بچت کے نایاب طریقے

یقیناً مہنگائی ہو گئی ہے اس لیے بچت بہت ضروری ہے۔مجھے چونکہ اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی بچت کرانی ہے اس لیے میں پنسلین کے موجد کی طرح فی سبیل اللہ خلق خدا کی بھلائی کیلئے یہ طریقے عام کر رہا ہوں تاہم اگر کوئی خوشی سے کچھ دینا چاہے تو یہ اُس کی مرضی ہے۔ پہلے طریقے کی طرف آتے ہیں۔ سوئی گیس بہت مہنگی ہے، سلنڈر کی گیس بھی جلد ختم ہو جاتی ہے تو ایسے میں جب ناشتے میں انڈے اُبالے جاتے ہیں یا چائے تیار کی جاتی ہے تو اُس کیلئے الگ الگ چولہے جلانے پڑتے ہیں۔ بچت کا طریقہ یہ ہے کہ جس کیتلی میں چائے اُبالیں اُسی میں انڈے بھی ڈال لیں اور اگر شکر قندی وغیرہ کھانے کے شوقین ہیںتو وہ بھی اُسی میں ڈال دیں۔ تینوں چیزیں تیار ہو جائیں گی۔ ذائقے کی پروا نہ کریں، اصل مقصد بچت ہونا چاہیے۔

اسی طرح چونکہ سردیوں کا موسم ہے لہٰذا آدھے کپڑوں کے اوپر تو جیکٹ یا جرسی آجاتی ہے تو صرف کالر یا سامنے کا حصہ استری کر لیا کریں۔ اگر مہنگے ڈرائی فروٹ افورڈ نہیں ہوتے تو کینو، مالٹا، گاجر، امرود وغیرہ سُکھا کر استعمال کریں کہ بندہ قسم کھانے جوگا ہو جاتا ہے کہ میں تو روزانہ ڈرائی فروٹ کھاتا ہوں۔ شہد خریدنے کی سکت نہیں تو کسی اچھی سی کمپنی کا ’شربت توت سیاہ‘ ڈبل روٹی پر لگا کر انجوائے کریں، بہت میٹھا ہوتا ہے اور مارکیٹ میں ملنے والے نقلی شہد کی طرح نہیں ہوتا نیز کھانسی کے سیرپ کا خرچہ بھی بچے گا۔ چکن کھانے کا دل کرے تو آدھ پاؤ چکن میں ڈیڑھ پتیلا پانی ڈال لیں، یاد رکھیں چکن بے شک ململ کی طرح پتلے شوربے والا ہو چکن شوربا ہی کہلاتا ہے، اگر گاڑھا شوربا چاہیے تو مکئی کادو کلو آلو بھی ڈال لیں، ایک ہفتے کی ہانڈی تیار ہے۔

گھر میں گاڑی ہے اور پٹرول کی بچت کرنا چاہتے ہیں تو صبح دفتر جانے کیلئے محلے والوں کے سامنے اہتمام سے تیار ہو کر گاڑی میں نکلیں، راستے میں گاڑی کسی پارکنگ میں کھڑی کریں اور ویگن پر بیٹھ کر دفتر چلے جائیں۔ نئی جوتی خریدنے کی استطاعت نہیں تو جمعہ کی نماز باقاعدگی سے مسجد میں ادا کریں۔ دعاؤں میں بڑی طاقت ہوتی ہے۔ گھر میں گیزر نہیں اور ٹھنڈے پانی سے ہاتھ دھونے سے سردی لگتی ہے تو ہاتھ دھونے سے پہلے ہاتھوں پر ایک دفعہ زور سے ہتھوڑا مار لیا کریں انشاء اللہ ٹھنڈا پانی بہت سکون دے گا۔ گھر میں مہمان آجائیں تو اُنہیں بتائیں کہ ہم سب سخت ڈائٹنگ کر رہے ہیں لہٰذا ہمارے گھر میں تینوں ٹائم صرف سلاد ہی کھایا جاتا ہے

تاہم اگر آپ خود کسی کی طرف مہمان جائیں تو خوشی خوشی بتائیں کہ ہم اتوار کو ڈائٹنگ کی چھٹی کرتے ہیں۔ گھر میں کسی کا مٹن، سری پائے، نہاری، مچھلی یا بروسٹ کھانے کا دل کرے تو اُسے یوٹیوب سے کوئی ایسی وڈیو نکال کر دکھائیں جس میں اِن چیزوں کا کھانا زہر کھانے کے برابر قرار دیا گیا ہو۔ اگر بچے بار بار آپ کے پاس آکر ضد کرکے پیسے مانگتے ہیں تو لسی سے سر دھو کر بیٹھ جائیں بچے پونے چھ فٹ دور رہیں گے۔ چائے کا خرچہ زیادہ ہو رہا ہے تو مگ الماری میں رکھ دیں اور اُن کی جگہ ڈیڑھ انچ والے کپ استعمال کریں۔ ہو سکے تو صبح سویرے اٹھنے کی بجائے دوپہر ایک دو بجے اُٹھیں تاکہ ناشتہ اور لنچ ایک ساتھ نمٹ جائے۔ نئی شرٹیں خریدنے کیلئے پیسے نہیں تو ساری ہلکے رنگ کی شرٹوں کو پسند کا رنگ کروا لیں۔ شیونگ فوم کی قیمت زیادہ لگتی ہے تو کنڈیشنر لگا لیا کریں یہ بھی وہی کام کرتا ہے۔ پانی کے استعمال سے بل زیادہ آتاہے تو سارے تولیے رات کو باہر اوس میں ڈال دیا کریں اور صبح اِن سے منہ صاف کر لیا کریں۔ رضائی کا سائز چھوٹا ہے اور نئی رضائی لینے کی حیثیت نہیں تو تین فٹ لمبی جرابیں استعمال کریں آسانی سے مل جاتی ہیں۔ اگر غلطی سے سردرد کی گولی کھالیں تو پیسے ضائع نہ جانے دیں بلکہ بیگم سے تھوڑی سی لڑائی کر لیں۔ مائیکرو ویو اوون میں کھانا گرم کرنے سے بجلی کا بل بہت زیادہ آتاہے لہٰذا اوون کی بجائے کھانے کی پلیٹ پر ہیر ڈرائیر سے ہوا دیں اور گرم کھانے کا لطف اٹھائیں۔

واشنگ مشین بھی بہت بجلی کھاتی ہے لہٰذا دھونے والے کپڑے اکٹھے کرتے جائیں اور جس دن بارش ہو سارے کپڑے تار پر ڈال دیں۔ خود ہی دُھل بھی جائیں گے اور خشک بھی ہو جائیں گے۔ دو کمروں کے درمیان بلب کے قریب والی ایک اینٹ نکال دیں تاکہ ایک کمرے کی لائٹ دوسرے کمرے میں بھی کام دے سکے۔ ماچس بھی مہنگی ہو گئی ہے اور کئی دفعہ تیلی لگانے کے باوجود آگ نہیں جلتی لہٰذا اس کام کیلئے ممکن ہو تو کسی چاچی، مامی یا پھوپھی وغیرہ کو بلا لیا کریں وہ تیلی بہت اچھی لگا لیتی ہیں۔ جس دن ساگ بنانا ہو کم ازکم بیس کلو ضرور بنائیں تاکہ سارا سیزن بچے سرسبز و شاداب رہیں۔ گھر میں بینگن کا بھرتہ یا ٹینڈے بھی ضرور بنا کر رکھیں یہ سامنے آتے ہی کئی لوگوں کی بھوک خود بخود ختم ہو جاتی ہے اور بچت ہوتی ہے۔

آٹے میں نمک کی بجائے مرچوں کا استعمال بھی روٹی کی طلب کو کم کرتا ہے۔ اگر آپ پرفیوم لگانے کے شوقین ہیں لیکن مہنگائی کی وجہ سے خریدنا افورڈ نہیں کر سکتے تو جو لوگ پرفیوم لگاتے ہیں اُنہیں دو تین منٹ کیلئے جپھی ڈال کر گرم جوشی سے ملیں۔ روزانہ گھر بیٹھے دو تین سو روپے کمانا چاہتے ہیں تو سوشل میڈیا پر پوسٹ لگا دیں کہ کتابوں پر انعامی سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے اپنی دو کتابیں اِس ایڈریس پر بھیج دیں۔ اُس کے بعد انشاء اللہ روزانہ پندرہ بیس کتابیں موصول ہونا شروع ہو جائیں گی اِنہیں روزانہ ردی والے کو دیتے جائیں اور مجھے دُعائیں دیں۔ ویسے تو ابھی میں نے یہ بھی بتانا تھا کہ بالوں کی کٹنگ کا خرچہ بچانے کیلئے ٹنڈ کروا لیں لیکن جگہ کم ہے، پھر کبھی سہی۔
بشکریہ جنگ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے