[pullquote]پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں، پیوٹن[/pullquote]
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں۔روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو سالانہ پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس میں روسی صدر کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا باعث بنتی ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی مذہبی آزادی کے خلاف ہے اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھاکہ ایسی حرکتیں انتہا پسندی کی طرف لے جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ آزادی آپ کے اردگرد لوگوں کو عزت دینے کا نام ہے۔
[pullquote]بنگلہ دیش میں فیری حادثہ، درجنوں ہلاک اور متعدد زخمی[/pullquote]
بنگلہ دیش میں ایک کشتی میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت اس کشتی میں تین سو کے قریب افراد سوار تھے۔ اس مسافر بردار کشتی کو یہ حادثہ جمعے کی صبح ملک کے جنوبی حصے میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ستر سے زائد لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ کم از کم سو افراد زخمی حالت میں ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے ہیں، جن میں زیادہ تر جھلسے ہوئے ہیں۔
[pullquote]روسی سکیورٹی تجاویز پر امریکی ردعمل ’مثبت‘ ہے، پوٹن[/pullquote]
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے روسی سکیورٹی تجاویز پر امریکی ردعمل کو ’مثبت‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو مشرقی یورپ کی جانب توسیع روکے۔ انہوں نےکہا کہ مغربی دفاعی اتحاد خطرناک حد تک روس کے قریب پہنچ چکا ہے، جو روس قبول نہیں کرے گا۔ گزشتہ ہفتے ماسکو حکومت کی جانب سے نیٹو اور مغربی ممالک کو سکیورٹی تجاویز پیش کی گئی تھیں، جن میں یوکرائن کو نیٹو کا حصہ بنانے سے اجتناب جیسے مطالبات بھی شامل تھے۔ اگلے ماہ امریکا اور روس کے وفود سکیورٹی امور پر بات چیت کے لیے جنیوا میں ملاقات کر رہے ہیں۔
[pullquote]اومیکرون کی لہر کا سامنا ہو سکتا ہے، جرمن وزیرصحت کا انتباہ[/pullquote]
جرمن وزیرصحت کارل لاوٹرباخ نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون ایک نئی لہر کا باعث بن سکتی ہے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب جرمنی میں اومیکرون وائرس سے جڑی پہلی ہلاکت ریکارڈ کی گئی ہے۔ متعدی بیماریوں سے متعلق جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق ایک ہی دن میں جرمنی میں اومیکرون وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ سو دس سے تین ہزار ایک سو اٹھانوے ریکارڈ کی گئی ہے۔ جرمن ادارے کے مطابق گو کہ اب بھی جرمنی میں کورونا وائرس سے جڑے زیادہ تر کیسز ڈیلٹا ویرئینٹ ہی کے سامنے آ رہے ہیں، تاہم اومیکرون وائرس کی اب جرمنی کی تمام وفاقی ریاستوں میں تشخیص ہو چکی ہے۔
[pullquote]یونان کے قریب مسافر بردار کشتی تباہ ہوگئی، ہلاکتوں کی تعداد سات[/pullquote]
یونانی پانیوں کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی تباہ ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق درجنوں افراد بہ شمول بچوں کو کشتی کے ملبے سے ریسکیو کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تارکین وطن کی یہ کشتی جمعرات کی شام یونانی جزیرے انتیکیتھیرا کے قریب خشکی سے جا ٹکرائی۔ یونانی میڈیا کے مطابق 27 بچوں، گیارہ خواتین اور 52 مردوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
[pullquote]نصف سے زائد جرمن شہری ویکسینیشن مہم پر ناخوش، جائزہ[/pullquote]
جرمنی میں نصف سے زائد شہری کووِڈ انیس کے خلاف ویکیسینشن کی ملکی مہم سے مطمئن نہیں ہیں۔ یہ بات ایک تازہ عوامی جائزے میں سامنے آئی ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے لیے یو گوو YouGov کے ذریعے کرائے گئے سروے میں 19 فیصد جرمن شہریوں نے ویکسینیشن کی حکومتی مہم پر ’انتہائی عدم اطمینان‘ ظاہر کیا جب کہ 31 فیصد نے اسے ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا۔سروے کے مطابق 36 فیصد افراد نے اس مہم پر ’اطمینان‘ کا اظہار کیا جب کہ صرف چھ فیصد ایسے شہری تھے، جو اس مہم پر ’مکمل طور پر مطمئن‘ تھے۔
[pullquote]اومیکرون، بھارتی عدالت نے ریاستی انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دے دی[/pullquote]
ایک بھارتی عدالت نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ ریاستی انتخابات کو فی الحال ملتوی کر دیں۔ عدالت کے مطابق سیاسی ریلیوں اور انتخابی مہم کی وجہ سے اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ بھارت کی سب سے گنجان آباد ریاست اترپردیش میں نئے برس کے آغاز پر انتخابات ہونا ہیں۔ 220 ملین نفوس کی اس ریاست کے انتخابات کے لیے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بھارت میں اترپردیش کے علاوہ چند دیگر ریاستوں میں بھی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کا حملہ، دھماکا خیز مواد سے لدی کشتی تباہ[/pullquote]
سعودی قیادت میں عرب اتحادی طیاروں نے بحیرہء احمر میں دھماکا خیز مواد سے لدی ایک کشتی کو تباہ کر دیا۔ سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ کشتی حملے کی تیاری میں مصروف تھی، جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب عرب اتحاد نے صنعا میں کھیلوں کے ایک میدان کو نشانہ بنایا۔ عرب عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں سے صنعا شہر میں کھیلوں کے اس میدان کو ہتھیاروں کے ذخیرہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے پر ڈیڈلائن دی ہے کہ وہ جمعرات کی شب عالمی وقت کے مطابق گیارہ بجے تک اس میدان سے تمام گولہ باردو نکال لے دوسری صورت میں اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
[pullquote]میانمار کی فوج کے فضائی حملے، سینکڑوں افراد کی نقل مکانی[/pullquote]
میانمار میں فوج نے باغیوں کے زیرقبضہ ایک چھوٹے سے قصبے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے بعد سینکڑوں افراد کی تھائی لینڈ کی جانب نقل مقامی جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومتی فورسز نے لے کے کاؤ کے قصبے میں باغیوں کے خلاف بھاری توپ خانے کا استعمال بھی کیا۔ یہ قصبہ تھائی سرحد کے قریب واقعہ ہے اور اس پر کارین گوریلا فائٹرز قابض ہیں۔ ملکی اقتدار پر قبضے کے بعد میانمار کی فوج رواں برس فروری سے اس قصبے پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔
[pullquote]امریکا حوالگی کے خلاف اسانج کی برطانوی سپریم کورٹ میں اپیل[/pullquote]
وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کے وکلا نے برطانوی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اسانج کو امریکا کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ رواں ماہ کی دس تاریخ کو برطانوی ہائی کورٹ نے مجسٹریٹس کورٹ کے اس فیصلے کو بدل دیا تھا، جس میں اسانج کو موجودہ ذہنی حالت میں امریکی نظام انصاف کے حوالے کرنے سے روکا گیا تھا۔ مجسٹریٹس عدالت کا کہنا تھا کہ جولیان اسانج امریکا میں خودکشی کر سکتے ہیں۔ وکی لیکس کے بانی خفیہ امریکی دستاویزات لیک کرنے پر امریکا میں مطلوب ہیں اور اگر ان پر جرم ثابت ہوتا ہے، تو انہیں 175 برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
[pullquote]یونان میں ایک مشتبہ جہادی گرفتار[/pullquote]
یونان میں انسداد دہشت گردی فورس نے ایک 40 سالہ عراقی شہری کو حراست میں لے لیا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس کا تعلق دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ سے ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ شخص شام سے یونان پہنچا تھا۔ پولیس بیان کے مطابق زیرحراست شخص کو آج جمعے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس شخص کو سات دسمبر کو حراست میں لیا گیا تھا اور اس پر الزام تھا کہ اس نے غیرملکیوں کو یونان میں داخل ہونے اور نکلنے میں مدد کی، تاہم بعد میں اسے رہا کر دیاگیا۔ بعد میں لیکن ایک ویڈیو فوٹیج میں اس شخص کے اسلامک اسٹیٹ کے رکن ہونے کے اشارے ملے، جس کے بعد اسے دوبارہ حراست میں لیا گیا۔
[pullquote]جرمنی میں سردی کی لہر: سینکڑوں ٹریفک حادثات، دو اموات[/pullquote]
جرمنی میں شدید سردی کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث سینکڑوں ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جب کہ کم از کم دو افراد ان حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جمعے کے روز جرمن پولیس کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ ان حادثات میں کئی افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز جرمنی میں سردی کے باعث ہونے والے حادثات کی تعداد 190 رہی۔ واضح رہے کہ جرمنی میں کئی مقامات پر اس وقت درجہ حرارت نکتہ انجماد سے کئی درجے نیچے ہے اور سردی میں اس انداز کے حادثات معمول ہیں۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]