انسٹاگرام کی جانب سے صارفین کے لیے زیادہ طویل اسٹوری ویڈیو کلپ اپ لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے۔
میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ نے تصدیق کی ہے کہ 15 سیکنڈ کی بجائے صارفین اب 60 سیکنڈ طویل اسٹوری کلپ پوسٹ کرسکیں گے۔
کمپنی نے اس فیچر کی آزمائش 2021 کے آخر میں شروع کی تھی اور اب اسے دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔
میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم ہمیشہ اسٹوریز کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ذرائع پر کام کرتے رہتے ہیں، اب صارفین 60 سیکنڈ طویل اسٹوریز کو پوسٹ کرسکیں گے۔
یہ تبدیلی یقیناً صارفین کو پسند آئے گی کیونکہ ابھی کسی طویل کلپ کرنا ممکن نہیں بلکہ وہ ویڈیو مختلف سلائیڈز میں تقسیم ہوجاتی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد اسٹوریز اور ریلز لگ بھگ ایک جیسے ہوگئے ہیں کیونکہ دونوں میں اب 60 سیکنڈ کی ویڈیو کو پوسٹ کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ انسٹاگرام میں ویڈیوز کو بہت زیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔
کچھ عرصے قبل کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ 15 منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو ریلز کے طور پر شیئر ہوگی۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسری نے 2022 کے لیے ایپ کی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویڈیوز پر ہی سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ انسٹاگرام میں ویڈیو پراڈکٹس کو ریلز کے ارگرد اکٹھا کیا جائے گا اور مختصر ویڈیوز کو ترجیح دی جائے گی۔