پیر : 14 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر اولاف شوُلس کا یوکرائن کا اولین دورہ[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولش آج کییف میں یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلینسکی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ یوکرائن کے بحران میں ڈرامائی طور پر اضافے کے سبب اولاف شُولس نے یوکرائن کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔ شوُلس کا یوکرائن کا یہ پہلا اور خالصتاً رسمی دورہ ہے۔ جرمن چانسلر منگل کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ تاہم جرمن ذرائع کے مطابق برلن کو ان مذاکرات سے کسی طرح کے ’’ٹھوس نتائج‘‘ کی توقع نہیں ہے۔ بعض ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ جرمن چانسلر روس پر یہ واضح کریں گے کہ اس معاملے میں مغرب متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں روس پر’’سخت ترین پابندیاں‘‘ لگائی جائیں گی۔

[pullquote]یوکرائن کی صورتحال بالکل غیر یقینی ہے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر بوک نے کہا ہے کہ یوکرائن کے بحران کے حل کے لیے اب تک کی جانے والی تمام سفارتی کوششیں کارآمد ثابت نہیں ہوئی ہیں۔ دریں اثناء یوکرائن روس سے فوجی کشیدگی کم کرنے کے اپنے عزم کے احترام کا مطالبہ کر رہا ہے۔ یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم کی ذمہ داری کے تحت 48 گھنٹوں کے اندر یوکرائن کے بحران کے حل کے لیے مذاکرات شروع ہو جانے چاہییں۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئریوک نے تاہم کہا ہے کہ ایسے کوئی اشارے نہیں مل رہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ ’’ فوجی تصادم کا فیصلہ ہو چُکا ہے۔‘‘ مغرب تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے روس کو مذاکرات کی میزپر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

[pullquote]تیونس کے صدر کی طرف سے عدلیہ اختیارات پر مکمل گرفت[/pullquote]

تیونس کے صدر قیس سعید نے ایک صدارتی حکم نامے کے تحت ایک نیا جوڈیشل واچ ڈاگ قائم کر کے عدلیہ سے متعلق تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں۔ اس متنازعہ اقدام پر ہزاروں افراد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ صدر سعید اب بذات خود ججوں کی برطرفی، ان کی ترقی اور تقرری کے مجاز بن گئے ہیں۔ گزشتہ برس ملکی پارلیمان تحلیل کرنے کے بعد سے ہی وہ مختلف اداروں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے ساتھ ہی اپنے اقتدار کو مستحکم کرنے کی کوشش میں تھے۔ صدر نے عدلیہ کی سپریم کونسل کو برخاست کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ اس کونسل کے سربراہ یوسف بو زخار نے اس حکم نامے کو، ’غیر آئینی قرار دیا جو عدلیہ کی آزادی کی ضمانتوں کو ختم کرتا ہے‘۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کا صنعا پر حملہ[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس اتحاد نے حملے سے قبل شہریوں کو خبردار کر دیا تھا کہ وہ شہر سے نکل جائیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایران نواز باغیوں کی طرف سے ایک سعودی ایئر پورٹ پر ڈرون حملے کے جواب میں سعودی عسکری اتحاد نے صنعا میں یہ فضائی کارروائی کی ہے۔ سعودی عسکری اتحاد نے پیر کے دن بتایا کہ اس فضائی کارروائی میں مواصلات کے ذرائع کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ حوثی باغی اس نطام کو ڈرون سے کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ حوثی باغیوں کے ایک نیوز چینل نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیلی یمن، ٹیلی کامز کمپنی کی عمارت تباہ کر دی گئی ہے، ساتھ دیگر قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]

غرب اردن کے ایک گاؤں میں بدامنی پھیلنے کے بعد اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ ایک فلسطینی کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ یروشلم پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج دہشت گردانہ حملے میں مبینہ طور پر ملوث ایک فلسطینی کے خلاف آپریشن کر رہی تھی۔ پیر کو اسرائیلی فوج کی طرف بتایا گیا کہ اسرائیلی بارڈر پولیس نے ’دہشت گرد‘ محمد جارادت کے گھر کو مسمار کیا کیونکہ اس نے دیگر فلسطینیوں کے ساتھ مل کر غرب اُردن میں ایک یہودی بستی پر خونریز حملہ کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے آپریشن کے خلاف سینکڑوں فلسطینیوں نے پتھراؤ کیا۔ اسرائیلی فوج نے اس کے جواب میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نو عمر فلسطینی ہلاک اور کم از کم دس دیگر زخمی ہو گئے۔

[pullquote]فرانس میں پادریوں پر قاتلانہ حملے کے مقدمے کی سماعت[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت میں جولائی 2016 ء میں ایک پادری پر ہونے والےقاتلانہ حملے کے مقدمے کی سماعت کا آغاز ہو گیا۔ یہ حملہ مسلم انتہا پسندوں نے کیا تھا۔ شمالی فرانس کے ایک مرکزی شہر رُؤاں کے نزدیک قائم ایک کیتھولک چرچ میں ایک دعائیہ تقریب کے دوران دو حملہ آوروں نے حملہ کر کے 85 سالہ پادری ژاک آمل کو قتل اور ایک کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ ان دونوں حملہ آوروں کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آئی ایس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔ اس حملے کے سلسلے میں تین افراد پر ایک دہشت گرد تنظیم بنانے اور چوتھے پر غیر حاضری میں پادری کے قتل کی ترغیب دلانے اور مدد کرنے کا الزام عائد ہے۔

[pullquote]فرانک والٹر اشٹائن مائیر دوسری مدت کے لیے صدر منتخب[/pullquote]

جرمن پارلیمان نے فرانک والٹر شٹائن مائر کو دوسری مدت کے لیے ملک کا صدر منتخب کر لیا ہے۔ برلن میں منعقدہ وفاقی کنونشن میں اشٹائن مائر کو 77 فیصد حمایت حاصل ہوئی۔ اس وفاقی کنونشن میں جرمن پارلیمنٹ کے ایوان زیرین کے اراکین کے علاوہ اتنی ہی تعداد میں ملک کی سولہ ریاستوں سے منتخب ممبران صدر کے انتخاب میں حصہ لیتے ہیں۔ دوسری مدت کے لیے عہدہ صدارت سنبھالتے ہوئے اشٹائن مائر نے کہا کہ وہ ہر اس شخص کے ساتھ ہیں جو جمہوریت کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے یوکرائن میں روس کے حملہ کی صورت میں جنگ کے خدشات سے خبردار کیا۔ یاد رہے کہ جرمنی میں سربراہ مملکت کا عہدہ پاکستان اور بھارت کے صدور کی طرح ہی بڑی حد تک رسمی ہوتا ہے۔

[pullquote]ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کورونا ویکسین ساز کمپنیوں پر منافع کی لالچ کا الزام[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں پر منافع کی لالچ کا الزام عائد کیا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق غریب ملکوں میں ویکسینیشن کی شرح صرف چار فیصد ہے۔ اس تنظیم نے کہا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں نے اُن لوگوں کی طرف سے مُنہ موڑ لیا جنہیں ویکسین کی سب سے زیادہ ضرورت ہے یعنی عوام کی بھلائی نہیں منافع مقصود ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق گزشتہ برس ویکسین کی 10 بلین خوراکیں تیار کی گئی تھیں، جو اس عالمی ادارے کے ہدف کے حصول کے لیے کافی تھیں۔ یعنی دنیا کی 40 فیصد آبادی کے لیے ویکسین کی یہ تعداد کافی تھی۔

[pullquote]کینیڈیئن پولیس نے ایمبیسیڈر برج پر جمع مظاہرین کو منتشر کر دیا[/pullquote]

کینیڈا کے صوبے انٹاریو اور امریکی شہر ڈیٹرائٹ کے درمیان انتہائی اہمیت کا حامل ایمبیسیڈر برج کو، جو قریب ایک ہفتے سے ناقابل گزر تھا، پولیس نے اسے کلیئر کروا لیا۔ ساز و سامان کی ترسیل کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل اس گزرگاہ کو کورونا اقدامات کے مخالفین اور مظاہرین نے بلاک کر رکھا تھا۔ خاص طور سے کورونا پالیسی کے خلاف جاری ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج سے شمالی امریکا کی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔ گزشتہ ہفتے کینیڈین وزیر صنعت نے زور دیا تھا کہ اس گزرگاہ کی بندش سے ہزاروں کمپنیوں اور ان میں کام کرنے والوں کی بقا کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ امریکی حکومت نے بھی اس پل کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]سویڈن : ضعیف افراد کے لیے کورونا ویکسین کی چوتھی خوراک کی تجویز[/pullquote]

اسٹاک ہوم حکام نے پیر کو ایک تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 80 سال سے زائد عمر کے ایسے بزرگ جو نرسننگ ہومز میں ہیں یا جن کے گھروں پر ان کی دیکھ بھال کے لیے کسی ہیلتھ ورکر کو جانا پڑتا ہے، کے لیے کووڈ کے خلاف چوتھی ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسے معمر افراد کو تیسری ویکسینیشن کے چار ماہ کے بعد چوتھی خوراک دی جانا چاہیے۔ اسکینڈینیویا ممالک کے وبائی امراض کے ماہر آندرس ٹیگانل کے سویڈش پبلک ہیلتھ ایجنسی میں چھپنے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ویکسین کی چوتھی خوراک شدید بیماری کے خلاف ’تحفظ اور مدافعت کو مضبوط‘ بنائے گی۔

[pullquote]باویریا میں زہریلی شراب پینے والا ایک شخص ہلاک آٹھ دیگر کی حالت نازک[/pullquote]

جرمنی کے جنوبی صوبے بویریا کے پراسیکیوٹر نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ایک باویرین بار میں زہریلی شراب نوشی کرنے والا ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے جبکہ آٹھ دیگر کو سنگین حالت میں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ مرنے والے شخص کی عمر 52 سال تھی اور باقی شراب نوشی کرنے والوں کی عمریں 33 سے 55 سال کے درمیان تھی۔ سینئر پراسیکیوٹر گرڈ شیفر کے مطابق اس شیمپین میں کوئی ایسی چیز شامل تھی جو عام طور سے اس میں نہیں ہوتی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس شیمپین میں زہر کی ملاوٹ ٹیسٹ سے ثابت ہو گئی ہے تاہم وہ مقامی میڈیا کی اُس رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے