[pullquote]یورپی یونین کی روس پر مزید پابندیاں[/pullquote]
یورپی یونین نے اپنی پابندیوں کی بلیک لسٹ میں مزید روسی شخصیات اور حکام کو شامل کرنے، کرپٹو کرنسی کی منتقلی کے قوانین کو سخت کرنے اور یوکرین میں ماسکو کی جنگ کے دوران میری ٹائم سیکٹر کو نشانہ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ ستائیس ممالک کے بلاک ای یو نے بیلاروس کے تین بینکوں کو پیمنٹس کے عالمی سسٹم سوئفٹ سے بھی بے دخل کر دیا ہے۔ ای یو کا کہنا ہے کہ بیلاروس یوکرین پر حملے میں روس کی معاونت کر رہا ہے۔ کرپٹو کرنسی کو نشانہ بنانے کی ایک وجہ یہ ہے کہ بلیک لسٹ میں شامل افراد اور کمپنیاں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ای یو کی اقتصادی پابندیوں سے بچنے کی کوشش نہ کریں۔
[pullquote]یوکرین: شہریوں کے انخلاء کے لیے راہ داریاں قائم[/pullquote]
یوکرین نے اپنے شہریوں کے ملک سے باہر جانے کے لیے چھ راہ داریاں قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان راہ داریوں کے ذریعے کیف، ماریوپول اور سمی سمیت کئی دیگر شہروں سے یوکرینی شہری ملک سے باہر جا سکیں گے۔ فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انخلاء کے دوران جنگ بندی کا احترام کیا جائے گا۔ یوکرینی حکام کے مطابق ان راہ داریوں کو روس کی مشاورت سے طے کیا گیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کی افوج نے بھی کئی علاقوں میں شہریوں کے انخلاء کے لیے جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔
[pullquote]روس کییف حملے میں بڑی کامیابی حاصل نہیں کر پا رہا، برطانوی حکام[/pullquote]
برطانیہ کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرینی دارالحکومت کییف پر حملے میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی ہے تاہم یوکرین کے کئی شہروں پر روس کی بھاری بمباری جاری ہے۔ برطانیہ کی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کییف کے شمال مغربی میں جنگ جاری ہے لیکن روسی فوجی کوئی بڑی پیش رفت نہیں کر پا رہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یوکرین کا فضائی دفاعی نظام بھی روسی طیاروں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
[pullquote]یوکرینی شہریوں کا سمی شہر سے انخلاء جاری[/pullquote]
یوکرینی شہریوں نے سمی شہر سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بنائی گئی راہ داری کے ذریعے انخلاء شروع کر دیا ہے۔ تاہم ماریوپول شہر سے یوکرینیوں کا مزید انخلاء ناکام ہو گیا ہے۔ شہریوں کے انخلاء کے لیے راہداری قائم کرنے کی کوششیں بھی ناکام ہو گئی تھیں۔ یوکرین اور روس ایک دوسرے پر اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔ منگل کی شام کو یوکرین کے شمال مشرقی شہر سمی سے بسوں کے ایک قافلے کو جانے کی اجازت دی گئی۔ اقوام متحدہ کے مطابق چوبیس فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک بیس لاکھ سے زائد یوکرینی شہری ملک چھوڑ چکے ہیں۔ اسے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ میں مہاجرین کا سب سے بڑا بحران کہا جا رہا ہے۔
[pullquote]وینزویلا نے دو امریکی قیدیوں کو رہا کر دیا[/pullquote]
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی حکومت نے دو امریکی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ ان قیدیوں میں تیل کی کمپنی کے ایک ایگزیکٹو بھی شامل ہیں جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گزشتہ چار سال سے وینزویلا میں قید تھے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ وینزویلا کی جانب سے روسی جنگ کے بحران میں امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری کی طرف ایک قدم ہے۔ ان امریکی شہری کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے اپنے قوم سے خطاب کے چند گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا۔ اس خطاب میں صدر نکولس مادورو کا کہنا تھا وہ امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے امریکہ کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکہ کی کوشش ہے کہ گیس کی برآمدات کے لیے اس لاطینی امریکی ملک کا رخ کیا جائے تاکہ روس کی توانائی پر انحصار کم ہو سکے۔
[pullquote]چین امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر عالمی طاقت بننا چاہتا ہے، آسٹریلیوی انٹلیجنس[/pullquote]
آسٹریلیا کی قومی انٹیلجنس ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد بیجینگ اور ماسکو کے درمیان ایک پریشان کن اسٹریٹیجک ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے جس سے طاقت کے ایک بڑے تنازعے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ آسڑیلیا کے آفس آف انٹیلجنس کے سربراہ انڈریو شیئرر کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ انڈو پیسیفک خطے پر چینی اجارہ داری کے ذریعے امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چین کو نئی عالمی طاقت بنانا چاہتے ہیں۔ شیئریر کا کہنا تھا کہ یورپ اور انڈو پیسیفک خطے میں روشن خیال قوانین پر مبنی امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے عالمی رہنماؤں کو بہت محنت کرنا ہوگی۔
[pullquote]اسرائیلی صدر کا دورہء ترکی[/pullquote]
اسرائیل کے صدر آئزک ہیرزوگ اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کے لیے ترکی کا دورہ کر رہے ہیں۔ سن 2007 کے بعد کسی بھی اسرائیلی سربراہ کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ ہیرزوگ کا انقرہ اور استنبول کا دورہ روس کے یوکرین پر حملہ کرنے سے چند ہفتوں پہلے سے طے شدہ تھا۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل اور ترکی دونوں نے روسی یوکرینی تنازعے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی لہٰذا توقع ہے کہ دونوں سربراہان کی بات چیت میں حالیہ تنازعہ اہم موضوع ہوگا۔ دونوں ممالک کے مابین یورپ کو گیس کی فروخت کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔
[pullquote]اقوام متحدہ کی اعلیٰ اہلکار چین کے سنکیانگ صوبے کا دورہ کریں گی[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل باشلیٹ نے کہا ہے کہ وہ مئی میں چین کا دورہ کریں گی۔ اس دورے میں چینی حکام سے ملاقاتیں شامل ہوں گی اور وہ اس دوران سنکیانگ کا دورہ بھی کریں گی۔ سنکیانگ میں وہ مبینہ حراستی کیمپ ہیں جنہیں چین پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز کہتا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ وہ سنکیانگ میں علیحدگی پسند اور دہشت گردوں سے لڑ رہا ہے۔ تاہم انسانی حقوق کے گروپوں کا دعویٰ ہے کہ 10 لاکھ سے زیادہ ایغوروں کو کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ یہ 2005 کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ٹیم کا چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ باشلیٹ کا کہنا ہے کہ وہ چینی حکام پر تنقید کرنے والے شہریوں کے ساتھ ریاستی سلوک کے بارے میں فکر مند ہیں۔
[pullquote]نائجیریا: ڈاکوؤں کے ہاتھوں ستاون افراد قتل[/pullquote]
نائجیریا میں، نامعلوم مسلح افراد نے ملک کے شمال مغرب میں ایک مقامی سیلف ڈیفنس گروپ کے کم از کم ستاون ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ حملہ نائجیریا کی ریاست کیبی میں ہوا۔ نائجیریا کے بہت سے حصوں میں مقامی باشندوں نے اپنے گھروں کو ڈاکوؤں سے بچانے کے لیے سیلف ڈیفنس یونٹس بنائے ہوئےہیں۔ ڈاکو اکثر بھاری ہتھیاروں سے لیس دیہاتوں میں حملہ کر کے مویشی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرتے ہیں اور تاوان حاصل کرنے کے لیے مقامی افراد کو اغوا کر لیتے ہیں۔ تازہ ترین جھڑپ میں ایک سیلف ڈیفینس گروپ کے ارکان نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے کچھ افراد کو چھڑانے کی کوشش کی لیکن ڈاکوؤں کی جانب سے اس گروپ کے ارکان کو حملہ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]