[pullquote]فضائی حدود بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، یوکرائنی صدر کے مشیر[/pullquote]
روس کے ساتھ جاری بحران کے تناظر میں یوکرائن اپنی فضائی حدود بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں دیکھتا، یہ بات یوکرائنی صدر کے چیف آف اسٹاف نے آج اتوار کو کہی ہے۔ میخائلو پوڈولیاک نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ کہ اہم نکتہ یہ ہے کہ یوکرائن خود اپنی فضائی حدود کی بندش کی کوئی وجہ نہیں دیکھتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بے وقوفی ہو گی اور ان کے خیال میں ایسا کرنا جزوی طور پر ناکہ بندی کے مترادف ہو گا۔ روس نے یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور امریکا کا کہنا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔
[pullquote]بائیڈن افغانستان کے منجمد اثاثوں سے متعلق اپنے فیصلے کو واپس لیں، حامد کرزئی[/pullquote]
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے امریکا میں منجمد شدہ رقم کا نصف نائن الیون متاثرین کو دینے کے اپنے فیصلے کو واپس لیں۔ کابل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حامد کرزئی نے کہا کہ افغانستان کے منجمد شدہ فنڈز افغان کرنسی اور اقتصادی نظام کو مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیے جانے چاہییں۔ سابق افغان صدر کے مطابق افغانستان کے لوگوں کی رقم خرچ کرنا ناانصافی ہے اور افغان عوام پر ظلم ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو ایک حکم نامے پر دستخط کیے تھےجس کے تحت امریکا میں منجمد افغانستان کے سات بلین ڈالرز میں سے نصف نائن الیون کے متاثرین کو جبکہ نصف رقم افغانستان میں امدادی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔
[pullquote]ترک صدر نے بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس میں کمی کر دی[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کھانے پینے کی بنیادی اشیاء پر عائد ٹیکس میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے تاکہ ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان پر قابو پایا جا سکے۔ کھانے پینے کی اشیاء کی خرید پر لاگو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح اس وقت آٹھ فیصد ہے تاہم صدارتی حکم کے مطابق پیر کے روز سے اس میں سات فیصد کی کمی لا کر محض ایک فیصد کر دیا جائے گا۔ ایردوآن اس فیصلے کے بعد توقع کر رہے ہیں کہ مشکلات میں گھری ترک عوام کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔ ترکی کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق جنوری میں سالانہ افراط زر کی شرح 48.69 تھی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل شرح 115 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کا دورہ مشرق وسطیٰ مکمل[/pullquote]
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے اپنا تین روزہ دورہ مشرق وُسطیٰ مکمل کر لیا ہے۔ ان کے دورے کی آخری منزل مصری دارالحکومت قاہرہ تھی جہاں انہوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اپنے ہم منصب سامح شکری سے ملاقاتاتیں کیں۔ جرمنی نے مسلسل تین برس کسی دیگر ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ اسلحہ مصر کو ہی فروخت کیا ہے۔ جرمن حکومت کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2021ء کے دوران جرمن اسلحے کی برآمدات ریکارڈ بلند ترین سطح پر رہیں۔ تاہم جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مصر میں انسانی حقوق کی صورتحال برلن کی پالیسی میں مرکزی کردار ادا کرے گے اور انہوں نے مصری حکام سے ملاقاتوں میں اس معاملے کو اٹھایا۔ بیئربوک مشرق وسطیٰ کے اس اولین دورے کے دوران اسرائیل، فلسطینی علاقوں اور اردن بھی گئیں۔
[pullquote]امریکی ایف 22 لڑاکا طیارے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے[/pullquote]
امریکی ایف 22 لڑاکا طیارے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی ایک ایئربیس پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ پیشرفت حوثی باغیوں کی طرف سے ابوظہبی پر متعدد حملوں کے بعد عمل میں آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ایئرفورس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوری میں ہونے والے حملوں کے سلسلے کے بعد امریکی طیاروں کی تعیناتی کا مقصد متحدہ عرب امارات کے لیے امریکی سپورٹ کا اظہار ہے۔ امریکی ایئرفورس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ففتھ جنریشن طیاروں کی تعیناتی امریکی وزیر دفاع کے حکم پر عمل میں آئی ہے۔
[pullquote]فرانس میں ’آزادی کے قافلے‘ پر پولیس کی طرف سے آنسو گیس[/pullquote]
پیرس کے وسطی حصے میں پولیس نے گزشتہ روز مظاہرہ کرنے والوں کو منشتر کرنے کے لیے پر آنسو گیس کے شیل برسائے۔ پیرس کی معروف شاہراہ شانزے لیزے کو گاڑیوں کے ذریعے بلاک کرنے کی کوشش کرنے والے مظاہرین میں سے 200 سے زائد افراد پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ قافلہ آزادی کے نام سے کیے گئے اس مظاہرے میں گاڑیوں نے شہر کے مرکزی حصے کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ ان مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت زیادہ تر عوامی مقامات پر جانے کے لیے ویکسین پاس کی پابندی ختم کرے۔ ساتھ ہی وہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب بجلی کے بلوں میں سبسڈی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔
[pullquote]آسٹریا نے کووڈ پابندیوں میں نرمی کر دی[/pullquote]
یورپی ملک آسٹریا نے کووڈ کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں ہفتے کے روز نرمی کر دی۔ اب کسی دکان یا عجائب گھر وغیرہ میں جانے کے لیے ویکسینیشن یا کووڈ سے صحتیاب ہونے کا سرٹیفیکٹ دکھانے کی ضرورت نہیں ہو گی تاہم ایف ایف پی ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ آسٹریا کی حکومت کے مطابق ملک کی 69 فیصد آبادی ویکسین لگوا چکی ہے اور ہسپتالوں میں صورتحال قابو میں ہے جس کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ جمعرات 17 فروری سے لوگ ویانا کے علاوہ ہر جگہ کورونا کے منفی ٹیسٹ کے ساتھ بھی ریستورانوں میں جا سکیں گے۔ یہی اصول سیاحوں پر بھی لاگو ہوں گے۔ اب تک ویکسینیشن یا کووڈ سے صحتیاب ہونے کا سرٹیفیکیٹ ہونا لازمی تھا۔
[pullquote]فرانسیسی فورسز کا برکینا فاسو میں 40 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ[/pullquote]
فرانسیسی فوج کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو میں ملکی فورسز کے ساتھ مل کر کیے گئے ایک آپریشن میں 40 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ بیان کے مطابق یہ ’مسلح دہشت گرد گروپ‘ ہمسایہ ملک بنین میں دو حملوں کا ذمہ دار تھا جن میں ایک فرانسیسی شہری سمیت نو افراد مارے گئے تھے۔ اس بیان کے مطابق جمعرات کو دہشت گردوں کے ایک گروپ کو برکینا فاسو کی سرحد عبور کرتے وقت ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جب تین فضائی حملوں میں 30 سے زائد عسکریت پسند مارے گئے۔ فرانس کے پانچ ہزار فوجی اس وقت دیگر افریقی ممالک کے ساتھ مل کر ’آپریشن برکھان‘ کی قیادت کر رہے ہیں جس کا مقصد ساحل کے علاقے میں مذہبی شدت پسندوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
[pullquote]اشٹائن مائر کے دوبارہ جرمن صدر منتخب ہونے کے امکانات روشن[/pullquote]
آج ایک خصوصی اجلاس میں جرمن صدر کو آئندہ پانچ برسوں کے لیے بھی منتخب کیے جانے کا امکان روشن ہے۔ صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کو اتحادی حکومت میں شامل تینوں جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ قدامت پسند اپوزیشن بھی اشٹائن مائر کی حمایت کا اظہار کر چکی ہے۔ اس لیے امید ہے کہ وہ اتوار 13 فروری کو ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں ہی صدر منتخب کر لیے جائیں گے۔ 66 سالہ اشٹائن مائر سابق وزیر خارجہ اور نائب چانسلر بھی رہ چکے ہیں۔ جرمنی میں صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی نوعیت کا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]