جمعہ : 04 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جوہری تنصیبات کی سلامتی، عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کی دورہ یوکرین کی پیشکش[/pullquote]

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائیل گروسی نے پیشکش کی ہے کہ وہ یوکرئنی جوہری تنصیبات کی سلامتی سے متعلق مذاکرات کے لیے چرنوبل جا سکتے ہیں۔ ان کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب شدید لڑائی کے بعد روسی فوج نے یوکرین میں قائم یورپ کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس دوران اس پلانٹ کو نقصان بھی پہنچا۔ چرنوبل کا جوہری بجلی گھر سن 1986 میں ایک حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کی وجہ سے یورپ بھر میں تابکاری پھیلی تھی۔ 24 فروری کو روسی فوج نے چرنوبل کے متروکہ جوہری بجلی گھر پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔

[pullquote]روسی حملے میں یوکرائنی جوہری پلانٹ کے "اہم حصے” محفوظ رہے، آئی اے ای اے[/pullquote]

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ یوکرینی جوہری بجلی گھر پر روسی حملے میں اس کے "اہم حصے” محفوظ رہے۔ عالمی ادارے کے مطابق اس پلانٹ پر حملے کے بعد علاقے میں تابکاری کی سطح میں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔ جمعے کے روز روس نے یوکرین کے جنوب مشرق میں واقع یورپ کے سب سے بڑے زیپرزیہا جوہری بجلی گھر کو نشانہ بنایا تھا۔ یوکرینی صدر وولوو یمیر زیلنسکی نے اس حملے کو "جوہری دہشت گردی” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے پورے براعظم کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اسی تناظر صدر زیلنسکی نے امریکی صدر جوبائیڈن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے بھی بات چیت کی۔

[pullquote]تنزانیہ کی عدالت نے اپوزیشن رہنما کو دہشت گردی کے مقدمے سے بری کر دیا[/pullquote]

تنزانیہ کی ایک عدالت نے دہشت گردی کے مقدمے کا سامناکرنے والے اپوزیشن رہنما فریمین مبووے کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ مبووے کے حامی ان الزامات کو سیاسی انتقام قرار دیتے رہے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں صدر سامیا سوہولو حسن کو اس مقدمے کے خاتمے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ چدنما پارٹی کے سربراہ مبووے اور ان کے تین دیگر ساتھی دہشت گردانہ کارروائی کے الزام کے تحت پچھلے سات ماہ سے جیل میں تھے۔

[pullquote]امریکی وزیرخارجہ کی مغربی دفاعی اتحاد کے وزرائے خارجہ سے ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن جمعے کے روز برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس خصوصی ملاقات میں نیٹو سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ اور یوکرینی وزیرخارجہ دمیترو کُلیبا بھی اس ملاقات میں شامل ہوں گے۔ اس اجلاس میں شرکت کے بعد بلنکن مشرقی یورپ کا دورہ شروع کریں گے، جس میں وہ مولدووا، لیتھوینیا، لیٹویا اور ایسٹونیا جائیں گے۔ اس دورے کا مقصد یوکرائن میں روسی جارحیت کے بعد خدشات کے شکار مشرقی یورپی ممالک کو امریکی تعاون کا یقین دلانا ہے۔

[pullquote]روس اور یوکرین ہیومینیٹیریئن راہداریوں کے قیام پر متفق[/pullquote]

ماسکو اور کییف حکام نے یوکرین میں ہیومینیٹیریئن راہداریوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کے روز روسی اور یوکرینی حکام کے درمیان ایک ملاقات یوکرین اور بیلاروس کے سرحدی علاقے میں ہوئی۔ اس ملاقات میں فریقین نے عام شہریوں تک ادویات اور خوراک کی فراہمی کے لیے خصوصی راہداریوں کے قیام پر اتفاق کیا۔ فریقین نے بات چیت جاری رکھنے کے لیے "مستقبل قریب” میں دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا ہے، تاہم فی الحال اس سلسلے میں کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین پر روسی حملہ اب نویں دن میں داخل ہو چکا ہے جب کہ فریقین کے وفود اب تک اس جنگ کو روکنے پر اتفاق نہیں کر پائے ہیں۔

[pullquote]سویڈش خاتون کو جنگی جرائم کے الزامات میں سزا[/pullquote]

سویڈن کی ایک عدالت نے ایک خاتون کو اپنے 12 سالہ بچے کو شام میں جہادی فوجی بنانے کے جرم میں چھ برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ اس خاتون پر الزام تھا کہ اس نے اپنے نابالغ بچے کو شام پہنچا کر دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ میں بہ طور چائلڈ سولجر بھرتی کروایا۔ 49 سالہ خاتون لینا آئی سن 2020 میں شام سے سویڈن لوٹی تھیں۔ ان کا بچہ جو 2001 میں پیدا ہوا تھا، سن 2017 میں شام میں ہلاک ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت 15 برس سے کم عمر کسی فرد کی عسکری کارروائیوں کے لیے بھرتی جرم ہے۔

[pullquote]انڈونیشی پاپووا کے باغیوں نے آٹھ افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا[/pullquote]

انڈونیشیا کے پاپووا صوبے میں مسلح علیحدگی پسندوں نے ایک دور افتادہ علاقے میں ٹیلی کمیونیکشین کے کھمبے کی مرمت کرنے والے آٹھ ٹیکنیشنز کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ انڈونیشی فوج کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جس میں ٹیلی مواصلات کی کمپنی ٹیلکومسیل کی ملکیت ٹاور کی مرمت کرنے والے ٹیکنیشنز کو نشانہ بنایا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ٹیکنیشن اس حملے میں بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور اس نے اس واقعے سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ اس حملے کی ذمہ داری ویسٹ پاپووا نیشنل لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔ اس تنظیم کے مطابق وہ پہلے ہی انڈونیشی سویلنز کو خبردار کر چکی ہے کہ وہ اس "جنگ زدہ علاقے” میں آنے سے گریز کریں۔

[pullquote]یوکرینی جنگ سے کوئی تعلق نہیں، بیلاروس[/pullquote]

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے یوکرینی جنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیلا روس کی فوج یوکرینی میں کسی عسکری کارروائی میں شریک نہیں۔ ریاستی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لوکاشینکو نے ماسکو کی طے کردہ اصطلاح "خصوصی آپریشن” کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کی فوج کی اس خصوصی آپریشن میں شرکت کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو حکومت کی جانب سے بھی ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدے کے قریب ہیں مگر معاہدہ یقینی نہیں، امریکہ[/pullquote]

امریکہ نے کہا ہے کہ تہران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جاری جوہری مذاکرات کے نتیجے میں "ایک ڈیل ممکن” ہےمگر اب بھی متعدد نکات پر موجود اختلاف ایسے کسی معاہدے کو غیریقینی بنا رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جالینا پورٹر نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات میں "نمایاں پیش رفت” ہوئی ہے۔ ویانا میں تہران اور چھ عالمی طاقتوں امریکہ، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وفود سن 2015 کے عالمی جوہری معاہدے کی بحالی کی کوشش میں ہیں۔ اس سے قبل یورپی سفارتی ذرائع کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ مذاکرات اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

[pullquote]امریکہ کو سفارتی طور پر "آزاد تائیوان” کو تسلیم کر لینا چاہیے، سابق امریکی وزیرخارجہ[/pullquote]

سابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ کو سفارتی طور پر "آزاد تائیوان” کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اس جزیرہ ملک کے دورے پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ تائیوان کو ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔ مائیک پومپیو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں وزیرخارجہ اور مشیر برائے چین کے بہ طور فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ایسے اہم عہدے پر فائز رہ چکے کسی امریکی رہنما کی جانب سے تائیوان سے متعلق اس انداز کا یہ غیرمعمولی بیان ہے۔ واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے اور خبردار کر چکا ہے کہ ایسا کوئی اقدام بیجنگ حکومت قبول نہیں کرے گی۔

[pullquote]جمعے کے سرمائی پیرالمپکس مقابلوں کا آغاز[/pullquote]

جمعے کے روز بیجنگ میں سرمائی پیرالمپکس مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان مقابلوں میں روس کو شرکت کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، جب کہ یوکرین کی ٹیم جنگ زدہ ملک سے بیجنگ پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ یوکرینی وفد کی سربراہ ویلیری سوشکیویچ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ان کی ٹیم کی بیجنگ میں موجودگی ایک معجزہ ہے۔ پیرالمپکس منتظمین نے پہلے روس اور بیلاروس کی ٹیموں کو ان عالمی مقابلوں میں شرکت کی اجازت دی تھی، تاہم ان مقابلوں کے آغاز سے ایک روز قبل اپنا فیصلے تبدیل کر دیا تھا۔ یوں ان دونوں ممالک کی ٹیمیوں کو ان کے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔

[pullquote]دنیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے[/pullquote]

دنیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن 52 سال کی عمر میں چل بسے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے۔ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔یہ آسٹریلوی کرکٹ کیلئے 24 گھنٹوں کے اندر دوسری بری خبر ہے، آج صبح ہی راڈ مارش بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔شین وارن کا شاندار بین الاقوامی کیریئر 15 سالوں پر محیط تھا جس میں انہوں نے 708 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی آسٹریلوی کرکٹر کی اب تک کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے