نئے فریلانسر کا سب سے بڑا چیلنج

جب ایک فریلانسر فریلانسنگ کا آغاز کرتا ہے تو سب سے بڑی مشکل جو اکثر اسے پیش آتی ہے وہ ہے "کام کا نہ ملنا” یا یوں کہیں کہ "پہلا کلائنٹ نہ ملنا”۔ یہ مسئلہ اتنا عام ہے کہ تقریباً ہر نیا فریلانسر اس مرحلے سے گزرتا ہے، اور بعض اوقات یہ اتنا مایوس کن بن جاتا ہے کہ لوگ فریلانسنگ کو چھوڑنے تک کا سوچ لیتے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف اس وجہ سے نہیں ہوتا کہ نیا فریلانسر اچھا کام نہیں کر سکتا، بلکہ اس کی کئی وجوہات ہوتی ہیں جنہیں سمجھنا اور ان کا حل تلاش کرنا بہت ضروری ہے۔

جب ایک نیا فریلانسر کسی فری لانس پلیٹ فارم پر آتا ہے جیسے فائیور، اپ ورک یا فری لانس ڈاٹ کام، تو وہاں پہلے سے موجود سینکڑوں تجربہ کار فریلانسرز ہوتے ہیں جن کے پاس ریویوز، ریٹنگز اور مکمل پروفائل ہوتا ہے۔ نیا فریلانسر ان کے مقابلے میں خالی ہاتھ ہوتا ہے۔ اس کے پاس نہ ریویو ہوتا ہے، نہ کوئی ماضی کا تجربہ دکھانے کے لیے پروجیکٹس، اور نہ ہی کلائنٹس کی تعریفیں۔ ایسے میں جب کوئی کلائنٹ کسی کام کے لیے فریلانسر تلاش کرتا ہے، تو وہ ظاہر ہے انہی کو ترجیح دیتا ہے جن کے پاس اچھے ریویوز اور تجربہ ہو۔ اس وجہ سے نئے فریلانسرز کی پروفائلز نظر انداز کر دی جاتی ہیں، اور وہ مہینوں تک صرف انتظار کرتے رہتے ہیں کہ کوئی ان سے کام کرے، لیکن کام نہیں ملتا۔

اس مسئلے کا حل سب سے پہلے صبر اور حوصلہ ہے۔ کوئی بھی کامیابی راتوں رات نہیں ملتی۔ جو آج کامیاب فریلانسرز ہیں وہ بھی ایک دن نئے تھے، انہوں نے بھی انتظار کیا، سیکھا اور آگے بڑھے۔ دوسرا اہم حل یہ ہے کہ نیا فریلانسر اپنے پروفائل پر خاص توجہ دے۔ پروفائل تصویر پروفیشنل ہو، تعارف کی تفصیل صاف اور سادہ ہو، اور اپنی مہارتوں کو واضح انداز میں لکھا گیا ہو۔ اگر کوئی نمونہ کام ہے تو اسے ضرور شامل کریں تاکہ کلائنٹ کو یہ اندازہ ہو کہ آپ کیا کر سکتے ہیں۔

ایک اور اہم بات یہ ہے کہ فری لانسر اپنی مہارتوں پر پوری گرفت رکھتا ہو۔ اگر آپ گرافک ڈیزائنر ہیں تو صرف فائیور پر گیگ بنا کر انتظار کرنے کے بجائے، روزانہ کچھ نیا سیکھیں، یوٹیوب سے یا کورسز کے ذریعے اپنی مہارت کو بہتر بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، فری پروجیکٹس کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، خاص طور پر شروع میں۔ مثلاً آپ سوشل میڈیا پر یا کسی گروپ میں رضاکارانہ طور پر کسی کے لیے لوگو ڈیزائن کر سکتے ہیں، اور اس سے آپ کو ایک ریفرنس، ایک ریویو، اور ایک نمونہ مل جائے گا جو آپ اپنی پروفائل میں شامل کر سکتے ہیں۔

اسی طرح، پروپوزل لکھنے کی صلاحیت بھی بہت اہم ہے۔ صرف "I can do your work” لکھ کر کلائنٹ متاثر نہیں ہوگا۔ پروپوزل میں کلائنٹ کی ضرورت کو سمجھ کر، اُس کی زبان میں بات کرنا، اور حل تجویز کرنا ضروری ہے۔ اس سے آپ کی سنجیدگی اور پروفیشنل انداز نظر آتا ہے، اور کلائنٹ کو لگتا ہے کہ آپ واقعی اُس کے مسئلے کو سمجھتے ہیں۔

آخر میں، مستقل مزاجی اور خود اعتمادی ضروری ہے۔ جب ایک فری لانسر دن میں ایک یا دو بار پلیٹ فارم چیک کرتا ہے، روزانہ نئے پروجیکٹس کو دیکھتا ہے، اچھی آفرز دیتا ہے، اپنی پروفائل بہتر کرتا ہے اور سیکھنے کے عمل کو جاری رکھتا ہے، تو ایک نہ ایک دن پہلا کلائنٹ ضرور ملتا ہے۔ اور وہی پہلا کلائنٹ اکثر فری لانسر کا دروازہ کھولتا ہے کامیابی کی طرف۔

لہٰذا، اگر آپ فریلانسر ہیں اور آغاز میں پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں، تو یہ جان لیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ یہ مرحلہ وقتی ہے، اور اگر آپ نے ثابت قدمی، محنت، اور مسلسل سیکھنے کا راستہ اپنایا، تو کامیابی ضرور آپ کے قدم چومے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے