[pullquote]روسی اور یوکرینی نمائندوں کے مابین نئی امن بات آج ترکی میں[/pullquote]
یوکرین اور روس کے مذاکراتی نمائندوں کے مابین امن بات چیت کا نیا دور آج پیر کی سہ پہر سے ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہو رہا ہے۔ انقرہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن نے کل اتوار کے روز ٹیلی فون پر گفتگو میں اس امر پر اتفاق کیا تھا کہ یہ مذاکرات استنبول میں ہوں گے۔ ترک حکومت کو امید ہے کہ اس بات چیت کے نتیجے میں روسی یوکرینی تنازعے میں جنگ بندی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
[pullquote]یوکرینی جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کا ممکنہ استعمال: ایسا سوچیے گا بھی مت، شولس کی پوٹن کو تنبیہ[/pullquote]
وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولس نے ماسکو کی جانب سے یوکرین کی جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے خلاف تنبیہ کرتے ہوئے روسی صدر پوٹن کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسا سوچنے سے بھی پرہیز کریں۔ چانسلر شولس نے اتوار کی رات جرمن ٹی وی چینل اے آر ڈی کے ایک پروگرام میں اعلان کیا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو واضح طور پر مزید بہتر بنائیں گے۔ اولاف شولس نے کہا کہ نیٹو اتحاد خود کو اتنا مضبوط بنائے گا کہ کوئی اس پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔ ساتھ ہی جرمن سربراہ حکومت نے یہ بھی کہا کہ پورے جرمنی کے لیے ایک ایسی میزائل ڈیفنس شیلڈ قائم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جیسی اسرائیل نے بھی اپنے دفاع کے لیے قائم کر رکھی ہے۔
[pullquote]کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے شنگھائی کے آدھے حصے میں لاک ڈاؤن[/pullquote]
چین کے مالیاتی مرکز اور ڈھائی کروڑ سے زائد کی آبادی والے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہر کے آدھے حصے میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ شہر کے نصف حصے میں لاک ڈاؤن کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس طرح شہریوں کے وسیع پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔ یہ چینی میٹروپولیٹن شہر حالیہ ہفتوں میں ایک بار پھر کورونا ہاٹ سپاٹ بن چکا ہے۔ آج پیر کے روز شنگھائی میں کووڈ انیس کے مزید ساڑھے تین ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہو ئی، جو یومیہ بنیادوں پر ایک نیا ریکارڈ تھا۔
[pullquote]امریکہ اور چار عرب ممالک کے وزرائے خارجہ تاریخی ملاقات کے لیے اسرائیل میں[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور ان کے چار عرب ممالک کے ہم منصب وزراء ایک تاریخی ملاقات کے لیے اتوار کی رات جنوبی اسرائیل پہنچ گئے۔ اس ملاقات کو اسرائیل اور اس کے متعدد ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات میں بہتری کا عملی ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ کئی فریقی ملاقات آج پیر کے روز اسرائیل میں صحرائے نجف کے خطے کے ایک شہر میں ہو رہی ہے۔ اس میں میزبان ملک اسرائیل اور امریکہ کے علاوہ متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور مصر کے وزراء حصہ لے رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات سن دو ہزار بیس میں قائم کیے تھے۔
[pullquote]بھارت میں مزدروں کی اپنے حقوق کے لیے دو روزہ ہڑتال[/pullquote]
حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسیوں کے خلاف اور صنعتی کارکنوں، ملازمین اور کسانوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی خاطر بھارت میں کروڑوں کارکنوں نے اپنی دو روزہ ملک گیر ہڑتال شروع کر دی ہے۔ مظاہرین کے مطالبات میں سوشل سکیورٹی میں اضافہ، روزگار کی ضمانت کے پروگرام کے تحت اجرتوں کی ادائیگی، پبلک سیکٹر بینکوں کی نج کاری کی روک تھام اور ریاستی اثاثوں سے مالی فوائد حاصل کرنے کے منصوبوں کو روکنا بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم نریند مودی کی حکومت کا کہنا ہے کہ کچھ سرکاری بینکوں کی نج کاری سے بینکنگ کے شعبے کو تقویت ملی گی۔
[pullquote]بائیڈن کا پوٹن کو ’قصاب‘ کہنا، ماکروں نے امریکی صدر کے بیان سے فاصلہ اختیار کر لیا[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے یوکرینی جنگ کی وجہ سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو ’قصاب‘ کہنے پر فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ ماسکو کے ساتھ اشتعال انگیز بیان بازی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ صدر ماکروں نے فرانسیسی نشریاتی ادارے فرانس تھری کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ ایسے الفاظ استعمال نہ کرتے۔ فرانسیسی صدر کا یہ موقف اس امر کی دلیل ہے کہ وہ امریکی صدر کے روسی ہم منصب پوٹن سے متعلق اس بیان پر بائیڈن کی سوچ سے دانستہ فاصلے پر رہنا چاہتے ہیں۔ ماکروں نے زور دے کر کہا کہ یوکرین کی جنگ میں کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی جانا چاہیے۔
[pullquote]پولینڈ سے جاسوسی کے الزام میں پینتالیس روسی سفارت کار ملک بدر[/pullquote]
پولینڈ میں روس کے سفیر سیرگئی آندریئف نے آج پیر کے روز بتایا کہ وارسا حکومت کی طرف سے ملک بدر کیے گئے 45 روسی سفارت کار اب پولینڈ سے رخصت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ایک خبر رساں ادارے کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ پولینڈ نے گزشتہ ہفتے روسی انٹیلیجنس کے لیے کام کرنے کے الزام میں جن 45 روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا، وہ اب پولینڈ میں نہیں ہیں۔ ماسکو نے اپنے سفارت کاروں کے خلاف وارسا حکومت کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
[pullquote]وسطی میکسیکو میں فائرنگ کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک[/pullquote]
میکسیکو میں ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق کل اتوار کے روز ملک کے وسطی حصے میں ایک خونریز واقعے میں انیس افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ یہ ہلاکتیں ریاست میچوآکان کے شہر لاس تیناخاس میں جاری ایک اجتماع کے شرکاء پر رات گئے کیے گئے مسلح حملے کے نتیجے میں ہوئیں۔ اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق انیس ہلاک شدگان میں سے سولہ مرد تھے اور باقی تین خواتین۔
[pullquote]میانمار میں فوجی قیادت کا جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ[/pullquote]
میانمار کی فوجی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملک میں فوجی بغاوت کی مخالفت کو ختم کرنے کا ارداہ رکھتی ہے۔ یہ اعلان ملکی فوج کے سربراہ مِن آنگ ہلَینگ نے اس وقت کیا، جب فوج نے ملک میں جمہوریت کے حق میں مظاہرے کرنے والوں کے خلاف اپنے کریک ڈاؤن کا ایک سال پورا ہونے پر ایک فوجی پریڈ کا انعقاد کیا۔ فوج کے سربراہ نے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ مِن آنگ ہلَینگ نے کہا کہ میانمار کی فوج عسکری قیادت کے مخالف گروپوں سے اب مزید کوئی گفت و شنید نہیں کرے گی۔
[pullquote]یوکرین ممکنہ امن معاہدے میں اپنی غیر جانب دارانہ حیثیت تسلیم کرنے پر آمادہ، صدر زیلنسکی[/pullquote]
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ماسکو کے ساتھ کسی ممکنہ امن معاہدے کے تحت مستقبل میں اپنی غیر جانب دارانہ حیثیت تسلیم کرنے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے یہ بات روسی صحافیوں کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان کی حکومت قیام امن کے لیے اس امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے کسی مصالحتی حل کے لیے ان کے ملک کو سلامتی کی ضمانتوں کی ضرورت بھی ہو گی اور وہ چاہیں گے کہ ایسے کسی بھی حل کی یوکرینی عوام سے ایک ریفرنڈم میں منظوری بھی لی جائے۔
[pullquote]طالبان نے افغان خواتین کے تنہا فضائی سفر پر پابندی لگا دی[/pullquote]
افغانستان میں طالبان کی حکومت نے ملکی خواتین کے تنہا فضائی سفر کرنے پر بظاہر پابندی لگا دی ہے۔ ملک کی دو فضائی کمپنیوں آریانا افغان ایئر لائن اور کام ایئر کی انتظامیہ کو بھیجے گئے ایک حکومتی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مسافر پروازوں میں خواتین کو اس وقت تک سفر کی اجازت نہ دیں جب تک ان کا کوئی مرد رشتے دار ان کے ہمراہ نہ ہو۔ یہ فیصلہ گزشتہ جمعرات کو ہونے والی طالبان کے نمائندوں، ملکی فضائی کمپنیوں کے عہدیداروں اور ایئر پورٹ امیگریشن حکام کی مشترکہ ملاقات کے بعد کیا گیا۔ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے افغان خواتین پر پھر کئی طرح کی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے طالبان نے ملک بھر میں تمام گرلز ہائی اسکول دوبارہ کھلنے کے چند ہی گھنٹے بعد پھر بند کر دیے تھے۔
[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم بینیٹ کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نفتالی بینیٹ کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ یہ تصدیق آج پیر کے روز کی گئی۔ وزیر اعظم بینیٹ نے کل اتوار کی شام امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی تھی۔ ان کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بینیٹ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اپنی معمول کی ذمے داریاں پروگرام کے مطابق لیکن گھر سے انجام دے رہے ہیں۔
[pullquote]مالٹا میں لیبر پارٹی کا عام انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ[/pullquote]
مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ آبیلا نے ملک میں عام انتخابات کے ابتدائی اور غیر سرکاری نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لیبر پارٹی نے یہ الیکشن جیت لیے ہیں۔ اگر حتمی نتائج میں بھی یہ جماعت کامیاب رہی، تو وہ مسلسل تیسری مرتبہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ کل اتوار کو ہونے والے الیکشن میں ووٹروں کی شرکت کا تناسب پچاسی فیصد سے زائد رہا۔ اس چھوٹی سی یورپی جزیرہ ریاست میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد صرف تین لاکھ پچپن ہزار ہے۔
[pullquote]آسٹریلوی اسپنر شین وارن کے یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد[/pullquote]
دنیائے کرکٹ کے عظیم اسپن بولر شین وارن کی تھائی لینڈ کے ایک وِلا میں موت کے تین ہفتے بعد میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ان کے مجسمے کو پھولوں سے سجایا گیا۔ یوں آسٹریلوی کرکٹ شائقین نے ان کی موت کا سوگ منایا۔ ایک مرکزی تعزیتی تقریب آئندہ بدھ کے روز منعقد کی جائے گی، جس میں تقریباً پچاس ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تقریب اسی اسٹیڈیم میں ہو گی، جہاں شین وارن نے نے ایشز سیریز میں روایتی حریف ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں اپنی 700 ویں ٹیسٹ وکٹ حاصل کی تھی۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]