ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کردی۔

امریکی صدر نے دونوں فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے، برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔

واضح رہے کہ اب سے چند گھنٹوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کردیا ہے اور اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔

اسرائیل کی فضائی حدود کھول دی گئی

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فضائی حدود کھول دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی فضائی حدود بھی مکمل بحال ہے تاہم مختلف ائیرپورٹس پر فلائٹس شیڈول متاثرہوا ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق علاقائی صورتحال کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثرہو رہاہے، فضائی حدود میں پروازوں کے رش کی وجہ سےفلائٹس شیڈول میں ردوبدل کرنا پڑا تاہم اماراتی ایوی ایشن ٹیمیں شیڈول برقرار رکھنےکیلئے کوشاں ہیں۔

اماراتی ائیر لائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ منسوخ پروازوں سے متاثرہ مسافردوبارہ بکنگ کراسکتے ہیں۔

ٹرمپ نے ایران کیخلاف دوبارہ جارحیت کی تومنہ توڑ جواب ملےگا، کمانڈر انچیف پاسداران انقلاب

ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد اپنے پہلے بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل پاکپور نے کہا ہے کہ کامیابی اور فتح پر ملت ایران اور شہداء کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

میجر جنرل پاکپور نے امریکی صدر کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ایران کےخلاف دوبارہ جارحیت کی تومنہ توڑ جواب ملےگا۔

ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کردیا

ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنگ بندی سے قبل اسرائیلی مقبوضہ علاقوں پر میزائل حملے کیے گئے جس سے 3 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

واضح رہے اب سے چند گھنٹوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اور پاکستانی وقت کے مطابق ایران کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز صبح 9 بجے ہونا تھا جس کا باقائدہ اعلان اب کردیا گیا۔

عالمی منڈی میں خام تیل برینٹ کی قیمت تقریبا 9 فیصد گر گئی

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل برینٹ کی قیمت تقریباً 9 فیصد گرگئی اور خام تیل برینٹ کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل پر آگئ۔

اس کے علاوہ عالمی منڈی میں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 7.22 فیصد کم ہو کر 68.51 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔

جنگ بندی وقت شروع ہونے سے قبل ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملے

امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کا وقت شروع ہونے سے پہلے اسرائیل نے تہران پر شدید حملے کیے جبکہ کرج اور راجائی شہر میں بھی کئی زوردار دھماکے سنے گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے بھی اسرائیل پر اب تک چھ مرحلوں میں ڈرون اور میزائل داغے گئے جن میں سے آخری میزائل حملہ جنگ بندی کا وقت شروع ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔

ایران کی جانب سے کیے گئے تازہ میزائل حملوں میں اب تک 4 اسرائیلیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید جنگ نہیں ہوگی، ایرانی کمزور پڑ چکے ہیں: صدرٹرمپ

ایران اور اسرائیل جنگ بندی سے متعلق امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو فون کرکے جنگ بندی کا کہا اور بتایا کہ اب مزید جنگ نہیں ہوگی، ایرانی کمزور پڑ چکے ہیں۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قطری رہنماؤں کی جانب سے ایران کوجنگ بندی تجاویز دی گئیں جبکہ نائب صدرجے ڈی وینس نےصدرٹرمپ اور قطری رہنماوں کے ساتھ جنگ بندی کرائی۔

جنگ بندی اعلان کے بعد اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران دونوں میرےپاس آئےتھے اور امن کی بات کی تھیں، دنیا اور مشرق وسطی جنگ کے اصل فاتح ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ دونوں اقوام کو بہت محبت، امن اور خوشحالی ملےگی، اگر یہ درست راستے سےہٹ گئےتوبہت کچھ کھوئیں گے، اسرائیل اور ایران کا مستقبل لامحدود ہے جس میں بہت امکانات ہیں، خدا اسرائیل اور ایران پر رحمت نازل کرے۔

ایران نے صدر ٹرمپ کیجانب سے اسرائیل حملوں کیلئے 12 گھنٹے دینے کی اجازت مسترد کردی

امریکی صدر نے کچھ گھنٹوں قبل اعلان کیا کہ جنگ بندی ایران شروع کرے گا اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی شروع کی جائے گی اور پھر 24 گھنٹے بعد’12 روزہ جنگ‘ کا باضابطہ خاتمہ ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدرکے جنگ بندی دعویٰ کے بعداسرائیل نے بھی تہران پرحملے کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران نے بھی میزائل حملے کرکے اسرائیل کو مزید 12 گھنٹے حملوں کی اجازت مسترد کردی۔

واضح رہے صدر ٹرمپ کے اعلان کے تحت پاکستانی وقت کے مطابق ایران کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز صبح 9 بجے ہونا ہے تاہم ایران نے کچھ دیر قبل تک اسرائیل پر میزائل حملے جاری رکھے ہوئے تھے۔

ابھی تک ایران اسرائیل جنگ بندی یا فوجی کارروائیوں کے خاتمے پر کوئی ‘معاہدہ’ نہیں ہوا: ایرانی وزیر خا رجہ

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے دعوے کو مسترد کر دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایران اسرائیل جنگ بندی یا فوجی کارروائیوں کے خاتمے پر کوئی ‘معاہدہ’ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہماری افواج کی کارروائیاں صبح 4 بجے تک جاری رہی اور صبح 4 بجے تک آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے، فوجی آپریشنز روکنے کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری افواج ہر حملے کا جواب دینے کے لیے خون کے آخری قطرے تک تیار ہیں، دشمن کے حملوں کا جواب دینے کے لیے افواج آخری لمحے تک سرگرم رہیں۔

خیال رہے کچھ دیر قبل اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیل نے صبح 4 بجے تک جارحیت روک دی تو اس کے بعد ہمارا جوابی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے