نکاح سے متعلق دیے گئے بیان پر کہا کہ وہ بیان ایسی خواتین کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا گیا تھا جنہیں شادی کے بعد اپنی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ ایسی کئی لڑکیوں کے ساتھ پلی پڑھی ہیں جن کی شادیاں کم عمری میں ہوئیں اور وہ اپنے مستقبل سے متعلق فیصلہ نہیں کرپائیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ایک دوست کے ہاں پہلی اولاد اس وقت ہوئی جب وہ 14 سال کی تھی، اس کے علاوہ بھی وہ ایسی کئی لڑکیوں کو جانتی ہیں جن کے والدین نے انہیں اسکول سے اس لیے نکال دیا کہ وہ پڑھائی کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے لہٰذا تعلیم کے بجائے ان کی شادی کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جنرل منیجر آپریشنز کے عہدے پر فائز ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے