[pullquote]روس نے مسجد پر بمباری کی جس میں 80 افراد پناہ لیے ہوئے تھے، یوکرین[/pullquote]
یوکرینی حکومت کاکہنا ہے کہ روسی فورسز نے ماریوپول شہر میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا ہے، جس میں 80 عام شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔ ہفتے کے روز یوکرینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ماریوپول شہر کی معروف سلطان سلیمان مسجد پر روسی فورسز نے شیلنگ کی۔ بتایا گیا ہے کہ اس مسجد میں ترک شہریوں سمیت 80 افراد بہ شمول بچے پناہ لیے ہوئے تھے۔ فی الحال اس شیلنگ کے نتیجے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی تعداد سامنے نہیں آئی ہے۔
[pullquote]ترکی اور آرمینیا کے وزرائے خارجہ کے درمیان "تعمیری گفتگو”[/pullquote]
ترک وزیرخارجہ مولود چاؤس آؤلونے کہا ہے کہ ان کی آرمینیا کے وزیرخارجہ ارارت مرزویان سے ملاقات "تعمیری” رہی ہے۔ یہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات استوار کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ ترکی اور آرمینیا کے درمیان سن 1990 سے کسی طرح کے تجارتی یا سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ ان دونوں ممالک کے درمیان سن 2009 میں ایک امن معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کی توثیق کبھی نہ ہو سکی۔ رواں برس جنوری میں دونوں ممالک نے لیکن سفارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا تھا۔
[pullquote]یمن میں پچھلے دو ماہ میں 47 بچے ہلاک اور مفلوج ہوئے، یونیسیف[/pullquote]
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ ملک یمن میں گزشتہ دو ماہ میں کم ازکم سنتالیس بچے ہلاک اور مفلوج ہوئے۔ ہفتے کے روز عالمی ادارہ برائے اطفال کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یمنی تنازعے میں تشدد کی نئی لہر کا سب سے پہلا اور بڑا شکار بچے ہیں۔ اس ادارے کے مطابق سن 2015 سے جاری اس مسلح تنازعے میں اب تک دس ہزار سے زائد نابالغ ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارہ برائے ترقیاتی پروگرامز نے نومبر میں بتایا تھا کہ یمن میں گزشتہ برس کے اختتام تک تین لاکھ ستتر ہزار افراد بھوک، تشدد، گندے پانی اور بیماریوں کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہوں گے۔
[pullquote]یوکرین میں روسی فوجی کارروائیوں میں تیزی[/pullquote]
یوکرین میں روسی عسکری کارروائی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روسی فوج کییف پر قبضے کی کوشش میں ہے جب کہ جنوب مشرقی شہر ماریوپول کا محاصرہ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماریوپول میں روسی فضائی حملوں اور شیلنگ سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد پندرہ سو سے زائد ہو چکی ہے۔ ہفتے کی صبح بھی دارالحکومت کییف کے علاوہ اوڈیسا، دنیپورو اور خارکیف میں سائرن کی آوازئیں سنائی دیتی رہیں۔ یوکرین پر روسی حملے کے آغاز کو دوہفتے گزر چکے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی فوج کو تصور سے کہیں زیادہ سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
[pullquote]ترکمانستان میں انتخابات، ممکنہ طور پر باپ کے بعد بیٹا حکمران[/pullquote]
ترکمانستان میں ہفتے کے روز صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ چھ ملین آبادی کے اس ملک میں آمرانہ طرز کا انتظامی ڈھانچا قائم ہے۔ صدر قربان گلے بردیموحامیدوف اپوزیشن برداشت نہیں کرتے اور 2006 سے اقتدار پر براجمان ہیں، ہفتے کے روز ان انتخابات میں نو امیدوار میدان میں ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق پچھلے ماہ صدر بردیموحامیدوف نے صدارت سے علیحدہ ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کو "نوجوان رہنماؤں” کی ضرورت ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں صدر کے بیٹے سردار بردیموحامیدوف تیزی سے اعلیٰ ترین حکومتی عہدوں تک پہنچے ہیں۔
[pullquote]امریکہ کی جانب سے ٹینکر پکڑنے کے باوجود تیل برآمدات بڑھی ہیں، ایران[/pullquote]
ایرانی وزیرتیل جواد اوجی نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی آئل ٹینکروں پر قبضے کی کارروائیوں کے باوجود ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ چند ماہ میں متعدد مواقع پر امریکہ نے ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف کارروائیاں کیں، تاہم اس کے باوجود وہ ایرانی تیل کی برآمدات روکنے میں ناکام رہا۔ اوجی نے کہا کہ امریکہ ایرانی تیل کی برآمدات روکنے میں ناکام رہا اس لیے اس نے ایرانی ٹینکرز کے خلاف کاروائیاں شروع کیں۔ ایرانی وزیر کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب بہاماس میں ایک ایرانی بحری ٹینکر کو روکا گیا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین یوکرین کے لیے مزید ہتھیاروں کی فراہمی کی منصوبہ بندی میں مصروف[/pullquote]
یورپی یونین نے یوکرین کے لیے پانچ سو ملین یورو کی اضافہ عسکری امداد کا اعلان کیا ہے اور روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جا رہی ہے۔ فرانس میں یورپی رہنماؤں کی میٹنگ میں یوکرین پر روسی حملے کو یورپ کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے 27 رکنی بلاک کی سکیورٹی میں سختی پر اتفاق کیا گیا۔ یورپی کونسل کے سربراہ شارل میشل نے کہا کہ دو ہفتے قبل کا یورپ ایک مختلف یورپ تھا۔ یورپی یونین پہلے ہی اپنی روایت تبدیل کرتے ہوئے یوکرین کے لیے عسکری امداد کا اعلان کر چکی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ یوکرین کو فضائی دفاعی نظام مہیا کیا جائے گا۔ یوکرینی حکومت اس سے قبل مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے اپیل کی تھی کہ یوکرین کو نوفلائی زون بنایا جائے، تاہم نیٹو نے جنگ پھیل جانے کے خطرے کے پیش نظر یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔
[pullquote]نکوراگووا میں متعدد اپوزیشن رہنما مجرم قرار[/pullquote]
نکوراگووا میں سابق صدر ویولیٹا چیمورو کی صاحبزادی اور ممکنہ صدارتی امیدوارکرسٹینا چومورو سمیت متعدد اپوزیشن رہنماؤں کو ایک عدالت نے منی لاؤنڈرنگ سمیت دیگر الزامات میں مجرم قرار دے دیا ہے۔ ایک مقامی اخبار کے مطابق سات روز تک چلنے والے اس مقدمے میں چومورو کو مجرم قرار دیا گیا۔ چومورو جون سے کئی درجن دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی طرح نظربند ہیں۔ نکوراگووا میں نومبر میں انتخابات ہونا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ موجودہ صدر ڈینیل اورٹیگا کسی بھی اہم سیاسی حریف کے لیے سیاسی میدان میں جگہ نہیں چاہتے۔
[pullquote]یمن سے دو مغوی امریکی خواتین رہا کرا لی گئیں[/pullquote]
یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں قید دو امریکی خواتین کو ریسیکو کر لیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ ان خواتین کو یمن سے نکلنے میں مدد فراہم کی گئی ہے۔ دوسری جانب باغیوں کے مطابق ان خواتین کی رہائی ریسکیو آپریشن کے ذریعے نہیں ہوئی بلکہ یہ خواتین خود فرار ہوئیں۔ ریاض حکومت کے مطابق یہ دو نوجوان خواتین سن 2014 میں صنعا میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے گئیں تھیں، جب حوثی باغیوں نے شہر پر قبضہ کر لیا۔ سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ان امریکی خواتین کو صنعا میں قید سے رہائی کے بعد پہلے جنوبی شہر عدن منتقل کیا گیا تھا جب کہ بعد میں انہیں ریاض پہنچا دیا گیا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]