بدھ : 16 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا یوکرین کا مسئلہ حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین میں جاری تنازعے کے حل میں امریکہ کی کوئی دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔ لاوروف نے آر بی سی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا کہ یوکرین حکام کے نقطہ نظر پر امریکا کا فیصلہ کن اثر ہے مگر آج یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکہ اس مسئلے کے فوری حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ دوسری طرف کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کییف کے ساتھ بات چیت میں سویڈن اور آسٹریا کی طرح ایک غیر جانبدار، آزاد اور اپنی فوج رکھنے والا یوکرین ایک حل ثابت ہو سکتا ہے۔ دیمتری پیسکوف کے مطابق مذاکرات میں اس طرز کا حل زیر غور ہے۔ دوسری طرف یوکرین نے اس روسی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سکیورٹی کی بین الاقوامی فورسز کی طرف سے ضمانت چاہتا ہے۔

[pullquote]امریکہ کی طرف سے روسی ملٹری سربراہوں پر نئی پابندیاں[/pullquote]

امریکہ نے روسی فوجی سربراہوں اور ایسے افراد کے خلاف منگل کو نئی پابندیاں عائد کی ہیں جن پر امریکا کا الزام ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ہیں۔ ساتھ ہی ماسکو کے قریبی حلیف بیلاروسی صدر الیکسانڈر لوکاشینکو اور ان کی اہلیہ کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے روسی نیشنل گارڈ کے سربراہ، نائب وزیر دفاع اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی سکیورٹی کونسل کے ایک رکن پر یہ نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی دیگر افراد کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

[pullquote]روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات اور روسی حملوں کا سلسلہ جاری[/pullquote]

روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔ یوکرین کے صدر وولو دیمیر زیلنسکی کے مطابق مذاکرات اب ’زیادہ حقیقت پسندانہ‘ شکل اختیار کر رہے ہی۔ دوسری طرف یوکرینی حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کل منگل کو قریب 20 ہزار افراد روسی فوج کے گھیرے میں آئے ہوئے شہر ماریوپول سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں روسی فوجوں کی پیشقدمی کے ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے کے مطابق یوکرین سے اب تک 30 لاکھ افراد جان بچانے کے لیے مہاجرت اختیار کر چکے ہیں

[pullquote]پولینڈ، چیک ری پبلک اور سلووینیا کے رہنماؤں کا دورہ یوکرین[/pullquote]

پولینڈ، چیک ری پبلک اور سلووینیا کے وزرائے اعظم نے گزشتہ روز یوکرائن کے جنگ زدہ دارالحکومت کییف کا دورہ کیا۔ پولش اور چیک وزرائے اعظم نے یوکرین کی آزادی کی حمایت کا عزم ظاہر کیا۔ سلووینیا کے وزیراعظم ژانیس ژنشا نے ’یورپی اقدار ‘کی حفاظت پر یوکرینی عوام کا شکریہ ادا کیا۔پولینڈ کے نائب وزیراعظم ژاروسوا کاچینسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین میں امن فوج بھیجی جائے اور یہ کہ اس کے لیے نیٹو فوج کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن فوج کو اپنا دفاع کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔نیٹو اتحاد ابھی تک یوکرین میں اپنے فوجی بھیجنے کا امکان رد کرتا آیا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستانی قرارداد منظور، بھارت معترض[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو ’انٹرنیشنل ڈے ٹو کامبیٹ اسلاموفوبیا‘یعنی اسلاموفوبیا مخالف عالمی دن منانے کی پاکستان کی طرف سے پیش کردہ قرارداد منظور کرلی۔ اسلامی تعاون کی تنظیم، او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے علاوہ چین اور روس کے علاوہ آٹھ دیگر ملکوں نے بھی اس قرارداد کی تائید کی۔ اقو ام متحدہ میں بھارتی سفیر ٹی ایس تریمورتی کا تاہم کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے بعد دیگر مذاہب کے سلسلے میں بھی اسی طرح کی قراردادیں آسکتی ہیں اور اقو ام متحدہ ایک مذہبی خیمے میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ لہذا اس قرارداد کو نظیر نہیں بنایا جانا چاہیے۔

[pullquote]خارکیف میں کم از کم 500 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں، ایمرجنسی سروس[/pullquote]

یوکرین کے مشرقی علاقے خارکیف کی ہنگامی صورتحال سے نمنٹنے والے ادارے کی طرف سے آج بدھ کو بتایا گیا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے آغاز سے اب تک خارکیف شہر کے 500 سے زائد عام شہری مارے گئے ہیں۔ روس نے یوکرین پر 24 فروری کو حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے ملک کے مختلف علاقوں میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ روس کا موقف ہے کہ وہ شہری اہداف کو نشانہ نہیں بنا رہا۔ یوکرین کے مستغیث اعلیٰ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک 103 یوکرینی بچے مارے جا چکے ہیں جبکہ روسی فورسز اب تک 400 سے زائد تعلیمی اداروں کو بمباری کا نشانہ بنا چکی ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن آج بدھ کے روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے کا ایک مقصد خلیجی ریاستوں کو خام تیل کی پیداوار بڑھانے پر آمادہ کرنا ہے تاکہ روس کی توانائی پر انحصار میں کمی لائی جا سکے۔ منگل کو جانسن کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو مغرب کے روسی توانائی پر انحصار میں کمی لانے، انرجی سکیورٹی میں اضافے اور یوکرین پر حملے کے تناظر میں روس کے خلاف ایکشن کے لیے ان کی کوششوں کے حوالے سے اہم بین الاقوامی پارٹنرز قرار دیا گیا۔

[pullquote]اقوام متحدہ نے جنوبی سوڈان میں امن مشن کی مدت میں توسیع کر دی[/pullquote]

اقوام متحدہ نے جنوبی سوڈان کے لیے امن مشن کی مدت میں ایک برس کی توسیع کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 13 ارکان نے مشن کی توسیع کے حق میں ووٹ دیا۔ روس اور چین نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا اور نہ ہی اسے ویٹو کیا۔ امن مشن میں زیادہ سے زیادہ 17 ہزار فوجیوں کی تعیناتی کی حد مقرر کی گئی ہے جس میں اضافی 2,100 پولیس افسران بھی شامل کیے جائیں گے۔ اقوام متحد نے فروری میں متنبہ کیا تھا کہ جنوبی سوڈان ایک بار پھر جنگ کے خطرے کا شکار ہے۔

[pullquote]ایران نے ملک میں قید برطانوی امدادی کارکن کو پاسپورٹ لوٹا دیا[/pullquote]

ایران میں قید برطانوی امدادی کارکن نازنین زاغری ریٹکلِف کو ان کا پاسپورٹ واپس لوٹا دیا گیا ہے۔ یہ بات برطانوی خاتون رکن پارلیمان ٹیولپ صدیق نے کہی ہے۔ صدیق کے مطابق وہ سمجھتی ہیں کہ ایک برطانوی مذاکراتی ٹیم تہران میں موجود ہے جہاں نازنین زاغری کو گھر پر نظربند رکھا گیا ہے۔ زاغری کو 2016ء میں تہران ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کی تھی۔ زاغری کے شوہر رچرڈ ریٹکلف نے گزشتہ برس لندن میں برطانوی دفتر خارجہ کے باہر بھوک ہڑتال کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نازنین کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔

[pullquote]ایران کا تاریخی قرضہ واپس کرنے کے طریقے دیکھ رہے ہیں، برطانیہ[/pullquote]

برطانیہ ایران کا تاریخی 400 ملین پاؤنڈز کا قرضہ ترجیحی بنیادوں پر واپس لوٹانے کے طریقے دیکھ رہا ہے۔ یہ بات برطانوی وزیر خزانہ لِز ٹرس نے آج بدھ کے روز کہی ہے۔ یہ رقم 522 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ ایرانی ریاستی میڈیا کی طرف سے 2021ء میں کہا گیا تھا کہ ایرانی حکام نے شرط عائد کی ہے کہ برطانوی امدادی کارکن نازنین زاغری ریٹکلف کو تبھی رہا کیا جائے گا جب برطانیہ یہ قرضہ واپس لوٹائے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، مگر ناکام[/pullquote]

شمالی کوریا نے مشتبہ طور پرایک اور میزائل تجربہ کیا ہے جو بظاہر فائر کیے جانے کے فوری بعد ہی فضا میں تباہ ہوگیا۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے سونان کے علاقے سے ایک نامعلوم پروجیکٹائل فائر کیا۔ جاپانی میڈیا نے ملٹری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔ اس ناکام تجربے سمیت شمالی کوریا رواں برس اب تک میزائلوں کے 10 تجربات کر چکا ہے۔ مبصرین کے مطابق تازہ تجربہ اصل میں ہوواسونگ 17 میزائل کا تھا۔ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر جوہری اور میزائل تجربات کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے