اسرائیل ایران جنگ کی تازہ ترین صورتحال جانیے

اسرائیل اور ایران دونوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، ایران اسرائیل دونوں سے خوش نہیں ہوں۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم ہو چکی ہیں، ایران کبھی بھی اپنا جوہری پروگرام دوبارہ نہیں بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ پسندنہیں آیاکہ اسرائیل نے جنگ بندی پر رضامندی کے فوراً بعد حملے کیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل، ابھی اپنے پائلٹس واپس بلاؤ، بم نہ گرانا، اگر ایسا کیا تو یہ جنگ بندی کی بڑی خلاف ورزی ہوگی۔

قطر نے ایرانی سفیر کو طلب کرلیا، حملہ اپنے دفاع کے حق کے تحت کیا: ایران کا مؤقف

عرب میڈیا کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے گزشتہ روز ایران کی جانب سے قطر میں موجود امریکی اڈے العدید کو میزائلوں سے نشانہ بنانے پر قطر میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرلیا۔

دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ قطر میں امریکا کی العدید بیس پرحملہ اپنے دفاع کےحق کے تحت کیا، یہ دفاعی اقدام ہمارے برادر اور دوست ہمسایہ قطر سے ہرگز متعلق نہیں تھا۔

علاوہ ازیں ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے قطری حکام کو اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اچھے ہمسائے کے طور پر پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو جاری رکھنے اور مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے امریکا کی جانب سے اپنی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر قطر میں موجود امریکی اڈے (بیس) کو میزائلوں نے نشانہ بنایا تھا تاہم اس میں امریکی اڈے کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیل نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ایران پرحملہ کیا: ترجمان ایرانی ملٹری کمانڈ

ترجمان ایرانی ملٹری کمانڈ کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ایران پرحملہ کیا ہے۔

ایران کی اعلیٰ سکیورٹی باڈی نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزام پر کہا ہےکہ ایرانی فوج کو دشمن کےالفاظ پریقین نہیں، فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ٹریگر پر انگلی رکھے رہے گی۔

اسرائیل کا ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام، جوابی کارروائی کا حکم دیدیا، اسرائیلی وزیردفاع

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا ہے تاہم میزائل کو اسرائیلی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد عوام کو اگلے نوٹس تک محفوظ مقام پرجانےکی ہدایات کردی گئی ہیں جب کہ دفاعی نظام خطرےسے نمٹنےکےلیئےفعال ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتےہوئے کہا کہ فوج کو ایران پر حملے کا حکم دے دیا گیا ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی پرتہران کےمرکز میں اہداف پرحملوں سے جواب دیں گے۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنس کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ بندی خلاف ورزی کے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اسرائیل پر میزائل حملےکی خبر جھوٹی ہے۔

ایران اسرائیل جنگ بندی کے مقاصد جلد حاصل ہونےکی امید ہے، چین

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے، جنگ بندی کے مقاصد جلد حاصل ہونےکی امید ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کےلئے عالمی برادری کےساتھ کام کرنےکےخواہاں ہیں۔

جنگ بندی آج صبح سے شروع ہو چکی تاہم خطرہ برقرار ہے، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی آج صبح سے شروع ہو چکی تاہم اسرائیلی فوج اب بھی الرٹ ہے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ عوامی حفاظتی پابندیوں میں ابھی تبدیلی نہیں کی گئی، خطرہ بدستور موجود ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ خطرات کو ختم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

صدر ٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کو قبول کرتے ہیں، اسرائیل کا اعلان

ایران کے بعد اسرائیل نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے جنگ بندی اعلان کو قبل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ ٹرمپ کی جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کر لیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم آفس کے مطابق جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی پر اسرائیل طاقتور جواب دے گا۔

اس کے علاوہ اسرائیلی حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کےساتھ جنگ کےتمام اہداف حاصل کرلئےہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے